پاکستان سے پیار کا ہدایت نامہ

آج کل چونکہ غداری، وطن دشمنی، قلم فروشی کے سرٹیفکیٹ بٹنے کا موسم ہے تو کیوں نہ ایسے الزامات سے بچنے کا ایک نسخہ تیار کیا جائے۔ اِس نسخے کی تیاری میں عرق ریز تحقیق کی گئی ہے یعنی فیس بک، ٹوئٹر اور محب وطن دانشوروں کی تحریروں کو غور سے پڑھا گیا۔ آپ کا موضوع کوئی بھی ہے کوئی بہانہ بنا کر مندرجہ ذیل مفروضات کو اپنی تحریروں میں شامل کریں اور حب الوطنی کا تحفہ پائیں۔
1: پاکستان میں چار موسم ہیں، دُنیا میں کوئی اور ایسا ملک نہیں ہے جسے اللہ نے چار موسموں سے نوازا ہو۔
2: ہمارے ملک میں سمندر ہیں، صحرا ہیں، دنیا کے سب سے بلند پہاڑ ہیں، دُنیا میں اور کہاں ہیں؟
3: اگر شرمین عبید چنائے پاکستان کے حسین موسموں اور حسین مقامات پر کوئی فلم بناتی تو کیا اُسے کوئی آسکر مِلتا؟
4: پاکستان میں اگر کوئی شیعہ مارا جائے تو کہو یہ کیوں نہیں کہتے کہ مسلمان مارا گیا ہے۔ اگر کوئی ہندو یا مسیحی مارا جائے تو کہو کہ یہ کیوں نہیں کہتے کہ انسان مارا گیا ہے۔ اور دُنیا میں اگر کہیں کچھ انسان مارے جائیں تو کہو کہ ہر طرف مسلمان مارے جا رہے ہیں۔
5: اگر کوئی جانوروں سے محبت یا اُن کے مسائل کی بات کرے تو کہو دُنیا میں روز کِتنے مسلمان مارے جا رہے ہیں اور تمہیں کتوں بِلیوں کی پڑی ہے۔
6: آئی ایس آئی دُنیا کی بہترین خفیہ ایجنسی ہے اور یہ راز کِسی سے خفیہ نہیں ہے۔ لِنک شیئر کرو۔
7: طالبان کے دورِ حکومت میں افغانستان میں مکمل امن تھا اِس لیے پوری دُنیا اُن سے جلتی تھی۔
8: بنگلہ دیشی رونا دھونا بند کریں وہاں چار لاکھ نہیں صرف چالیس ہزار ریپ ہوئے تھے بلکہ محتاط اندازے کہ مطابق صِرف چار ہزار۔
9: پاکستانی دُنیا کی چوتھی ذہین ترین قوم ہیں، اِتنی ذہین کہ آج تک یہ بھی پتہ نہیں چلا کہ پہلی تین کون ہیں۔
10: اِس ملک میں خمینی والا اِنقلاب لاؤ لیکن پہلے خمینی کے ماننے والوں کا کوئی بندوبست کر لے۔
11: اِس ملک میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں بس سیاستدان لوٹ کے کھا گئے ہیں (یہ نقطہ احتیاط سے اِستعمال کیا جائے کیونکہ اِس سے یہ نقطہ بھی نکل سکتا ہے کہ پھر سب سے بڑا ٹیلنٹ تو سیاستدانوں کے پاس ہی ہوا)۔
12: اگر کوئی مہاجر، سرائیکی، سندھی، بلوچ، پٹھان، بلتی اپنی زبان، علاقے، یا حقوق کی بات کرے تو اُسے بتاؤ کہ صوبائی عصیبت بُری بلا ہے، لِسانی تفرقے دشمن کا ایجنڈا ہیں۔ پھر اپنے پنجابی لہجے کو اُردو کا لبادہ پہنا کر، گڑگڑا کر دعا مانگو کہ کاش ہم سب صِرف اور صرف پاکستانی بن جائیں۔
13: آنے والا آرمی چیف دُنیا کا سب سے بہادر اور پروفیشنل جنرل ہے، اور جانے والا آنے والے سے بھی زیادہ بہادر اور پروفیشنل تھا۔
14: جو آج گیم آف تھرونز دیکھ کر ہمیں دھمکاتے ہیں کہ وِنٹر اِز کمنگ اُنھیں بتا دو کہ پاکستانی شاعرہ پروین شاکر نے بہت پہلے ہی کہہ دیا تھا: اُسے کہنا دسمبر آ رہا ہے

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے