وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ لادی گینگ کے سرغنہ کو جہنم واصل کرنے والے پولیس اہلکار قوم کے ہیرو ہیں۔
اپنے ایک بیان میں عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ لادی گینگ کے سرغنہ کی ہلاکت سی ٹی ڈی اور پولیس کا قابل فخر کارنامہ ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ سفاک قاتل کو مقابلے میں جہنم واصل کرنے والے افسر اور اہلکار قوم کے ہیرو ہیں، حکومت پولیس افسروں اور اہلکاروں کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کی معترف ہے۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ لاقانونیت اور دہشت پھیلانے والے ہر گینگ کا ایسا ہی عبرتناک انجام ہو گا، قانون کی عمل داری کے لیے آخری حد تک جائیں گے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز پولیس نے ڈیرہ غازی خان میں کارروائی کرتے ہوئے علاقے میں دہشت کی علامت سمجھے جانے والے لادی گینگ کے سرغنہ خدا بخش لادی کو ہلاک کر دیا تھا۔
[pullquote]دہشت کی علامت سمجھا جانے والا لادی گینگ کا سرغنہ مقابلے میں ہلاک[/pullquote]
محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے ڈیرہ غازی خان میں کارروائی کرتے ہوئے علاقے میں دہشت کی علامت سمجھے جانے والے لادی گینگ کے سرغنہ کو ہلاک کردیا۔
سی ٹی ڈی کے مطابق ڈیرہ غازی خان میں آپریشن کے دوران ملزم نے سی ٹی ڈی اہلکاروں پر فائرنگ کی تو اہلکاروں کی جوابی فائرنگ میں ملزم مارا گیا۔
ترجمان نے بتایا کہ مارا گیا ملزم خدا بخش لادی کئی افراد کے قتل میں ملوث تھا جبکہ ہلاک ملزم سے بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کیا گیا۔
سی ٹی ڈی کے مطابق ملزم کے دیگر ساتھیوں کی تلاش جاری ہے۔
ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) فیصل رانا کے مطابق پولیس مقابلہ تھانا کوٹ مبارک کے علاقہ میں ہوا جبکہ لادی گینگ کا سرغنہ قتل، ڈکیتی، اقدام قتل اوردیگروارداتوں میں مطلوب تھا۔