اگر مگرمچھ کے جبڑے میں آپ کا سر پھنس جائے تو بچنے کا امکان نہ ہونے کے برابر رہ جاتا ہے۔
مگر ایک شخص نے اپنے ہاتھوں سے مگرمچھ کے جبڑوں کو کھول کر زندگی بچالی۔
یہ واقعہ آسٹریلیا میں پیش آیا جہاں چارلس ہارڈی آئی لینڈز کے قریب snorkelling کرنے والے 51 سالہ مارکوس میکگرون نامی شخص پر مگرمچھ نے حملہ کیا۔
مارکوس میکگرون اپنے دوستوں اور اہلیہ کے ساتھ وہاں تفریح کے لیے آئے تھے اور کھارے پانی کے مگرمچھ نے پیچھے سے ان پر حملہ کیا۔
پہلے تو مارکوس میکگرون کو لگا کہ شارک مچھلی نے حملہ کیا ہے مگر ہاتھوں سے حملہ آور کو چھونے پر انہیں معلوم ہوا کہ یہ مگرمچھ ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ‘مجھے احساس ہوا کہ یہ ایک مگرمچھ ہے، خوش قسمتی سے میں اس کے جبڑے کو اتنا کھولنے میں کامیاب رہا جس سے سر نکالنا ممکن ہوگیا’۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ‘مگرمچھ نے دوسری بار حملہ کرنے کی کوشش کی مگر میں نے اسے اپنے دائیں ہاتھ سے پیچھے دھکیل دیا جس پر اس نے کاٹ بھی لیا۔ میں ایک بار پھر مگرمچھ کی گرفت سے نکل گیا اور پھر کشتی تک پہنچنے میں کامیاب رہا’۔
ان کے اندازے کے مطابق مگرمچھ 2 سے 3 میٹر لمبا تھا اور واقعے کے بعد انہیں قریبی جزیرے میں لے جایا گیا، جہاں سے ہیلی کاپٹر کے ذریعے اسپتال پہنچایا گیا۔
اسپتال میں ان کے سر اور ہاتھ کے زخموں کا علاج کیا گیا۔
مارکوس میکگرون کا کہنا تھا کہ ‘جب آپ پانی میں داخل ہوتے ہیں تو آپ ممکنہ خطرناک جانداروں جیسے مگرمچھ یا شارک کے علاقے میں بھی داخل ہو رہے ہوتے ہیں، میں غلط وقت پر غلط جگہ پر موجود تھا’۔