ایل او سی فائرنگ: بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر دفتر خارجہ طلب

بھارتی فورسز کی جانب سے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر پاکستان کے سرحدی علاقوں میں بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں 5 شہریوں کی ہلاکت پر پاکستان کے دفتر خارجہ نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو ایک بار پھر طلب کرکے واقعے پر احتجاج ریکارڈ کردیا۔

دفتر خارجہ کے جاری بیان کے مطابق بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو دوبارہ طلب کرکے ایل او سی پر بھارتی فورسز کی بلا اشتعال فائرنگ پر احتجاج کیا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق 8 جولائی کو ایل او سی پر چری کوٹ اور ستوال سیکٹر پر بھارتی فورسز کی فائرنگ سے مزید 3 پاکستانی شہری شہید ہوگئے جس کے بعد بھارتی فورسز کی بلااشتعال فائرنگ سے شہید ہونے والوں کی تعداد 5 ہوگئی۔

بیان میں کہا گیا کہ سارک کے ڈائریکٹر محمد فیصل نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو دفتر خارجہ طلب کرکے احتجاج مراسلہ بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کے حوالے کیا۔

خیال رہے کہ ہفتے کے روز 8 جولائی کو بھارتی فورسز نے ایل او سی پر چڑی کوٹ اور ستوال سیکٹر میں جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بلااشتعال فائرنگ کی تھی اور شہری آبادی کو نشانہ بنایا تھا جس کے نتیجے میں 5 پاکستانی شہری جاں بحق ہوئے۔

گذشتہ روز پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں بھی بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا گیا تھا کہ پاکستانی فوجی اہلکاروں کی جانب سے مؤثر جوابی کارروائی کی گئی۔

واضح رہے کہ 8 جولائی کو معروف کشمیری نوجوان رہنما اور حزب المجاہدین کے کمانڈر برہان مظفر وانی کی پہلی برسی کے موقع پر جہاں وادی میں کشمیری عوام کو شدید مشکلات کا سامنا تھا وہیں بھارتی فورسز کی جانب سے ایل او سی پر آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھاری شیلنگ بھی کی گئی تھی۔

حالیہ سرحدی کشیدگی
واضح رہے کہ پاکستان اور بھارتی فوج کے درمیان کشمیر میں ایل او سی پر حالات کافی عرصے سے کشیدہ ہیں۔

گذشتہ ماہ 28 جون کو ضلع کوٹلی کے جنوبی علاقے نکیال سیکٹر پر بھارتی فورسز کی جانب سے فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور خاتون سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

22 جون کو نکیال سیکٹر میں بھارتی فورسز کی فائرنگ سے ایک خاتون اور کم سن لڑکی زخمی ہوئی تھی جبکہ 15 جون کو ضلع بھمبر میں 2 افراد زخمی ہوئے تھے۔

یاد رہے کہ 12 جون کو کوٹلی کے علاقے تتہ پانی میں بھارتی فوج کی شیلنگ کے نتیجے میں دو نوجوان جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے تھے۔

حکام کے مطابق رواں برس جنوری سے اب تک بھارت لائن آف کنٹرول پر 400 سے زائد مرتبہ سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کرچکا ہے، جبکہ گذشتہ برس یہ تعداد 382 تھی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے