جمعرات : یکم اکتوبر 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]مجھے زہر پوٹن کے حکم پر دیا گیا، ناوالنی کا الزام[/pullquote]

روسی اپوزیشن لیڈر الیکسی ناوالنی نے کہا ہے کہ انہیں زہر سے مارنے کی کوشش صدر ولادیمیر پوٹن کے کہنے پر کی گئی۔ انہوں نے یہ الزام جرمن میگزین ڈئیر اشپیگل کے ساتھ ایک تازہ انٹرویو میں لگایا۔ اس مبینہ حملے کے بعد ناوالنی کو علاج کے لیے برلن کے ایک ہسپتال لایا گیا تھا اور اب ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ دوسری جانب روسی حکام نے الزام عائد کیا ہے کہ ناوالنی مغربی انٹیلیجنس ایجنسیوں کے لیے کام کرتے ہیں۔

[pullquote]بین الاقوامی اپیلوں کے باوجود آرمینیا اور آذربائیجان میں جھڑپیں جاری[/pullquote]

آرمینیا اور آذربائیجان نے سیزفائر سے متعلق بین الاقوامی اپیلیں نظرانداز کرتے ہوئے دو طرفہ گولہ باری کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔ نگوروکاراباخ کے پہاڑوں پر گزشتہ اتوار سے جاری اس لڑائی میں اب تک سو سے زائد افراد مارے چکے ہیں۔ آذربائیجان کے صدر کے مطابق جب تک آرمینیائی فوجی کاراباخ سے نکل نہیں جاتے، لڑائی جاری رہے گی۔ اس خطے میں آذربائیجان کو ترکی کی حمایت حاصل ہے۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے فریقین سے مکمل فائربندی کی اپیل کی ہے۔

[pullquote]کورونا کی وجہ سے بچیوں کی جبری شادیوں میں اضافہ[/pullquote]

بچوں کے حقوق کے لیے کام کرنے والی عالمی تنظیم ’سیو دا چلڈرن‘ کا کہنا ہے کہ کورونا نے دنیا کے لاکھوں خاندانوں کو غربت کی طرف دھکیل دیا ہے، جس کے باعث بہت سے لوگ اپنی بچیوں کی کم عمری میں شادیاں کرا رہے ہیں۔ تنظیم کی ایک رپورٹ کے مطابق اس سال تقریبا پانچ لاکھ بچیوں کی کم عمری میں شادیاں ہو چکی ہیں۔ یہ رجحان سب سے زیادہ جنگ زدہ ممالک میں دیکھا گیا ہے، جن میں افغانستان، شام اور یمن شامل ہیں۔

[pullquote]افغانستان، فوجی چوکی پر خودکش حملہ میں نو ہلاک[/pullquote]

افغانستان کے جنوبی صوبے ہلمند میں ایک فوجی چوکی پر خودکش حملے میں کم از کم نو افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ صوبے کے گورنر کے ترجمان عمر سواک کے مطابق اس حملے میں چار شہری بھی مارے گئے۔ ہلمند کے زیادہ تر علاقے طالبان کے کنٹرول میں ہیں تاہم ابھی کسی گروہ نے اس حملے کی ذمہ داری نہیں لی۔ کابل حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکرات کے آغاز کے باوجود افغانستان میں حملوں میں بظاہر اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔

[pullquote]عراق، اربیل میں امریکی اڈے پر راکٹ حملہ[/pullquote]

عراق کے خودمختار شمالی کرد علاقے میں ایک امریکی فوجی اڈے پر متعدد راکٹ داغے گئے ہیں۔ ان حملوں میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں۔ اربیل میں اس نوعیت کے راکٹ حملے بہت کم ہوتے ہیں۔ تاہم حالیہ کچھ عرصے کے دوران بغداد میں ایسے حملوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس کی وجہ سے امریکا نے بغداد میں اپنا سفارت خانہ بند کرنے کی دھمکی دے رکھی ہے۔

[pullquote]کورونا کیسز، جرمن چانسلر کی عوام سے احساس ذمہ داری کی اپیل[/pullquote]

جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے اپنے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ کورونا کے باعث وہ اس مشکل وقت میں ایک دوسرے کا احساس کریں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کیسز میں حالیہ اضافہ باعث تشویش ہے۔ میرکل کا کہنا ہے کہ ایک شہری ہونے کے ناتے ، سب کو مل کر ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔ ان کے مطابق اگر اب احتیاطی تدابیر کا خیال نہ رکھا گیا تو کورونا وائرس کے خلاف اب تک کی تمام کوششیں ضائع ہو جائیں گی۔ حالیہ چند ہفتوں سے جرمنی میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں دوبارہ اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔

[pullquote]جرمنی کی بیلجیم اور آئس لینڈ کے لیے بھی سفری وارننگ[/pullquote]

کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باعث جرمنی نے بیلجیم اور آئس لینڈ کے لیے سفری وارننگ جاری کر دی ہے۔ اسی طرح نو دیگر یورپی علاقوں کو بھی خطرہ قرار دیا گیا ہے۔ پہلی مرتبہ برطانوی خطے ویلز اور شمالی آئیرلینڈ کو بھی اس فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔ جرمنی کے رابرٹ کوخ انسٹی ٹیوٹ نے پہلی بار بالٹک ریاستوں لتھوانیا اور ایسٹونیا کے لیے بھی سفری وارننگ جاری کی ہے۔ اس کے علاوہ آئرلینڈ، کروشیا، سلووینیا، ہنگری اور رومانیہ کو بھی اس فہرست میں شامل کر لیا گیا ہے۔

[pullquote]بیلجیم میں نئی حکومت کا قیام[/pullquote]

بیلجیم میں پارلیمانی انتخابات کے ڈیڑھ سال بعد سات جماعتوں نے حکومتی اتحاد پر اتفاق کر لیا ہے۔ شراکت اقتدار کے فارمولے کے تحت فلیمش لبرل اور سابق نائب وزیراعظم الیگزینڈر ڈی کرو وزارت عظمی کا عہدہ سنبھالیں گے۔ سیاسی مبصرین کے مطابق ووٹوں کی تقسیم کی وجہ سے اس اتحاد کو چلانے اور حکومتی فیصلہ سازی میں مشکلات پیش آسکتی ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے