آج کی دس اہم ترین خبروں پر مشتمل آئی بی سی اردو کاخصوصی نیوز بلیٹین‌ ، آج اتوار کا روز ہے اور تاریخ ہے 9 فروری 2025 جبکہ شعبان المعظم کی آج دس تاریخ ہے.

آج کی دس اہم ترین خبروں پر مشتمل آئی بی سی اردو کاخصوصی نیوز بلیٹین‌ ، آج اتوار کا روز ہے اور تاریخ ہے 9 فروری 2025 جبکہ شعبان المعظم کی آج دس تاریخ ہے. ……………………………………………………………

سب سے پہلے اہم خبروں کا خلاصہ

26 ویں ترمیم کو سپریم کورٹ کا فیصلہ ہی ختم کر سکتا ہے،جسٹس مظہر
بپھرے عوام سڑکوں پر آئے تو جعلی ایوانوں میں زلزلہ برپا ہوگا، مولانا
ملک کے 21 اضلاع میں پولیو وائرس کی تصدیق
لاہور: خاتون کی نازیبا ویڈیو بنانے والا کانسٹیبل گرفتار
پولیس کانسٹیبل کی 13 سالہ لڑکے سے تلاشی کے بہانے بدفعلی
شرارتی طلبا سے تنگ استاد پولیس اسٹیشن پہنچ گیا، تبادلے کا مطالبہ
فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت جاری رکھیں گے، اسحاق ڈار
لیہ میں پر اسرار موذی مرض پھیلنے سے 3 بچے انتقال کر گئے، 6 متاثر
امریکا میں آزادی صحافت خطرے میں پڑگئی
برطانیہ؛ ضعیف خاتون پر نامناسب تبصرہ ، وزیر صحت عہدے سے فارغ

یوٹیوب لنک

فیس بک لنک

https://www.facebook.com/share/v/18Zw7PFjff/

ٹک ٹاک لنک

https://www.tiktok.com/@ibcurdu/video/7469469753711545608

اب خبریں تفصیل کے ساتھ
،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،

سپریم کورٹ کے جسٹس محمد علی مظہر نے 20 صفحات پر مشتمل نوٹ میں لکھا کہ قوانین کے آئینی ہونے یا نہ ہونےکا جائزہ صرف آئینی بینچ لے سکتا ہے، کسی ریگولر بینچ کے پاس آئینی تشریح کا اختیار نہیں۔اپنے نوٹ میں جسٹس محمد علی مظہر نے لکھا کہ آئینی بینچ نے درست طور پر دو رکنی بینچ کے حکم نامے واپس لیے، 26ویں ترمیم اس وقت آئین کا حصہ ہے، ترمیم میں سب کچھ کھلی کتاب کی طرح واضح ہے، ہم اس ترمیم پر آنکھیں اور کان بند نہیں کرسکتے۔جسٹس محمد علی مظہر نے یہ بھی لکھا کہ یہ درست ہے کہ ترمیم چیلنج ہو چکی اور فریقین کو نوٹس بھی جاری ہو چکے، تاہم کیس فل کورٹ میں بھیجنے کی درخواست کا میرٹ پر فیصلہ ہو گا، 26 ویں ترمیم کو پارلیمنٹ یا سپریم کورٹ کا فیصلہ ہی ختم کر سکتا ہے، جب تک ایسا ہو نہیں جاتا، معاملات اس ترمیم کے تحت ہی چلیں گے۔
……………….
جمعیت علمائے اسلام ( ف ) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ جعلی پارلیمنٹ دھاندلی کے ذریعے وجود میں آئی، بپھرے عوام سڑکوں پر آئیں گے تو جعلی ایوانوں میں زلزلہ برپا ہوگا۔مردان اور تخت بھائی میں خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ موجودہ پارلیمنٹ کی کوئی حیثیت نہیں ہے، پچھلے سال آٹھ فروری 2024 کو بدترین دھاندلی کی گئی،جعلی پارلیمنٹ دھاندلی کے ذریعے وجود میں آئی.
………………..
وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ فلسطینی سرزمین فلسطینی عوام کی ہے، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق دو ریاستی حل ہی واحد قابل عمل اور منصفانہ آپشن ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور ایرانی وزیر خارجہ کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔ دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے غزہ میں فلسطینیوں کی حالت زار پر تبادلہ خیال کیا، اس موقع پر نائب وزیراعظم نے غزہ کے لوگوں کو بےگھر کرنےکی امریکی و اسرائیلی تجویز کو انتہائی پریشان کن اور غیر منصفانہ قرار دیا۔
……………………
ملک کے 21 اضلاع کے ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔انسداد پولیو پروگرام کے مطابق بلوچستان کے8 اضلاع کے ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ ان اضلاع سے ماحولیاتی نمونے 8 سے 23 جنوری کے دوران حاصل کیے گئے تھے۔بلوچستان کے علاوہ ملک کے 13اضلاع کے ماحولیاتی نمونوں میں بھی پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔اسلام آباد،چارسدہ، پشاور، صوابی، ٹانک، بہاولپور، ڈی جی خان، جھنگ،لاہور، ملتان، رحیم یار خان،کراچی ایسٹ اور مظفرآبادکے ماحولیاتی نمونوں میں بھی پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

