پنجاب: چار اضلاع میں 31 اگست تک اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ

لاہور: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی سفارشات کے مطابق پنجاب میں زیادہ کیسز والے 4 اضلاع میں 31 اگست تک اسمارٹ لاک ڈاؤن لگادیا گیا۔

محکمہ صحت پنجاب کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کا اطلاق لاہور، راولپنڈی، ملتان اور فیصل آباد میں ہوگا، ان اضلاع میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کے تحت ہفتے اور اتوار کو تمام کاروباری سرگرمیاں معطل رہیں گی جب کہ سرکاری و نجی دفاتر 50 فیصد عملے کے ساتھ کام کر سکتے ہیں۔

نوٹیفکیشن کے مطابق آوٹ ڈور ڈائننگ کی سخت ایس او پیز کے تحت رات دس بجے تک اجازت ہوگی، آؤٹ ڈور شادی کی تقریبات 400 افراد کی گنجائش کے ساتھ رات دس بجے تک کی جاسکیں گی جب کہ جمز میں صرف ویکسینیٹڈ لوگ ورزش کے لیے آسکیں گے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہےکہ صوبے بھرکے سیاحتی مقامات کو ایس او پیز کے مطابق کام کی اجازت ہے، تمام انٹرٹینمنٹ مراکز، تفریحی پارکس اورسوئمنگ پول مکمل طورپربند رہیں گے، ثقافتی تہوار اور اجتماعات پر مکمل پابندی عائد ہوگی، پبلک ٹرانسپورٹ 50 فیصد گنجائش کے ساتھ چلانے کی اجازت ہوگی، ٹرین سروس کُل گنجائش کے 70 فیصدمسافروں کےساتھ جاری رہےگی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق صعنت اور زراعت کے شعبے کو استثنا حاصل ہوگا، میڈیکل سروسز، فارمیسیز، طبی مراکز صحت پورا ہفتہ 24 گھنٹےکام کرسکتے ہیں، پھل، سبزی کی دکانیں، چکن اور میٹ شاپس فوڈ ڈلیوری اینڈ ای کامرس سروسز پورا ہفتہ 24 گھنٹےکھلی رہیں گی جب کہ کورئیرسروسز، بجلی، گیس، انٹرنیٹ، سیلولر اینڈ ٹیلی کام کمپنیز، کال سینٹرز، میڈیا ہاؤسز، آٹو ورکشاپس، آئل ڈپو اور منڈیاں پورا ہفتہ 24 گھنٹے کھلی رہیں گی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے