[pullquote]کورونا وائرس سے ہلاکتيں ڈیڑھ لاکھ کے قریب[/pullquote]
امریکا کی جان ہوپکنز یونیورسٹی کے مطابق کووِڈ انیس کی وجہ سے دنیا بھر میں ہونے والی ہلاکتیں ایک لاکھ پینتالیس ہزار سے تجاوز کر چکی ہیں جب کہ اس مرض سے متاثرہ افراد کی تعداد بھی اکيس لاکھ اٹھاون ہزار پانچ سو چورانوے ہو چکی ہے۔ اس متعدی وبا کے نتیجے میں سب سے زیادہ ہلاکتیں امریکا میں ہوئی ہیں، جہاں مجموعی طور پر تینتيس ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہيں۔ گزشتہ برس دسمبر میں چینی شہر ووہان میں سامنے آنے والا نيا کورونا وائرس اب دنیا کے 185 ممالک میں پھیل چکا ہے۔ پاکستان میں اب تک قریب سات ہزار افراد میں اس وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے، جب کہ ہلاکتوں کی تعداد ایک سو اٹھائیس ہے۔
[pullquote]دو خلانورد بین الاقوامی خلائی اسٹیشن سے زمین پر لوٹ آئے[/pullquote]
تین خلا نورد بین الاقوامی خلائی اسٹیشن میں دو سو سے زیادہ دن گزارنے کے بعد آج جمعے کو زمین پر لوٹ آئے۔ زمین پر لوٹنے والے خلانوردوں میں اینڈریو مورگن اور جیسیکا مائر شامل ہيں جن کا تعلق امریکی خلائی تحقیقی ادارے ناسا سے ہے۔ جب کہ اولیگ سکریپوچکا روسی خلائی ایجنسی روس کوسموس سے وابستہ ہیں۔ مورگن نے 272 دن جب کہ مائر اور سکریپوچکا نے دو سو پانچ دن خلا میں گزارے۔ یہ خلانورد گیارہ بج کر سولہ منٹ پر قازقستان میں اترے۔ یہ ٹھیک وہی وقت ہے جب پچاس برس قبل اپالو تیرہ مشن آکسیجن کا ایک ٹینک پھٹنے کے باعث بحرالکاہل میں گرایا گیا تھا۔
[pullquote]کورونا وائرس کے خلاف عرب ممالک موقع کا فائدہ اٹھا لیں، عالمی ادارہ صحت[/pullquote]
عالمی ادارہ صحت نے مشرقِ وسطیٰ اور شمالی افریقی ممالک سے کہا ہے کہ ابھی اس خطے میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد کم ہے اور اس موقع کا فائدہ اٹھا کر مضبوط اقدامات کیے جا سکتے ہیں۔ عالمی ادارے صحت کے مطابق دنیا کے دیگر خطوں کے مقابلے میں مشرقِ وسطیٰ اور شمالی افریقہ میں اس وائرس کے مریضوں کی تعداد قدرے کم ہے۔ عالمی ادارہ صحت کے مشرقی میڈیٹیرینینن خطے کے متعدی بیماریوں کے انسداد کے شعبے کے ڈائریکٹر یوان ہُوتِن نے کہا کہ مشرقی وسطیٰ اور شمالی افریقہ کے خطے میں اس وائرس سے متاثرہ افراد کی کل تعداد ایک لاکھ گیارہ ہزار ہے، جب کہ اب تک اس پورے خطے میں ساڑھے پانچ ہزار ہلاکتیں ہوئی ہیں۔
[pullquote]غیر ملکی ہیکروں نے کووِڈ انیس تحقیق کو ہدف بنایا، امریکی عہدیدار[/pullquote]
ایک سینیئر امریکی سائبر سکیورٹی عہدیدار نے کہا ہے کہ غیر ملکی حکومتوں سے وابستہ ہیکروں نے امریکا میں کووِڈ انیس سے متعلق جاری تحقیق کو ہدف بنایا۔ ایف بی آئی کی ڈپٹی اسسٹنٹ ڈائریکٹر ٹونیا اگوریٹس نے واشنگٹن میں ایسپین انسٹیٹیوٹ میں محققین سے خطاب میں بتایا کہ غیرملکی ہیکروں کی جانب سے امریکا میں صحت کے نظام اور تحقیقی اداروں کو نشانہ بنانے کی کوشش دیکھی گئی۔ انہوں نے کہا کہ زیادہ تر ان اداروں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، جو عوامی سطح پر کورونا وائرس پر تحقیق کی شناخت رکھتے ہیں۔
[pullquote]نائجیریا میں لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر 18 افراد ہلاک[/pullquote]
نائجیریا میں سکیورٹی فورسز نے کورونا وائرس کے خلاف جاری لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر 18 افراد کو گولی مار کر ہلاک کر دیا ہے۔ نائجیریا میں انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والے ایک ادارے کے مطابق یہ سکیورٹی اہلکار لاک ڈاؤن کی ہدایات پر عمل درآمد کرا رہے تھے۔ نائجریا میں لاگوس اور ابوجا میں لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ہے۔ اب تک نائیجریا میں 407 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہو چکی ہے، جب کہ یہاں ہونے والی مجموعی ہلاکتیں 12 ہیں۔
[pullquote]ترک فضائی کارروائی میں دو خواتین ہلاک، عراق[/pullquote]
