بجٹ کے خلاف پی ٹی آئی رکن اسمبلی کا انوکھا احتجاج

پاکستان میں عام آدمی کی صورتحال کو سامنے لانے اور وفاقی بجٹ کے خلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کرانے کے لیے انوکھے طریقے کا انتخاب کرتے ہوئے اپوزیشن رکن نے پارلیمنٹ کے داخلی راستے پر اپنے کپڑے پھاڑ ڈالے۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن قومی اسمبلی حامد الحق ویسے تو یہ احتجاج اُس وقت کرنا چاہتے تھے جب وفاقی وزیر خزانہ اسحٰق ڈار اسمبلی میں خطاب کررہے ہوں تاہم اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے انہیں ایسا کرنے سے روک دیا تھا۔

واضح رہے کہ اس علامتی احتجاج کے لیے صرف پی ٹی آئی کے قانون ساز ہی نہیں بلکہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی رکن قومی اسمبلی شازیہ مری بھی تیار ہو کر قومی اسمبلی پہنچی تھیں۔

انہوں نے ملک میں اشیاء کی قیمتوں میں ہونے والے اضافے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے پھلوں اور سبزیوں کی مالا پہن رکھی تھی۔

پی ٹی آئی رہنما حامد الحق نے جب پارلیمنٹ میں وزیر خزانہ تک پہنچنے کی کوشش کی تو گیلری میں موجود رپورٹرز کا خیال تھا کہ وہ شاید وفاقی وزیر پر حملہ کرنے والے ہیں۔

تاہم ابھی وہ اسحٰق ڈار کے سامنے پہنچے ہی تھے کہ خورشید شاہ نے انہیں پکڑ کر خارجی دروازے کی جانب دھکیل دیا۔

پارلیمنٹ میں احتجاج کا موقع نہ ملنے پر حامد الحق نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر صحافیوں کے سامنے اپنے کپڑے پھاڑ ڈالے۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ وہ یہ احتجاج اسحٰق ڈار کے سامنے کرنا چاہتے تھے تاکہ انہیں ملک میں عام آدمی کی اصل حالت سے آگاہ کرسکیں لیکن انہیں افسوس ہے کہ خورشید شاہ نے انہیں ایسا کرنے سے روک دیا اور انہیں پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر احتجاج کرنا پڑا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے