انصاف کا کوئی مردانہ یا زنانہ ورژن نہیں ہوتا۔ انصاف صرف انصاف ہوتا ہے۔
سبوخسید
پاکستان میں بعض لوگوں نے ہر واقعے کو دیکھنے اور اس پر رائے قائم کرنے کا ایک عجیب طریقہ اختیار کر لیا ہے۔ کسی واقعے کے سامنے آتے ہی وہ سچ اور جھوٹ، حق اور باطل، ظالم اور مظلوم یا جرم اور بے گناہی کی بنیاد پر معاملے کو سمجھنے کے بجائے اسے عورت اور مرد کی عینک سے دیکھنا شروع کر دیتے ہیں۔
یہ رویہ نہ صرف غیر سنجیدہ ہے بلکہ معاشرے میں انصاف، تحقیق اور اخلاقی ذمہ داری کے بنیادی تصورات کو بھی نقصان پہنچاتا ہے۔
لالچ، حسد، رقابت، خود غرضی اور انتقام عورتوں میں بھی ہو سکتے ہیں اور مردوں میں بھی۔ ظلم، دجل، فریب، دھوکا دہی اور جرائم کسی ایک جنس کی میراث نہیں ہیں۔ اچھائی اور برائی، کردار اور بدکرداری، دیانت اور بددیانتی کا تعلق انسان کے عمل اور کردار سے ہے، اس کی جنس سے نہیں۔
مذہبی تعلیمات بھی اسی اصول کی وضاحت کرتی ہیں۔ نگاہیں نیچی رکھنے کا حکم مردوں کو بھی دیا گیا ہے اور عورتوں کو بھی۔ حیا، عفت، پردے اور اخلاقی حدود کی پابندی دونوں کے لیے ہے۔ قرآن مجید میں پہلے مردوں کو اپنی نگاہیں نیچی رکھنے اور اپنی پاک دامنی کی حفاظت کرنے کا حکم دیا گیا، پھر عورتوں کو بھی یہی ہدایات دی گئیں۔ اخلاقی ذمہ داری یک طرفہ نہیں، دونوں پر یکساں عائد ہوتی ہے۔
لیکن ہمارے ہاں کسی واقعے کے سامنے آتے ہی ایک مخصوص قسم کا سوشل میڈیا بریگیڈ متحرک ہو جاتا ہے۔ تحقیق سے پہلے فیصلے صادر ہوتے ہیں، شواہد سامنے آنے سے پہلے کردار کشی شروع ہو جاتی ہے اور واقعے کی حقیقت معلوم کرنے کے بجائے اسے عورت اور مرد کی دائمی جنگ میں تبدیل کر دیا جاتا ہے۔
گزشتہ دو روز سے ہماری بہن ۹۲ نیوز کی اینکر ربیعہ احسن کے حوالے سے سوشل میڈیا پر مختلف باتیں گردش کر رہی ہیں۔ خبروں کے مطابق راولپنڈی میں 92 نیوز کی اینکر پرسن ربیعہ حسن اپنے ہی گھر میں فائرنگ کے واقعے میں جاں بحق ہو گئیں۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کرتے ہوئے مقتولہ کے شوہر کو حراست میں لے لیا ہے جبکہ جائے وقوعہ سے پستول بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ربیعہ حسن کے شوہر او پی ایف اسلام آباد میں ڈپٹی ڈائریکٹر کے عہدے پر تعینات ہیں۔ شوہر نے اپنے ابتدائی بیان میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ وہ دونوں گھر میں کپڑے درست کر رہے تھے جبکہ اس دوران گھر میں مہمان بھی موجود تھے۔ اسی دوران الماری میں رکھا ہوا پستول دیکھ کر انہوں نے اسے چیک کرنے کی غرض سے اٹھایا۔ ان کے مطابق پستول سے اچانک غیر ارادی طور پر گولی چل گئی جو ربیعہ حسن کو لگی۔ شوہر کا کہنا ہے کہ وہ اس اچانک پیش آنے والے واقعے پر ہکا بکا رہ گئے اور ربیعہ حسن موقع پر ہی دم توڑ گئیں۔
اب اس سارے معاملے میں بھی ضرورت اس بات کی تھی کہ لوگ جذباتی تبصروں اور اپنی اپنی پسند کے بیانیوں کے بجائے واقعے کے حقائق سامنے آنے کا انتظار کرتے۔
یہ معلوم کیا جاتا کہ واقعہ کیا ہے، اس کے شواہد کیا ہیں، متعلقہ افراد کے بیانات کیا ہیں اور تفتیشی ادارے کس نتیجے تک پہنچتے ہیں۔ لیکن حسب روایت کچھ لوگوں نے اسے عورت بمقابلہ مرد کی بحث میں تبدیل کر دیا۔
ایک اینکر خاتون نے یہ سوال اٹھایا کہ ’’آج کل بہنوں کے سر کی قیمت کتنی ہے؟‘‘ اس جملے میں سفاکی اور درندگی کے ساتھ ساتھ اینکر کا گھٹیا پن ملاحظہ فرمائیں ۔ ماں ، بہنوں اور بیٹیوں کا بھی یہی موقف ہے کہ گولی غلطی سے لگی ہے تو کیا سوال پلٹا نہیں جا سکتا۔
اس جملے کا واقعے کی حقیقت، انصاف یا کسی ممکنہ جرم کی تحقیق سے کیا تعلق ہے؟ اسی طرح بعض لوگ چوکوں میں کھڑے جگت بازوں کی طرح ایک آدھ فقرہ اچھال کر خود کو دانش ور اور سماجی مبصر ثابت کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
افسوس اس بات کا ہے کہ ان میں بعض ایسے لوگ بھی شامل ہیں جن کے ناموں کے ساتھ بڑے بڑے علمی، صحافتی اور سماجی القابات درج ہیں۔ بعض اینکرز بھی ایسے معاملات میں گھروں کے اندرونی معاملات کی چھان بین اور لوگوں کی نجی زندگیوں پر تبصرے شروع کر دیتے ہیں، جیسے وہ خود تفتیشی افسر ہوں۔
بھائی، یہ کام ریاستی اداروں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کا ہے۔ کسی گھر کے اندر کوئی غیر معمولی واقعہ پیش آتا ہے تو اس کی تحقیقات کا ایک باقاعدہ طریقہ کار ہوتا ہے۔
واقعے کے مقام سے شواہد اکٹھے کیے جاتے ہیں، فرانزک تجزیہ ہوتا ہے، عینی شاہدین کے بیانات لیے جاتے ہیں، متعلقہ افراد اور اہل خانہ سے پوچھ گچھ ہوتی ہے۔ جس شخص پر الزام ہو، اس کا مؤقف بھی سنا جاتا ہے۔ مقتول اپنی صفائی پیش نہیں کر سکتا، لیکن اس کے حالات زندگی، قریبی تعلقات، سابقہ تنازعات اور واقعے سے پہلے اور بعد کے حالات کو بھی تفتیش کا حصہ بنایا جاتا ہے۔
ضرورت پڑنے پر پولیس تفتیش کرتی ہے، ملزم کو عدالت میں پیش کیا جاتا ہے، قانونی تقاضوں کے مطابق ریمانڈ اور ٹرائل ہوتا ہے اور بالآخر عدالت شواہد کی بنیاد پر فیصلہ کرتی ہے۔
یہ ایک سنجیدہ قانونی اور تحقیقی عمل ہے۔ اس کے بجائے سوشل میڈیا پر بیٹھ کر چند جملوں، قیاس آرائیوں اور ذاتی تعصبات کی بنیاد پر کسی کو مجرم یا مظلوم قرار دینا نہ صحافت ہے، نہ تحقیق اور نہ ہی انصاف۔
اسی پس منظر میں ہمارے دوست محمد فیصل شہزاد صاحب نے ایک اہم جواب تحریر کیا۔ جب سوشل میڈیا پر بعض لوگوں نے ایک مخصوص زاویے سے شور مچانا شروع کیا تو انہوں نے اسی معاشرے میں پیش آنے والے ایسے واقعات کی مثالیں سامنے رکھیں جن میں خواتین پر اپنے شوہروں کے قتل میں ملوث ہونے کے الزامات عائد ہوئے اور ان کے مطابق ان مقدمات میں متعلقہ خواتین کو عدالتوں سے سزائے موت بھی ہوئی۔
ان مثالوں کا مقصد ہرگز یہ ثابت کرنا نہیں کہ خواتین مردوں سے زیادہ جرائم کرتی ہیں، بلکہ یہ دکھانا ہے کہ جرم، ظلم اور مجرمانہ ذہنیت کو کسی ایک جنس کے ساتھ مخصوص نہیں کیا جا سکتا۔
فیصل شہزاد صاحب کی تحریر میں درج واقعات یہ ہیں:
1۔ فیصل آباد کے ملت ٹاؤن کی مدیحہ ثاقب، جس کے بارے میں تحریر کیا گیا کہ اس نے اپنے آشنا احتشام شفیق کے ساتھ مل کر اپنے شوہر محمد ثاقب اور دیور محمد کاشف کو گولی مار کر قتل کیا۔
2۔ کراچی کے پیر آباد کی عاصمہ، جس پر الزام تھا کہ اس نے اپنے آشنا غلام نبی عرف دیدار کی مدد سے اپنے شوہر شاہ زمان کو قتل کیا۔
3۔ اوکاڑہ کی نسرین بی بی، جس کے بارے میں بتایا گیا کہ اس نے آشنا سلیم سرور اور اس کے دوست محسن شان کے ساتھ مل کر اپنے شوہر حاجی شوکت علی کو کلہاڑی سے ٹکڑے ٹکڑے کر دیا۔
4۔ کراچی کی فوزیہ، جس پر الزام تھا کہ اس نے آشنا طلحہ عرف عون کی مدد سے اپنے سوئے ہوئے شوہر علاء الدین کا گلا گھونٹ کر قتل کیا۔
5۔ پشاور کی نایاب، جس کے بارے میں تحریر کیا گیا کہ اس نے آشنا طاہر خان کے ساتھ مل کر سول سیکرٹریٹ کے ملازم اپنے شوہر وقار علی کو قتل کیا۔
6۔ راولپنڈی کی ثانیہ، جس پر الزام تھا کہ اس نے آشنا جنید بھٹی کے ساتھ مل کر اپنے شوہر کو قتل کیا۔
7۔ راولپنڈی ہی کی صغریٰ فیصل، جس کے بارے میں بتایا گیا کہ اس نے آشنا سعد ظفر کے ساتھ مل کر اپنے خاوند فیصل شریف کے گلے میں پھندا ڈال کر اسے قتل کیا اور واقعے کو خودکشی کا رنگ دینے کی کوشش کی۔
8۔ پنڈ دادن خان کی غزالہ، جس پر الزام تھا کہ اس نے آشنا عبدالباسط کے ساتھ مل کر اپنے شوہر نعیم اقبال کو قتل کیا۔
9۔ خیرپور کی نصرت پھلپوٹو، جس کے بارے میں تحریر کیا گیا کہ اس نے اپنے دو ساتھیوں عبدالخالق پھلپوٹو اور عبدالستار پھلپوٹو کے ساتھ مل کر اپنے شوہر اللہ بخش پھلپوٹو کو تشدد کے بعد تولیے سے گلا گھونٹ کر قتل کیا اور لاش کیلے کے باغ میں پھینک دی۔
10۔ گوجرانوالہ کی نجمہ، جس کے بارے میں بتایا گیا کہ اس نے دوسری شادی کرنے پر اپنے شوہر طارق کو قتل کر دیا۔
11۔ کراچی کے زمان ٹاؤن کی ریحانہ، جس پر الزام تھا کہ اس نے اپنے شوہر کے بھتیجے علی گل کے ساتھ مل کر اپنے شوہر کو قتل کیا۔
12۔ کلر سیداں کی ندا، جس کے بارے میں تحریر کیا گیا کہ اس نے اپنے شوہر عابد حسین کو قتل کیا۔
13۔ کراچی کے خواجہ اجمیر نگری کی صدف، جس پر الزام تھا کہ اس نے آشنا شیزان کے ساتھ مل کر اپنے شوہر ریحان کو مسجد کے دروازے پر گولی مار کر قتل کروایا۔
14۔ وزیرآباد کی لائبہ، جس کے بارے میں بتایا گیا کہ اس نے اپنے آشنا قاسم کے ساتھ مل کر اپنے شوہر علی حیدر کو قتل کیا۔
فیصل شہزاد صاحب نے ان واقعات کو سامنے رکھتے ہوئے یہ نکتہ اٹھایا کہ عدالتی ریکارڈ میں ایسے واقعات کی مزید مثالیں بھی مل سکتی ہیں۔ ان کے نزدیک مسئلہ یہ ہے کہ ہم بعض اوقات کسی ایک جنس کے ساتھ ہونے والی زیادتی کو تو نمایاں کرتے ہیں لیکن اسی جنس سے تعلق رکھنے والے بعض افراد کے جرائم اور مظالم پر بات کرنے سے گریز کرتے ہیں۔
فیصل شہزاد صاحب نے اپنی تحریر میں صرف بیویوں کے ہاتھوں شوہروں کے قتل کی مثالیں ہی نہیں دیں بلکہ ان واقعات کا بھی ذکر کیا جن میں خواتین کو ان کے سسرالی رشتے داروں، بالخصوص ساس اور نند نے قتل کیا۔
یہ واقعات بھی اسی معاشرے کا حصہ ہیں اور ان سے یہ حقیقت سامنے آتی ہے کہ ظلم اور استحصال کسی ایک رشتے یا جنس تک محدود نہیں۔
1۔ لاہور کے باغبانپورہ کی ہما، جس کے بارے میں تحریر کیا گیا کہ اسے اس کی ساس اور نند نے بیٹے کی پسند سے شادی کرنے کی وجہ سے گلے میں پھندا ڈال کر قتل کیا۔
2۔ ڈسکہ کی زارا، جسے مبینہ طور پر اس کی ساس صغراں بی بی اور نند یاسمین نے اس لیے قتل کیا کہ اس کا شوہر اس سے محبت کرتا تھا اور اسے اپنے ساتھ بیرون ملک لے جانا چاہتا تھا۔ اس واقعے کی تفصیل کے مطابق قتل کے بعد لاش کے ٹکڑے کرکے نالے میں پھینک دیے گئے۔ زارا سات ماہ کی حاملہ تھی اور اس کا دو سالہ بیٹا محمد شفیع بھی تھا۔
3۔ ٹنڈو الہ یار کی ارم خانزادہ، جسے مبینہ طور پر اس کی ساس اور نند نے آگ لگا کر قتل کر دیا۔
4۔ جڑانوالہ کی صنم ناز، جسے مبینہ طور پر اس کی ساس نجمہ اور نند تنزیلہ نے گلا گھونٹ کر قتل کیا۔
یہ واقعات انتہائی تکلیف دہ ہیں۔ ان میں مقتول خواتین کے ساتھ ہونے والی زیادتی کو کسی صورت نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ اسی طرح شوہروں کے قتل کے واقعات بھی اتنے ہی سنگین ہیں۔ کسی مرد کا قتل اس لیے کم اہم نہیں ہو جاتا کہ مقتول مرد ہے اور کسی عورت کا قتل اس لیے معمولی نہیں ہو جاتا کہ قاتل بھی عورت ہے۔
اصل سوال عورت یا مرد نہیں، جرم اور انصاف ہے
یہاں ایک بنیادی بات سمجھنے کی ضرورت ہے۔ اگر کسی عورت کے ساتھ ظلم ہوتا ہے تو اس کے حق میں آواز اٹھانا ضروری ہے۔ اگر کسی مرد کے ساتھ ظلم ہوتا ہے تو اس کے لیے بھی آواز اٹھانا اتنا ہی ضروری ہے۔ اگر کوئی عورت مجرم ہے تو اسے اس کی جنس کی بنیاد پر تحفظ نہیں ملنا چاہیے اور اگر کوئی مرد مجرم ہے تو اسے بھی کسی سماجی، مذہبی یا خاندانی شناخت کی بنیاد پر رعایت نہیں ملنی چاہیے۔
حقوق کی بات کرتے ہوئے ذمہ داریوں کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ آزادی کا مطلب قانون سے بالاتر ہونا نہیں اور مظلومیت کا دعویٰ کسی کو جرم کا لائسنس نہیں دیتا۔
اسی طرح کسی ایک عورت کے جرم کی بنیاد پر تمام عورتوں کو مجرم قرار دینا بھی اتنی ہی بڑی ناانصافی ہے جتنی کسی ایک مرد کے جرم کی بنیاد پر پوری مرد آبادی کو ظالم سمجھنا۔
معاشرے میں خواتین کی بڑی تعداد باوقار، محنتی، ذمہ دار اور اپنے خاندانوں کے لیے قربانیاں دینے والی ہے۔ اسی طرح مردوں کی بڑی تعداد اپنے خاندانوں کے لیے محنت کرتی، ذمہ داریاں اٹھاتی اور رشتوں کو نبھاتی ہے۔ لیکن اس حقیقت سے انکار بھی ممکن نہیں کہ دونوں جنسوں میں ایسے افراد موجود ہیں جو اپنے ذاتی مفادات، حسد، لالچ، انتقام اور مجرمانہ ذہنیت کی وجہ سے دوسروں کی زندگی تباہ کر دیتے ہیں۔
فیصل شہزاد صاحب کی طرف سے پیش کی گئی تمام خبروں میں نام فرضی نہیں بلکہ ان کے بقول یہ مستند عدالتی واقعات ہیں جن میں متعلقہ خواتین کو سزائے موت ہوئی۔ انہوں نے حوالہ جات فراہم کرنے کی پیشکش بھی کی۔ ساتھ ہی انہوں نے وضاحت کی کہ یہ ایک الزامی جواب تھا، جس کا مقصد خواتین، ماؤں اور بہنوں کو ناراض کرنا نہیں تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنی اس پوسٹ کو ایک عمومی مقدمے یا تمام خواتین کے خلاف مؤقف کے طور پر پیش نہیں کر رہے بلکہ ان مثالوں کے ذریعے ایک مخصوص طبقے کے یک طرفہ رویے کو آئینہ دکھانا چاہتے ہیں۔
میرے نزدیک اس پوری بحث کا حاصل یہی ہے کہ کسی واقعے کو اس کے حقائق سے الگ کرکے نہیں دیکھا جا سکتا۔ ہمیں یہ طے کرنے کا حق نہیں کہ محض جنس کی بنیاد پر کون سچا ہے اور کون جھوٹا۔ یہ فیصلہ شواہد، تحقیق، قانون اور عدالت نے کرنا ہے۔
میرا ایک سوال ان تمام دانش وروں، اینکروں، تجزیہ کاروں اور سوشل میڈیا کے خود ساختہ منصفوں سے ہے:
کیا ہم کسی واقعے پر بات کرتے ہوئے چند لمحوں کے لیے اپنے تعصبات ایک طرف رکھ کر یہ سوال نہیں کر سکتے کہ حقیقت کیا ہے؟ کس کے ساتھ ظلم ہوا؟ کس نے جرم کیا؟ شواہد کیا کہتے ہیں؟ قانون کیا کہتا ہے؟
ہمیں عورتوں کے حقوق کا بھی دفاع کرنا ہے اور مردوں کے حقوق کا بھی۔ ہمیں عورتوں پر ہونے والے تشدد کے خلاف بھی کھڑا ہونا ہے اور مردوں کے خلاف ہونے والے ظلم پر بھی آواز اٹھانی ہے۔
کیونکہ انصاف کا کوئی مردانہ یا زنانہ ورژن نہیں ہوتا۔ انصاف صرف انصاف ہوتا ہے۔
اور جو لوگ انصاف کے بجائے جنس کی بنیاد پر اپنے اپنے گروہ کی وکالت کرتے ہیں، انہیں یاد رکھنا چاہیے کہ تعصب کبھی مظلوم کا محافظ نہیں بن سکتا۔ وہ صرف سچ تک پہنچنے کا راستہ روکتا ہے۔