………………
پشاور: طلبا کی شرارتوں سے تنگ استاد نے پولیس میں شکایت درج کرا دی۔پولیس نے بتایا کہ استاد کی جانب سے تھانا یکہ توت میں طلبا کے خلاف درخواست جمع کروائی گئی ہے۔استاد کا مؤقف ہے کہ طلباء کی شرارتوں کی وجہ سے میں ڈیوٹی نہیں کرپاتا، محکمہ تعلیم میرا تبادلہ کسی اور اسکول میں کر دے۔درخواست پر پولیس کا کہنا تھا کہ طلباء کو سمجھا سکتے ہیں، ان پر سخت کارروائی نہیں کر سکتے۔پولیس نے طلباءکے والدین کوبلا کر معاملہ حل کرنے کی کوشش کی۔
…………………
لاہورکے علاقے رائیونڈ میں خاتون کی نازیبا ویڈیو بنانے والے کانسٹیبل کو گرفتار کر لیا گیا۔پولیس کے مطابق کانسٹیبل ارسلان نے چند روز قبل ساتھیوں کے ساتھ مل کر 2 خواتین پر تشدد کرکے ایک کی برہنہ ویڈیو بنائی تھی۔پولیس نے بتایا کہ اینٹی رائٹ فورس میں تعینات کانسٹیبل ارسلان ویڈیو کیس کا مرکزی ملزم ہے جسے گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ واقعے میں ملوث 3 ملزمان پہلے ہی گرفتار کیے جا چکے ہیں۔پولیس کے مطابق تھانہ رائیونڈ میں ملزمان کے خلاف درج مقدمے میں گینگ ریپ کی دفعات بھی شامل ہیں۔
……….
پنجاب کے علاقے وہاڑی میں پولیس کانسٹیبل نے 13 سالہ بچے کو بدفعلی کا نشانہ بنا ڈالا۔تفصیلات کے مطابق وہاڑی کے علاقے شبیرآباد کا رہائشی 13 سالہ احسن رضا نامی لڑکا شہر میں سامان لینے دکان آیا تھا۔لڑکے کو کانسٹیبل فاروق نے تلاشی کے بہانے روکا اور پھر اُسے ایک کمرے میں لے جاکر حبس بے جا میں رکھ کر بدفعلی کی۔رپورٹ کے مطابق پولیس کانسٹبل فاروق جوڈیشل کالونی میں تعینات ہے۔ورثا کی شکایت پر پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرلیا تاہم ورثا نے الزام عائد کیا کہ پولیس نے مقدمے میں حبس بے جا کی دفعات شامل نہیں کیں اور ملزم تاحال گرفتار نہیں ہوسکا۔
………..
لیہ میں پر اسرار موذی بیماری پھیلنے سے 3 بچے انتقال کر گئے جبکہ 6 دیگر بچے متاثر ہیں۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ لیہ کے چک 156 ٹی ڈی اے میں وائرل مرض سے 3 بچے انتقال کر گئے جبکہ 6 بچے متاثر ہیں۔ڈپٹی ڈی ایچ او لیہ کا کہنا ہے کہ ممکنہ طور پر بچوں کی اموات کسی وائرل بیماری سے ہوئیں، لیبارٹری ٹیسٹ کے لیے بچوں کے نمونے لے لیے گئے ہیں، معاملے کی مزید تحقیقات بھی جاری ہیں۔ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کا بتانا ہے کہ متاثرہ بچوں کو حفاظتی انجیکشن لگا دیئےگئے ہیں۔
……….
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پے در پے میڈیا آؤٹ لیٹس پر مقدموں سے امریکا میں آزادی صحافت خطرے میں پڑ گئی۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کے میڈیا آؤٹ لیٹس پر مقدمے کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔اس حوالے سے ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر یہ مقدمات کامیاب ہو گئے تو آزادی صحافت خطرے میں پڑ سکتی ہے، یہ مقدمات میڈیا کو خاموش کرنے اور حقائق پر مبنی خبریں دینے میں رکاوٹ ڈال رہے ہیں، اس سے میڈیا کا معیار بھی بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔
…………
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانوی وزیر صحت اینڈریو گیون نے ایک ضعیف خاتون کو جو اپنے ایک مسئلے کو حل کرنے کا بار بار مطالبہ کر رہی تھیں۔جس پر برطانوی وزیرِ صحت اینڈریو گیون نے سوشل میڈیا پر کمنٹ کیا کہ امید ہے، خاتون اگلے انتخابات سے قبل دنیا میں نہیں ہوں گی۔اس نامناسب کمنٹ پر سوشل میڈیا صارفین نے شدید تنقید کی اور ان سے مستعفی ہونے کا مطالبہ بھی کیا جانے لگا تھا۔عوامی دباؤ پر برطانوی وزیر صحت نے کہا کہ میں انتہائی شرمندہ ہوں اگر میرے ریمارکس سے کسی کوتکلیف پہنچی ہو تو معافی چاہتا ہوں۔جس پر ایکشن لیتے ہوئے برطانوی حکومت نے اپنے وزیر صحت کو برطرف کردیا جب کہ ان کی پارٹی رکنیت بھی معطل کردی۔
…………….
اسی کے ساتھ ہمارا آج کا بلٹن اختتام کو پہنچا ،کل نئی خبروں کے ساتھ آپ کے ساتھ ملاقات ہو گی تب کے لئے اجازت دیجیئے اللہ آپ کا حامی و ناصر ہو.

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے