پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ نےکہہ دیا ہے کہ وزیر اعظم کے خلاف کریمنل انویسٹی گیشن ہورہی ہے۔
سپریم کور ٹ میں سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ یہ کہیں نہیں ہوتا کہ جس کے خلاف کریمنل کیس ہو وہ ملک کی نمائندگی کررہا ہو۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ سعودی عرب میں وزیراعظم کے ساتھ جو سلوک ہوا اس پر شرمندگی ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ امریکی صدر نے سعودی عرب میں ایران کو تنہا کرنے کی بات کی لیکن وزیراعظم نوازشریف خاموش تماشائی بنے رہے،نوازشریف کو پاکستان، کشمیریوں، فلسطینیوں کی بات کرنی چاہیے تھی۔
عمران خان کا کہنا ہے کہ ہمیں مسلمان دنیا کواکٹھا کرنا چاہیے، فریق نہیں بننا چاہیے، انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ایران کے معاملے میں فریق نہیں ثالث کا کردار ادا کرنا چاہیے۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر بات کرنے والوں کو پکڑ پکڑ کر بند کیا جا رہا ہے، سوشل میڈیا پر پابندی لگانے سے پاکستان کی جمہوریت تباہ ہو جائے گی۔