آج کی دس اہم ترین خبروں پر مشتمل آئی بی سی اردو کا خصوصی نیوز بلیٹین

آج کی دس اہم ترین خبروں پر مشتمل آئی بی سی اردو کا خصوصی نیوز بلیٹین ، آج بدھ کا روز ہے اور تاریخ ہے 5 فروری 2025 جبکہ شعبان المعظم کی آج چھ تاریخ ہے
……………………………………………………………
سب سے پہلے اہم خبروں کا خلاصہ

کراچی ایئرپورٹ سے گداگری کےلیے سعودی عرب جانے والا مسافر گرفتار
خیبرپختونخوا میں میٹرک کے امتحانات ملتوی
مفتی عبدالقوی کی بھارتی اداکارہ راکھی سانت کو شادی کی پیشکش کا جواب
موبائل نہ دلانے پر 13 سالہ لڑکے نے خودکشی کر لی
کرم میں فریقین نے اسلحہ جمع کرانے کا طریقہ کار جمع کرا دیا
8 فروری کا الیکشن دھاندلی زدہ تھا، حکومت از سرنو انتخابات کا اعلان کرے: فضل الرحمان
ٹرمپ کا دباؤ قبول نہیں کریں گے، غزہ پہلے سے زیادہ مضبوط بن کر اٹھے گا: حماس ترجمان
کشمیر کی خاطر 3 جنگیں لڑچکے، 10 اور لڑنا پڑیں تو لڑیں گے: آرمی چیف
پاکستان کا چین سے پولیس کیلئے جدید ٹیکنالوجی اور آلات لینے کا فیصلہ
مقبولیت میں چیٹ جی پی ٹی کو پیچھے چھوڑ دینے والی نئی انٹرنیٹ ایپ
لاہور میں پولیس اہلکار کا ساتھیوں کے ہمراہ دو خواتین کے ساتھ مبینہ اجتماعی زیادتی
پارٹی کے بانی عمران خان نے بھی بات نہ مانی توصدارت چھوڑ دوں گا؛جنید اکبر
اسماعیلی کمیونٹی کے پچاسویں امام کون ہوں گے ؟
………………………………….

وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے کراچی ایئرپورٹ سے گداگری کےلیے سعودی عرب جانے والے مسافر کو گرفتار کرلیا۔ایف آئی اے حکام کے مطابق کارروائی میں گرفتار کیے گئے ملزم کا نام اسٹاپ لسٹ میں شامل تھا۔حکام کے مطابق ملزم پہلے بھی گداگری میں ملوث ہونے پر سعودی عرب سے ڈی پورٹ ہوا تھا۔ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملک کے تمام ایئرپورٹس پر مسافروں کی سخت اسکریننگ جاری ہے، اس دوران گداگری کی غرض سے مسافر کی سعودی عرب جانے کی کوشش ناکام بنادی گئی۔

………………………………….

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی ہدایت پر ثانوی تعلیمی بورڈ نےپورے صوبے میں رمضان المبارک میں ہونے والے امتحانات ملتوی کر دیئے تمام امتحانات پر اب رمضان کے بعد ہوں گے۔

………………………………….

چند روز قبل مفتی قوی نے ایک پوڈ کاسٹ میں گفتگو کے دوران بھارت کی معروف رقاصہ و اداکارہ راکھی ساونت کے اسلام قبول کرنے کی تعریف کی اور انہیں شادی کی پیشکش کی جس پر اب راکھی نے جواب دیا ہے۔راکھی ساونت نے مفتی قوی کی شادی کی پیشکش پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’میں تو کسی مولانا سے شادی کے لیے مر رہی ہوں، قوی صاحب آپ کے نام میں ہی قوی آتا ہے، میرے لیے ’کویتا‘ (شاعری) لکھیے‘۔
………………………………….

سجاول کے گاؤں میں لڑکے نے موبائل فون نہ دلانے پر خودکشی کر لی۔ والد علی حسن کا کہنا ہے کہ 13 سال کے بیٹے نے موبائل فون نہ دلانے پر خود کوگولی مار کرخودکشی کی۔
………………………………….

ضلع کرم میں جرگے کے فیصلے کے مطابق فریقین نے اسلحہ سرکاری حکام کو جمع کروانے کا طریقہ کار کمشنر کوہاٹ کو جمع کروادیا ہے۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ ضلعی انتظامیہ، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اسلحہ حوالگی میں معاونت کریں گے، فریقین حکومت کے پاس جمع کرایا گیا اسلحہ اپنی مرضی سے کسی بھی وقت دیکھ سکیں گے، فریقین کو قانونی اسلحہ رکھنے کی اجازت ہوگی جس کے لیے حکومت لائسنس جاری کرے گی۔
………………………………….

جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے ایک بار پھر 8 فروری کے الیکشن کو دھاندلی زدہ قرار دیتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ مستعفی ہو کر از سرنو انتخابات کا اعلان کیا جائے۔مولانا فضل الرحمان نے پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر کی رہائش گاہ پر عشائیے میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کی آئینی مدت بھی پوری ہوئی، اس پر مشاورت ہونی چاہیے۔
………………………………….

پاکستان میں حماس کے ترجمان ڈاکٹر خالد قدومی نے کہا ہے کہ ٹرمپ کی مداخلت اور دباؤ قبول نہیں کریں گے۔خالد قدومی نے کہا کہ امریکی صدرکی جانب سے اسرائیل کو قبول کرنے کے لیے دباؤ ڈالا جائے گا، ہم یہ نہیں ہونے دیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم جنگ نہیں صلح کرنا چاہتے ہیں لیکن ہم اپنے حقوق کا سودا نہیں کریں گے، اسرائیلی فوج کو غزہ کی سرزمین سے واپس جانا پڑے گا۔
………………………………….

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نےکہا ہےکہ کشمیر کی خاطر 3 جنگیں لڑچکے، 10 اور لڑنا پڑیں تو لڑیں گے،کشمیر پاکستان کا حصہ رہےگا۔مظفر آباد میں کشمیری عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف کا کہنا تھا کہ کشمیر کا فیصلہ کسی غاصب فوج کو نہیں کشمیر کے عوام کو کرنا ہے،کشمیر اور پاکستان کا رشتہ لازم و ملزوم ہے۔
………………………………….
https://www.facebook.com/share/v/14ujAUpySy6/

محسن نقوی نے دورہ چین کے موقع پر چینی ہم منصب سے ملاقات کے بعد کہا کہ چین سے پولیس کے لیے جدید ٹیکنالوجی و آلات لیں گے، بیجنگ پولیس اور اسلام آباد پولیس میں تعاون بڑھانےکا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔
………………………………….

انٹرنیٹ کی دنیا میں ایک نئی سروس نے چیٹ جی پی ٹی، ٹک ٹاک اور انسٹا گرام جیسی مقبول ایپس کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔چینی کمپنی ڈیپ سیک کے نئے آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) چیٹ بوٹ آر 1 نے مقبولیت میں چیٹ جی پی ٹی کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔28 جنوری کو جب آر 1 کو متعارف ہوئے محض 8 دن ہوئے تھے تو اس کا نام گوگل ٹرینڈز پر 24 گھنٹوں کے لیے سب سے مقبول اے آئی ٹرم کی حیثیت سے موجو رہا تھا۔اس نے چیٹ جی پی ٹی، لاما، جیمنائی اور کو پائلٹ جیسی اے آئی ٹرمز کو پیچھے چھوڑا اور دنیا بھر کی توجہ حاصل کرلی۔
………………………………….

لاہور کے علاقے رائیونڈ میں پولیس اہلکار نے ساتھیوں کے ہمراہ دو خواتین کو مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنایا ہے، جس کا مقدمہ بھی درج کر لیا گیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ خواتین سے زیادتی کے واقعے کا مقدمہ تھانا رائیونڈ سٹی میں درج کرلیا گیا، پولیس اہلکار ارسلان اینٹی رائٹ فورس میں تعینات ہے، جسے اب تک گرفتار نہیں کیا جا سکا۔ملزمان نے دو خواتین کے ساتھ مبینہ اجتماعی زیادتی کی اور ان کی برہنہ ویڈیو بھی بنائی۔ پولیس اہلکار کی جانب سے خاتون پر جسم فروشی کے الزامات بھی عائد کیے گئے۔خواتین کی جانب سے ملزمان پر 37 ہزار روپے لوٹ کر لے جانے کا بھی الزام عائد کیا گیا ہے۔پولیس اہلکار سادہ لباس میں ایک گھر میں داخل ہوا، اس کے ساتھ 5 دیگر ساتھی بھی موجود تھے۔
………………………………….

پاکستان تحریک انصاف خیبرپختونخوا کے صدر جنید اکبر نے کہا ہے کہ پارٹی کے بانی عمران خان نے بھی بات نہ مانی توصدارت چھوڑ دوں گا۔مردان میں ورکرز کنونشن سے خطاب میں جنید اکبر کا کہنا تھاکہ سیاسی کارکن ہوں، سیاسی نوکر نہیں، غلط کو غلط اور ٹھیک کو ٹھیک کہہ سکتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے بھی بات نہ مانی توصدارت چھوڑ دوں گا، چوروں کو پارٹی میں برداشت نہیں کریں گے، سیاست کوکاروبار نہیں بنائیں گے، ہر کارکن کی رپورٹ بانی پی ٹی آئی تک پہنچاؤں گا۔
………………………………….

اسماعیلی کمیونٹی کے روحانی پیشوا پرنس کریم آغا خان انتقال کر گئے۔اعلامیے کے مطابق پرنس کریم آغا خان کا انتقال 4 فروری کو پرتگال کے دارالحکومت لزبن میں ہوا۔ ان کی عمر 88 برس تھی۔ انتقال کے وقت شاہ کریم کے اہل خانہ ان کے پاس موجود تھے۔مولانا شاہ کریم الحسینی اسماعیلی کمیونٹی کے 49 ویں امام تھے۔پرنس کریم آغا خان کے تین بیٹے رحیم آغاخان، علی محمد آغاخان اور حسین آغا خان ہیں جبکہ ایک بیٹی زہرا آغا خان ہیں۔مولانا شاہ کریم کی نمازجنازہ لزبن ہی میں ادا کیے جانے کا اعلان کیا گیا ہے تاہم تدفین کے مقام کا اعلان فی الحال نہیں کیاگیا۔ تاریخ اور وقت کا اعلان انتظامات کو حتمی شکل دیے جانے پر کیا جائے گا۔ نماز جنازہ میں شاہ کریم کے اہل خانہ اور جماعت کے سینیئر لیڈر اور امامت انسٹی ٹیوشنز کے اداروں سے منسلک افراد شرکت کریں گے۔جماعت کے اراکین سے درخواست کی گئی ہے کہ جب تک انہیں مدعو نہ کیا جائے وہ نماز جنازہ میں ذاتی حیثیت میں شرکت کی کوشش نہ کریں۔ نمازجنازہ کوبراہ راست دکھائے جانے کا اہتمام کیا جائے گا۔ جس کے بارے میں آگاہی دی جائےگی۔پرنس کریم آغا خان کے انتقال پردنیا بھر میں جماعت خانوں میں خصوصی دعائیں شروع کردی گئی ہیں۔ نئے پیشوا کے اعلان تک اسماعیلی کمیونٹی کی آفیشل ویب سائٹ پر درود کی تسبیح جاری رہے گی۔پرنس کریم آغا خان کے چالیس ویں کے موقع پر بھی مسلم روایات کے تحت خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی۔ دوسری جانب روایات کے تحت ان کے جانشین یعنی اسماعیلی کمیونٹی کے50 ویں حاضر امام کو نامزد کردیا گیا ہے۔ اعلامیے کے مطابق جانشین کی نامزدگی پرنس کریم آغا خان نے اپنی وصیت میں کی تھی، پرنس کریم آغا خان کے اہل خانہ اور جماعت کے سینیئر ارکان کی موجودگی میں یہ وصیت پڑھ کر سنائی جائےگی۔اسماعیلی عقیدے کے مطابق کبھی ایسا نہیں ہوا کہ جماعت امام کے بغیر ہوئی ہو۔ جیسے ہی امام اس جسمانی دنیا سے رخصت اختیار کرتے ہیں، ان کی روحانی روشنی ان کے نامزد جانشین کو منتقل ہوجاتی ہے اور یہ سلسلہ 1400 برس سے قائم ہے۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہےکہ ایک ایسے موقع پر کہ جب اسماعیلی کمیونٹی مولانا شاہ کریم کی زندگی اور ان کے ورثہ کی تکریم کرتی ہے اور شکرگزار ہے۔ ساتھ ہی وہ حاضر امام کے نور اور محبت سے تحفظ کا احساس کرتی ہے۔پرنس کریم آغا خان اسماعیلی مسلم کمیونٹی کے 49 ویں امام یعنی روحانی لیڈر تھے۔ وہ پیغمبر اسلام حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی نسل سے تھے۔ پرنس کریم آغا خان کو 11 جولائی1957 میں امام بنایا گیا تھا ۔ اس وقت ان کی عمر 20 برس تھی۔ پرنس کریم کے دادا سر سلطان محمد شاہ آغا خان اسماعیلی تھے۔ پرنس کریم آغا خان نے اپنی زندگی پسماندہ طبقات کی زندگیوں میں بہتری لانے میں صرف کی۔ وہ اس بات پر زور دیتے رہے تھے کہ اسلام ایک دوسرے سے ہمدردی، برداشت اور انسانی عظمت کا مذہب ہے۔پرنس کریم نے پاکستان کی ترقی کےلیے مثالی خدمات انجام دیں۔ مثالی خدمات پر پرنس کریم آغا خان کو نشان پاکستان اور نشان امتیاز سے نوازا گیا تھا۔
………………………………….

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے