اس سال کراچی میں جشن آزادی کی تقریبات کا سب سے بڑا مرکز فریئر ہال تھا جہاں ۱۲ ، ۱۳ اور ۱۴ اگست کو مختلف تقاریب اور سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا۔
کراچی کی تنظیم آئی ایم کراچی (میں کراچی) کی جانب سے فریئر ہال کراچی کی چار دیواری شرکا کی توجہ کا مرکز رہی جنہیں بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی تصاویر سے مزین کیا گیا تھا اور شرکت کرنے والوں کے لیے بابائے قوم کے ساتھ تصویر بنوانے کے لیے مخصوص جگہ بھی موجود تھی۔اس کے علاوہ ان دیواروں پر پاکستان کے مختلف پیشوں کے حوالے سے منظر کشی اور قائد اعظم کے ان پیشوں کے متعلق اقوال و نظریات بھی عبارت کی شکل میں لکھے ہوئے تھے۔
ان تقریبات کا اہم جزو پاکستان میں مصنوعات کو فروغ دینے والی ایجنسی ری ایکٹیویٹ کی جانب سے منعقد کیا گیا آذادی فیسٹول۱۶ تھا۔
اس فیسٹول کے زیر اہتمام تقریبات کے تینوں دن پاکستان کے معروف گلوکاروں نے اپنی پرفارمنس پیش کی جن میں علی عظمت، زو وساجی، اور کال بینڈ جیسے بڑے نام بھی شامل تھے۔
اس کے علاوہ پاکستان میں طنزومزاح کے لیے مشہور مصنف انور مقصود کا لکھا ہوا کھیل ’کلاس‘ بھی پیش کیا گیا جس کی ہدایت باڈی بیٹ پی آر کے بانی اور معروف پرفارمر حسن رضوی نے دی تھیں جبکہ ٹی وی ہوسٹ مایا خان کے شاگردوں نے اداکاری کے جوہر دکھائے۔
فیسٹول میں پرچم کشائی اور قومی ترانے کی تقاریب بھی شرکا کی توجہ کا مرکز رہیں۔ فیسٹول میں شرکت کرنے والوں کے لیے مختلف پاکستانی کھانوں کے اسٹال بھی لگائے گئے تھے۔
فیسٹول سے متعلق ری ایکٹیویٹ کے مینجنگ پارٹنر احمد اللہ جنگ کا کہنا تھا کہ ’آزادی فیسٹول ہماری تاریخ کو ایک تفریحی انداز کے ساتھ پیش کرنے کا موقع ہے۔ میں اس فیسٹول میں شرکت کرنے والے ہر شخص کا شکریہ ادا کرتا ہوں اور ہمیں امید ہے کہ مسقبل میں ہم اس ہی طرح مزید خوشیاں مناتے رہیں گے۔‘
آئی ایم کراچی کے ایگزکٹو دائریکٹر سبل نقوی کا کہنا تھا کہ ’مجھے اس بات کی خوشی ہے اور خوشگوار حیرت بھی کہ اس تقریب کو اتنی بڑی کامیابی ملی۔ یہ ایک خوش آئند بات ہے کہ آئی ایم کراچی جو شہر کے حوالے سے لوگوں میں ایک جذبہ ملکیت پیدا کررہا ہے، اب اپنا اثر دکھانے لگاہے اور اس مقصد کے لیے قوم کی سالگرہ سے بہتر اور کوئی دن نہیں ہوسکتا تھا۔‘
آئی ایم کراچی کے زیر اہتمام فریئر ہال کے علاوہ کراچی کے ڈالمین سٹی مال اور مزار قائد پر بھی مختلف تقاریب کا اہتمام کیا گیا جن میں کراچی کی معروف سماجی اور سیاسی شخصیات کی شرکت نے ان کی رونق اور اہمیت میں اضافہ کردیا تھا۔
آئی ایم کراچی کے مطابق جشن آذادی کی تقاریب اب ہر سال منعقد ہوا کریں گی اور اس سال ہونے والی تقاریب اس سلسلے کی پہلی کڑی تھی۔
جشن آزاد ی کی تقریبات کے اہتمام اور انتظامات میں آئی ایم کراچی کی معاونت وصل نامی ادارے نے کی۔