لاہور کی فضا کچھ گھنٹے بہتر رہنے کے بعد اسموگ سے شدید متاثر ہوگئی۔
صبح سویرے لاہور کی فضا کا معیار انتہائی مضر صحت رہا، جس کے سبب دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں لاہور کا آج پھر پہلا نمبر ہے۔
اس حوالے سے حکومت پنجاب نےالرٹ جاری کیا تھاکہ بھارت میں کثرت سے فصلوں کی باقیات جلانےسے لاہورکے ائیر کوالٹی انڈیکس میں غیرمعمولی اضا فہ ہو سکتا ہے۔
حکومت کی جانب سے خراب فضائی معیار کے باعث لاہور کے شہریوں کو گھروں میں رہنے اور کھڑکی دروازے بند رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اس کے علاوہ اسلام آباد میں بھی اسموگ کے خدشے کے باعث گاڑیوں، فیکٹریوں، بھٹوں سے زہریلی گیسوں کے اخراج اور کوڑا اور فصلیں جلانے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے کسی حصے میں بارش کا کوئِی امکان نہیں اور پنجاب کے بیشتر علاقوں کا اسموگ سے متاثر رہنے کا خدشہ ہے۔