امریکی خبررساں ویب سائٹ یو ایس نیوز نے دنیا کے 23 طاقتور ترین ممالک کی فہرست جاری کی ہے جس میں پاکستان کو 20 ویں نمبر پر رکھا گیا ہے۔ اس فہرست میںامریکہ پہلے نمبر پر ہے۔
اس سروے کے لیے ویب سائٹ کو پنسلوانیہ میں وارٹن سکول اور بی اے وی کنسلٹنگ کمپنی کا تعاون حاصل تھا۔ ویب سائٹ نے 80 ممالک اور 4 اہم خطوں کے 16 ہزار افراد سے سوالات کرکے یہ جائزہ پیش کیا ہے۔ اس سروے میں لیڈرشپ، معاشی اثر، سیاسی اثرورسوخ، بین الاقوامی مضبوط تعلقات اور مضبوط عسکری اتحاد جیسے پانچ عناصر کو بھی مد نظر رکھا گیا ہے۔
اس فہرست کے مطابق امریکہ 600 ارب ڈالر کے دفاعی بجٹ کے ساتھ دنیا کا طاقت ور ترین ملک ہے۔ روس طاقتور ترین ممالک کی فہرست میں دوسرے نمبر پر ہے۔ دنیا کی تقریباً ڈیڑھ ارب آبادی والے ملک چین کی فوج دنیا کی سب سے بڑی فوج ہےجبکہ ماہرین کاکہنا ہے کہ 2050 تک دنیا میں سب سے زیادہ ایکسپورٹ چین کی ہوگی اس لئے فہرست میں چین کو تیسرے نمبر پر رکھا گیا ہے۔ برطانیہ چوتھے نمبر ہے، جرمنی پانچویں نمبر پر، فرانس چھٹے پر، جاپان 7ویں نمبر پر، اسرائیل 8 ویں نمبر پر، سعودی عرب 9 ویں نمبر پر، متحدہ عرب امارات 10ویں پر، جنوبی کوریا 11ویں پر، کینیڈا 12ویں نمبر پر، ترکی 13 ویں نمبر پر، ایران 14ویں پر، سوئٹزرلینڈ 15 ویں نمبر پر، بھارت 16 ویں پر، آسٹریلیا 17 ویں پر، اٹلی 18 ویں نمبر پر، سویڈن 19 ویں نمبر پر، پاکستان 20 ویں نمبر پر، نیدرلینڈز 21 ویں پر، سپین 22 ویں نمبر پر، جبکہ قطر 23 ویں نمبر پر ہے۔