بھارت میں سپرہٹ فلموں کے خالق کرن جوہر کے ساتھ پاکستانی سپر سٹار ایک فواد خان کی پہلی فلم ’کپور اینڈ‘ سنز ریلیز کردی گئی ہے۔
اس فلم کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں میں نہ تو کوئی ہیرو ہے اور نہ ہیروئن بلکہ یہ ایک فیملی ڈارمہ ہے جس کا ہر کردار اپنی جگہ اہم ہے۔ فلم کی کہانی امرجیت کپور ( رشی کپور ) کے خاندان گرد گھومتی ہے۔
ان کے بیٹے ہرش کپور (رجت کپور) اور بہو سنیتا کپور (رتنا پتھاک) کے درمیان مالی اور دیگر مسائل کی وجہ سے ہر وقت کسی نہ کسی بات اختلاف رہتاہے جو اکثر لڑائی کی شکل اختیار کرلیتاہے۔
ان کے دو بیٹے راہول کپور (فواد خان) اور ارجن کپور (سدھارتھ ملہوترہ) ہیں اور دونوں رائٹر ہیں۔ راہول ایک کامیاب مصنف ہے جس کی کئی کتابیں بلاک بسٹر رہ چکی ہں جبکہ ارجن تمام تر محنت اور بہترین آئیڈیاز کے باوجود ہمیشہ ناکام ہوجاتا ہے۔ ارجن ایک یتیم اور متمول حیثیت کی لڑکی تیا (عالیہ بھٹ) سے پیار کرتاہے جو اس کی بہترین دوست بھی ہے اور ہرمعاملے میں کی اس کی دلجوئی کرتی ہے۔
ایک ناکام رائٹر ہونےکی وجہ سے کرن کو اس بات کا شدت سے احساس رہتا ہے کہ وہ ایک نالائق بیٹا ہے اور اس کے والدین راہول کو ہمیشہ اس پر ترجیح دیتے اور ہر معاملے میں اس ہی کی طرفداری کرتے ہیں۔ یہی احساس دونوں میں اکثر جھگڑے کا باعث بنتا ہے۔ اور تو اور ارجن کو اپنی گرل فرینڈ تیا (عالیہ بھٹ ) پر بھی شک ہوجاتا ہے کہ وہ اس سے زیادہ راہول کو پسند کرتی ہے، جس کی وجہ سے دونوں بھائیوں میں اختلاف شدت اختیارکرجاتا ہے۔
حالانکہ گھر میں سب لوگوں کے درمیان محبت کا جذبہ موجود ہے اور سب ایک دوسرے کو خوش بھی رکھنا چاہتے ہیں لیکن غلط فہمیاں، خوف اور شک ان کے تعلقات کو مستقل خراب کررہے ہیں۔
گھر کے سربراہ امرجیت کپور ہی وہ واحد شخص ہیں جو ہر ایک سے یکساں پیار کرتے ہیں اور خاندان کے تمام افراد کو ملا کر رکھنا چاہتے ہیں۔ پھر حالات بھی کچھ اس طرح کروٹ لیتے ہیں کہ تمام راز خود بہ خود کھلنے لگتے ہیں اور غلط فہمیاں دور ہونے لگتی ہیں۔
فواد خان کا کرادر اس فلم میں گو کہ رومانوی نہیں ہے لیکن اس رول میں بھی بہترین تاثرات دے کر انھوں نے ثابت کردیا ہے کہ وہ ایک ورسٹائل اداکار ہیں اور جلد ہی پاک بھارت فلم انڈسٹری میں ایک مضبوط مقام بنانے میں کامیاب ہوجائیں گے۔سدھارتھ ملہوترہ نے بھی ایک لا ابالی لڑکے کا کردار بہ خوبی نبھایا ہے جبکہ عالیہ بھٹ کی اداکاری میں وقت کے ساتھ مزید نکھار پیداہوتا جارہا ہے۔ رشی کپور نے ایک ۹۰ سالہ بوڑھے کے خصوصی میک اپ اور گیٹ اپ میں اپنے کیرئر کا ایک مشکل کردار ادا کردیا ہے۔
فلم کی کہانی مضبوط، سکرپٹ جاندار اور ڈائیلاگ با معنی ہیں۔ کہانی کی بنت ایسی ہے کہ ہر سین کے بعد دوسرے سین کا انتطاررہتا ہے اور تقریبا سوا دو گھنٹے کی اس فلم میں کہیں بھی وقت گزرنےکا احساس نہیں ہوتا۔
کہانی کا وہ موڑ قابل زکر ہے جس میں تمام لوگ ایک دوسرے سے خفاہیں لیکن سب کی ناراضگی کی وجہ نہ صرف مختلف ہے بلکہ ایک دوسرے کےلیے معمہ بنی ہوئی ہے۔
فلم میں کوئی آئٹم نمبر نہیں ہے لیکن کہانی اتنی پر اثر ہے کہ گانوں کی ضرورت محسوس نہیں ہوتی۔
فاکس سٹار سٹوڈیو کے بینر تلے کرن جوہر کی دھرما پروڈکشن میں بنائی گئی اس فلم کے ہدایت کار شکن باترا ہیں جو اس سے قبل بھی کرن جوہر کی فلم ’ایک میں اور ایک تو‘ کی ڈائریکشن دے چکے ہیں۔
کرن جوہرکافی عرصے سے ایک اپنی فلموں میں ایک سنجیدہ پیغام دینے کی کوشش کررہے ہیں جن میں سٹوڈنٹ آف دی ایئر اور ٹو سٹیٹس قابل زکر ہیں۔ اس فلم میں بھی بڑے سیٹ اور دولت کی ریل پیل دکھانے کے بجائے ایک متوسط طبقے کی عکاسی کی گئی ہے اور ہلکے پھلکے اندازمیں ایک بھرپور پیغام دینے کی کوشش کی گئی ہے ۔
کرن جوہر کی ان فلموں کو دیکھ کر لگتا ہے کہ آگے چل کر کہیں وہ کوئی آرٹ فلم نہ بنا ڈالیں۔
یہ کہنا قبل از وقت ہےکہ یہ فلم باکس آفس پر کتنا بزنس کرے گی لیکن کپور اینڈ سنز کافی عرصے بعد کوئی ایسی بالی وڈ فلم ہے جو اپنی ریلیزسے قبل کیے جانے والے دعووں سے زیادہ بہتر ثابت ہوئی ہے۔