رائٹر، ڈائریکٹر اور پروڈیوسر فاروق مینگل کی رومانوی فلم ہجرت کی میوزک لانچ کے موقعے پر کراچی کے ایک مقامی ہوٹل میں فلم کےاداکاروں کی میڈیا سے ملاقات کا اہتمام کیا گیا ۔
ایف ایم پروڈکشن کے بینر تلے بنائی گئی اس فلم کا موضوع افغانستان میں جنگ کی وجہ سے لاکھوں افراد کی پاکستان ہجرت کے پس منظرمیں جنم لینے والی محبت کی ایک داستان ہے۔ فلم ہجرت کے ڈسٹری بیوٹرز ہم فلمزاور ایور ریڈی گروپ آف کمپنیز ہیں۔
فلم میں نئے چہروں کو متعارف کروایا گیا ہے جس میں ماڈلنگ سے اداکاری کی جانب آنے والے اسد زمان، رابعہ بٹ او رباب علی مرکزی کرداروں میں ہیں، جبکہ اداکاری کے شعبے کے انتہائی معتبر نام ندیم بیگ، ایوب کھوسو، دردانہ بٹ، جمال شاہ، اور نعمان اعجاز بھی فلم میں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ فلم سٹار ثنا بھی بطورمہمان اداکار فلم میں موجود ہیں۔
اس موقع پر موجود فلم کی کاسٹ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے پاکستان اور ترکی میں ہونےوالی فلم کی شوٹ کے بارے میں اپنے تجربات سے آگاہ کیا اور نئے اداکاروں نے سلور سکرین پر جلوہ گر ہونے کے بارے میں اپنے احساسات کا بھی ذکر کیا۔علی عظمت جنھوں نے فلم کا ساؤنڈ ٹریک ترتیب دیا ہے تفصیل سے فلم کی موسیقی پر روشنی ڈالی۔
اس تقریب کی پبلک ریلیشننگ کے فرائض سٹار لنکس پی آر اینڈ ایونٹس نے انجام دیے تھے۔
ہجرت 22 اپریل کو پاکستان بھر کے سینماؤں میں نمائش کے لیے پیش کی جارہی ہے۔