پشاور: پولیس آپریشن میں کمانڈر سمیت 2 ‘دہشت گرد’ ہلاک

پشاور پولیس نے خفیہ اطلاع پر آپریشن کرتے ہوئے 2 مبینہ دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جبکہ دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں 5 اہلکار زخمی ہوگئے۔

خفیہ اطلاع پر پشاور کے علاقے چمکنی میں پولیس آپریشن کے دوران دہشت گردوں نے پولیس ٹیم پر فائر کھول دیا جس کے نتیجے میں 5 سیکیورٹی اہلکار زخمی ہوئے۔

پولیس حکام کے مطابق یہ دہشت گرد ایک خالی عمارت میں موجود تھے جو پہلے فلور مل کے طور پر استعمال ہوتی تھی۔

حکام کا مزید بتانا تھا کہ علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر شروع کیا جانے والا یہ آپریشن تین گھنٹوں تک جاری رہا۔

آپریشن کے دوران پولیس کی مدد کے لیے فورسز کی بھاری نفری بھی جائے حادثہ پر پہنچ گئی۔

آپریشن میں زخمی ہونے والے اہلکاروں میں پاک فوج کے دو جوان، اور دو اسٹیشن ہاؤس آفیسرز (ایس ایچ اوز) سمیت تین پولیس اہلکار شامل ہیں۔

پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کا مبینہ سہولت کار گرفتار کیا جاچکا ہے جبکہ عمارت میں موجود چند افراد کی گرفتاری بھی عمل میں آئی۔

کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر (سی سی پی او) پشاور طاہر خان کے مطابق عمارت کے سرچ آپریشن کے دوران بھاری تعداد میں اسلحہ، بارودی مواد، ڈیٹونیٹرز، فوٹیج اور کئی دستاویزات بھی برآمد ہوئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ خالی عمارت کے مالک سے جلد ہی پوچھ گچھ کا آغاز کیا جائے گا۔

سی سی پی او نے آپریشن میں زخمی ہونے والے اہلکاروں کی حالت خطرے سے باہر بتائی۔

دوسری جانب انسپیکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی پی) صلاح الدین نے آپریشن کو پشاور پولیس کی بڑی کامیابی قرار دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہلاک ہونے والے دہشت گرد پولیس پر ہونے والے تازہ ترین حملوں اور علاقے میں ہونے والی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث منظم نیٹ ورک کا حصہ تھے۔

آئی جی پی کے مطابق ‘ہلاک دہشت گردوں میں دہشت گردوں کا کمانڈر بھی شامل تھا’۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے