اسلام آباد: پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے پاکستان تحریک انصاف کے دو نومبر کے احتجاج میں شرکت کا اعلان کردیا۔طاہر القادری کا کہنا ہے کہ انھوں نے پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے دی گئی دعوت کو اصولی بنیادوں پر قبول کیا ہے.اس سے قبل چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے ڈاکٹر طاہر القادری سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے دو نومبر کو اسلام آباد ‘لاک ڈاؤن’ میں شرکت کی دعوت دی تھی، جو انھوں نے قبول کرلی۔طاہر القادری کا کہنا تھا کہ کرپشن کے خلاف جنگ تحریک انصاف اور عوامی تحریک کا مشترکہ مقصد ہے اور ان کا عمران خان سے سیاسی اور اخلاقی رشتہ ہے۔ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے کئی ‘مقاصد’ مشترک ہیں۔واضح رہے کہ عمران خان نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کو ٹاسک دیا تھا کہ طاہر القادری کو دھرنے میں شرکت پر رضامند کریں۔ پی ٹی آئی نے تمام جہموری قوتوں کو ملک میں جمہوریت کے استحکام کیلئے حکومت مخالف تحریک میں شامل ہونے کی دعوت دی تھی۔
[pullquote]بھارت میں امریکی سفیرکا متنازع علاقے کا دورہ، چین کا احتجاج[/pullquote]
بھارت میں امریکی سفیر رچرڈ ورما کی جانب سے بھارت اور چین کے درمیان متنازع علاقے کا دورہ کرنے پر چین نے بھارت سے شدید احتجاج کیا ہے، چین نے متنبہ کیا کہ متنازع علاقے میں تیسرے فریق کی مداخلت معاملات بگاڑ سکتی ہے۔
بیجنگ نے بھارت میں امریکی سفیر رچرڈ ورما کے ارونا چل پردیش میں متنازع سرحدی علاقے کا دورہ کرنے پر پیر کو شدید احتجاج کیا ، چینی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ چین امریکی سفیر کے دورے کی مخالفت کرتا ہے۔
اس اقدام سے بھارت اور چین کے سرحدی علاقوں میں امن کی کوششوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے، بھارتی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ امریکی سفیر نے معمول کا دورہ کیا، ارونا چل پردیش بھارت کا اٹوٹ حصہ ہے، واضح رہے کہ کوہ ہمالیہ کا مشرقی علاقہ چین اور بھارت کے درمیان متنازع ہے۔
[pullquote]پاکستان کا بھارت میں ہارٹ آف ایشیاء کانفرنس میں شرکت کا فیصلہ[/pullquote]
مونا خان…بھارت کے منفی رویے پر پاکستان کا مثبت جواب آیا ہے، پاکستان نے بھارت میں ہونے والی ہارٹ آف ایشیاء کانفرنس میں شرکت کا فیصلہ کرلیا، مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کانفرنس میں پاکستان کی شرکت کی تصدیق کردی۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان بین الاقوامی فورموں میں شرکت کرتا رہے گا، ہارٹ آف ایشیاء کانفرنس دسمبر کے پہلے ہفتے میں امرتسر میں ہوگی۔
بھار ت نومبر میں پاکستان میں ہونے والی سارک کانفرنس میں شرکت سے انکار کرچکا ہے لیکن پاکستان کی جانب سے ذمہ دارانہ فیصلہ سامنے آیا۔مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے بھارت میں ہونے والی ہارٹ آف ایشیا کانفرنس میں شرکت کا اعلان کر دیا،ہارٹ آف ایشیاء کانفرنس دسمبر کے پہلے ہفتے میں امرتسر میں ہوگی۔
گزشتہ برس ہارٹ آف ایشیا کانفرنس اسلام آباد میں ہوئی تھی، جس میں بھارتی وزیر خارجہ سُشما سوراج نے شرکت کی تھی، مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے افغان طالبان کی اسلام آباد آنے کی بھی تصدیق کر دی۔مشیر خارجہ نے کہا کہ کل بھوشن یادیو سے متعلق ڈوزیئر تکمیل کے آخری مراحل میں ہے، جلد ہی وہ ڈوزئیر اقوام متحدہ کے حوالے کر دیا جائے.
[pullquote]30 اکتوبر کو کرپشن کیخلاف مظاہرہ کرینگے، لیاقت بلوچ[/pullquote]
جماعت اسلامی کے سیکریٹری جنرل لیاقت بلوچ کا کہنا ہے کہ ان کی جماعت 30 اکتوبر کو لاہور میں کرپشن کے خلاف ایک بڑا احتجاجی مظاہرہ کرنے جا رہی ہے، احتجاج کسی کا بھی ہو حکومت کو اس کے راستے میں رکاوٹیں نہیں ڈالنی چاہئیں۔
لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے سیکریٹری جنرل لیاقت بلوچ نے مزید کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کو احتجاج کا پورا حق حاصل ہے، ہر جماعت اپنے اپنے پلیٹ فارم پر متحرک ہے اسی لیے حکومت کے اوسان خطا ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ملک کی موجودہ صورتحال ٹھیک کرنے کی کنجی اگرچہ وزیر اعظم کے پاس ہے تاہم جمہوری قوتوں کی بھی ذمہ داری ہے کہ کوئی ایسا قدم نہ اٹھائیں جس سے جمہوری عمل کو نقصان کا اندیشہ ہو۔