عراقی حکام نے کہا ہے کہ عراقی کرد علاقے میں ترک فضائی حملوں میں دو خواتین ہلاک ہو گئی ہیں۔ یہ فضائی حملے بدھ کو شمالی عراق میں ایک مہاجر بستی پر کیے گئے۔ عراقی وزارت خارجہ نے ان حملوں کو ملکی خودمختاری کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ بغداد حکومت نے ان حملوں کی مذمت کرتے ہوئے انہیں بین الاقوامی ہیومینیٹیرین قوانین کی خلاف ورزی بھی قرار دیا۔ ترک حکومت کا دعویٰ ہے کہ یہ مہاجر بستی کرد علیحدگی پسند تنظیم کردستان ورکرز پارٹی کے ارکان کا محفوظ ٹھکانہ ہے۔
[pullquote]جعلی دستاويزات والوں کے ليے جرمنی کی شہريت کا حصول مشکل[/pullquote]
جرمن وزارت خارجہ آج کل ايک مسودہ قانون پر کام کر رہی ہے، جس کے تحت ملکی شہريت کے حصول ميں جعلی دستاويزات جمع کرانے والوں اور دھوکے سے کام لينے والوں کے ليے مشکلات بڑھ جائيں گی۔ جعلی دستاويزات جمع کرانے والوں کے ليے جرمن شہريت کا حصول مشکل يا نا ممکن ہو جائے گا۔ جرمن اخبار ڈی ڈیلٹ میں جرمن وزارت داخلہ کے ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ان دنوں ايک نئے قانون کے مسودے پر کام کر رہی ہے، جس کے مطابق شہریت کے حصول کے لیے جعلی دستاویزات جمع کرانے کی حوصلہ شکنی کے لیے سخت اقدامات تجویز کیے گئے ہیں۔
[pullquote]کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال پر سلامتی کونسل میں شام کی مذمت[/pullquote]
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں برطانیہ، ایسٹونیا اور جرمنی نے شامی حکومت کی جانب سے کیمیائی ہتھیاروں کے مبينہ استعمال کی مذمت کی ہے اور احتساب کا مطالبہ کیا ہے۔ حال ہی میں کیمیائی ہتھیاروں کی تخفیف کے عالمی ادارے نے اپنی ایک رپورٹ میں بتایا تھا کہ سن 2017 میں شمالی شام میں دمشق حکومت نے اپنے حملوں میں کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال کیا۔ آٹھ اپریل کو جاری ہونے والی اس رپورٹ میں شامی فوج پر براہ راست الزام عائد کیا گیا تھا کہ اس نے سارین اور کلورین گیسوں کے ذریعے اہداف کو نشانہ بنایا۔ اس معاملے پر سلامتی کونسل کا اجلاس ویڈیو لنک کے ذریعے ہوا، جب کہ رکن ممالک میں سے برطانیہ، ایسٹونیا اور جرمنی نے اپنی تقاریر پبلک کرنے کا اعلان کیا۔
[pullquote]بچے کورونا وائرس سے بالواسطہ متاثر ہو رہے ہیں، اقوام متحدہ[/pullquote]
اقوام متحدہ کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اب تک بچے عالمی وبا کووڈ انیس کی سنجیدہ علامات سے تو کم متاثرہ ہوئے ہیں، مگر اس وبا کے سماجی اور اقتصادی اثرات نے لاکھوں بچوں کو متاثرہ کیا ہے۔ جمعرات کو شائع ہونے والی ايک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا بچوں کے حقوق کے حوالے سے ایک بحران کا سبب بنتی جا رہی ہے۔ عالمی رپورٹ کے مطابق دنیا کے تمام ممالک میں تمام عمروں کے بچے اس وبا کے سماجی اور اقتصادی اثرات کا شکار ہیں۔
[pullquote]کورونا وائرس کے پھیلاؤ کا خطرہ، میانمار میں ایک چوتھائی قیدیوں کی رہائی[/pullquote]
میانمار کے صدارتی دفتر نے ملک بھر کی جیلوں میں قید 25 ہزار قیدیوں کو رہا کرنے کا اعلان کیا ہے۔ میانمار میں گنجائش سے زیادہ قیدیوں کی حامل جیلوں کی بابت خدشات ظاہر کیے جا رہے ہیں کہ یہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کا باعث بن سکتی ہیں۔ جنوب مشرقی ایشیائی ملک میانمار میں ہر سال ہزاروں قیدیوں کو معافی دی جاتی ہے۔ اپریل میں میانمار میں نیے سال کے آغاز کا دن منایا جاتا ہے، جس موقع پر قیدی رہا کیے جاتے ہیں، تاہم اس بار رہائی پانے والے قیدیوں کی تعداد ماضی کے مقابلے میں ریکارڈ حد تک زیادہ ہے۔ میانمار میں اب تک 85 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے، جب کی یہاں اس وبا کی وجہ سے چار افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
[pullquote]امریکا سے تارکین وطن کی گوئٹے مالا ملک بدری پھر معطل[/pullquote]
امریکا سے غیرقانونی تارکین وطن کو ملک بدر کر کے گوئٹے مالا واپس بھیجنے کے لیے جاری پروازیں پھر معطل کر دی گئی ہیں۔ پروازوں کی معطلی کا یہ فیصلہ ايک حالیہ پرواز میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی بڑی تعداد کے پیش نظر کیا گیا۔ ایسوسی ایٹڈ پریس نے بتایا تھا کہ پیر کے روز 76 تارکین وطن کو امریکا سے گوئٹے مالا بھیجا گیا، جب کہ ان میں سے 44 میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی، تاہم ان خبروں پر گوئٹے مالا کی حکومت نے کوئی تبصرہ نہیں کیا۔