افغانستان کے ڈپٹی وزیر خارجہ ناصر احمد اندیشا نے پاکستانی سفیر سید ابرار حسین سے ملاقات میں پاک افواج کی پاک افغان سرحدی علاقوں پر فائرنگ کی مذمت کی اور وضاحت طلب کی ہے۔
افغان وزارتِ خارجہ کے فیس بک پیچ پر ایک بیان کے مطابق اتوار کے روز پاکستان سفیر کو وزارت خارجہ طلب کیا گیا جہاں ناصر احمد اندیشا نے ان کو پاکستانی فوج کی فائرنگ پر افغان حکومت کے خدشات سے آگاہ کیا اور جواب طلب کیا۔
افغان وزیر کے مطابق پاکستان کی فوج کی جانب سے افغانستان کے صوبہ کنار کے علاقے شانگڑائی اور ننگرہار صوبے کے علاقے گوشتہ میں گولہ بارود کی شیلنگ کی گئی جس کی وجہ سے ان علاقوں میں بسنے والے لوگوں کو بھاگنا پڑا۔
ناصر احمد اندیشا نے پاکستانی افواج کی افغان سرحد کے ساتھ نقل و حرکت، پاکستان بھر میں افغان پناہ گزین کے ساتھ امتیازی سلوک اور طورخم اور چمن بارڈر کی بندش پر اپنے خدشات کا بھی اظہار کیا۔
انھوں نے مزید مطالبہ کیا کہ پاکستان سرحدی راستوں کو دوبارہ کھولے۔
پاکستانی سفیر سفیر سید ابرار حسین نے کہا کہ پاکستانی فوجی دستوں کی سرحد پر نقل و حرکت دہشت گردوں اور ان کی انتہاپسند سرگرمیوں خلاف کی جا رہی ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ افغان حکومت کے خدشات پاکستانی حکومت تک پہنچا دیے جائیں گے۔