کوئٹہ: فائرنگ سے بی این پی کے رہنما سمیت دو ہلاک

بلوچستان کے شہر کوئٹہ میں ارباب کرم خان روڈ پر نامعلوم مسلح افراد نے ایک گاڑی پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) کے رہنما ملک نوید دیہور اور ان کا گارڈ ہلاک جبکہ ایک راہ گیر زخمی ہوگیا۔

ریسکیو عملے نے موقع پر پہنچ کر لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ ارباب کرم روڈ پر پیش آیا جہاں مسلح افراد نے بی این پی کے رہنما کی گاڑی پر فائرنگ کی۔

ان کا کہنا تھا کہ فائرنگ کے نتیجے میں ملک نوید موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جبکہ ان کا گارڈ اور ایک راہ گیر حاجی عیسیٰ زخمی ہوگئے، پولیس کا کہنا تھا کہ لاش اور زخمیوں کو شناخت کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے بی این پی کا زخمی گارڈ ہلاک ہوگیا۔

پولیس کا کہنا تھا کہ واقعے کے بعد ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

واقعے کے بعد پولیس سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر شواہد جمع کیے اور تحقیقات کا آغاز کردیا۔

بعد ازاں بی این پی نے اپنے رہنما کی ہلاکت کی مذمت کرتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔

سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان سردار اختر مینگل کی جماعت بی این پی سے تعلق رکھنے والے ملک نوید، مقامی رہنما تھے۔

ادھر وزیراعلیٰ بلوچستان نثاء اللہ زہری نے اپنے ایک جاری بیان میں واقعے کی مذمت کرتے ہوئے واقعے کے ذمہ داروں کی فوری گرفتاری کی ہدایات جاری کیں۔

اس سے قبل بلوچستان کے ضلع پنجگور میں صوبائی وزیر صحت رحمت صالح بلوچ کے قافلے پر نامعلوم شرپسندوں نے حملہ کیا تھا تاہم وزیر صحت اور ان کے ساتھی واقعے میں محفوظ رہے تھے۔

رحمت صالح بلوچ کا تعلق نیشنل پارٹی سے ہے، جو 2013 کے عام انتخابات میں رکن بلوچستان اسمبلی منتخب ہوئے۔

گذشتہ ماہ بلوچستان کے ضلع خضدار میں سابق وزیراعلیٰ اور بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) کے سربراہ سردار اختر مینگل کے گھر پر بھی راکٹ سے حملہ کیا گیا تھا، جس کے نتیجے میں گھر کا مرکزی دروازہ بری طرح متاثر ہوا تھا، تاہم اختر مینگل گھر پر موجود نہیں تھے۔

واضح رہے کہ صوبہ بلوچستان میں متعدد کالعدم گروپ اور علیحدگی پسند بلوچ تنظیمیں حکومتی عہدیداران، سیکیورٹی فورسز اور پولیس اہلکاروں پر حملوں میں ملوث رہی ہیں۔

صوبے کی انتظامیہ نے ان دہشت گرد گروپوں کے خلاف آپریشنز اور کارروائیوں کا آغاز کررکھا ہے جس کے نتیجے میں سیکڑوں کی کی تعداد میں دہشت گردوں کو ہلاک اور گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا جاتا رہا ہے۔

واضح رہے کہ صوبائی انتظامیہ نے متعدد مرتبہ اس بات کا دعویٰ کیا ہے کہ بلوچستان میں ہونے والی دہشت گردی کی کارروائیوں کے پیچھے ہندوستان کی خفیہ ایجنسی ‘را’ ملوث ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے