تحریک لبیک یارسولﷲﷺپاکستان نے معاہدہ پورا کروانے کی خاطر اسلام آباد کیطرف پرامن لانگ مارچ کا اعلان کر دیا ۔
ناموسِ رسالتﷺ پرامن مارچ 22 اکتوبر بروز جمعہ 3 بجے مسجد رحمتہ اللعالمین چوک یتیم خانہ سے روانہ ہو گا۔
مرکزی شوریٰ تحریک لبیک نے کہا ہے کہ حکومت کے لئے بہتر ہے معاہدے پر من و عن عمل کرے ۔
[pullquote]تحریک لبیک کے خلاف ملک گیر کریک ڈاؤن [/pullquote]
تحریک لبیک پاکستان کے ترجمان کے مطابق ملک بھر سے تحریک لبیک پاکستان کے کارکنان کی بھاری تعداد میں گرفتاریاں کی گئی ہیں ۔
ترجمان کے مطابق لاہور میں جاری تحریک لبیک کے دھرنے کا بھی گھیراؤ کیا گیا ہے . مرکزی شوریٰ تحریک لبیک نے واضح کیا ہے کہ ان کی جماعت کے 26 افراد اپنی جانیں دے چکے ہیں ، حکومت کیلئے بہتر ہے مزید خون بہانے کیطرف نہ جائے اور جمعرات کی شام 5 بجے تک حکومت پاکستان اپنے معاہدے پر من و عن عملدرآمد کرے ۔
ترجمان نے بتایا کہ اگر حکومت نے معاہدہ پورا نہ کیا تو کل شام 5 بجے اگلے لائحہ عمل کا اعلان ہر صورت کیا جائے گا اور اگر کل سے قبل حالات خراب کئے گئے تو ہم لائحہ عمل کا اعلان 5 بجے سے پہلے کر دیں گے ۔
مرکزی شوریٰ تحریک لبیک نے اپنے بیان میں کہا کہ ” ہم 15 دن فٹ پاتھ پر بیٹھے رہے کسی کے کان پر جوں تک نہ رینگی، اب بھی ہم چاہتے ہیں کہ اگلے لائحہ عمل سے قبل تحریک لبیک سے پرامن انداز میں مذاکرات ہوں ۔
تحریک لبیک نے بارہ ربیع الاول کے جلوس کو دھرنے میں تبدیل کر دیا تھا ۔ تحریک لبیک سپریم کورٹ کی جانب سے اپنے قائد حافظ سعد رضوی کی رہائی کے فیصلے کے بعد حکومت کی جانب سے رہا نہ کرنے اور حکومت کی ساتھ معاہدے کو عملی جامہ نہ پہنانے کے خلاف احتجاج کر رہی ہے ۔