گھگھی: خواتین کے استحصال کے خلاف ایک آواز

ٹی وی ون کی میگا سیریل ’ گھگھی‘ کامیابی کے ساتھ اپنی سات اقساط مکمل کرچکی ہے۔ اپنے منفرد موضوع کی وجہ سے اس ڈرامہ سیریل کو ناظرین کی جانب سے کافی پذیرائی مل رہی ہے۔ گھگھی کا ساؤنڈ ٹریک ’میری ہیریے‘ بھی کافی مقبولیت حاصل کررہا ہے۔

کھگھی کی کہانی معروف افسانہ نویس اور مصنفہ آمنہ مفتی نے امریتا پریتم کےشاہکار ناول ’پنجر‘ سے متاثر ہوکر لکھی ہے اور ہدایات کاری اقبال حسین نے دی ہیں۔ ڈرامے کے مرکزی کرداروں میں عدنان صدیقی اور امر خان شامل ہیں۔

ڈرامے کا مرکزی خیال خطے میں زمانہ قدیم سے آج تک جنگوں، تنازعات اور دشمنیوں میں ہمیشہ خواتین کو ہی نشانہ بنائے جانے پر ہے، خاص طور پر دوردراز کے علاقوں میں جرگوں اور پنچایت کے ذریعے خواتین کا استحصال معمول کی بات ہے۔ گھگھی میں یہی سوال اٹھایا گیا ہے کہ آخر کیوں مردوں کی لڑائی میں خواتین ہی جبر کا شکار ہوتی ہیں لیکن ساتھ ہی خواتین کو یہ سبق بھی دیا گیا ہے کہ ظلم کو چپ کر کے سہنے کے بجائے اس کے خلاف آواز اٹھائی جائے۔

گھگھی کی کہانی ایک مسلم شیخ خاندان اور ہندو ساہوکاروں کے گرد گھومتی ہے جس میں شیخوں کے آباؤاجداد نے ساہوکاروں سے بیلوں کی جوڑی ادھار لے کر اپنی ساری جائیداد ساہوکارں کو گروی رکھ دی تھی۔ فصلیں خراب ہونے کے باعث شیخ خاندان قرضہ واپس کرنے میں ناکام رہتا ہے جبکہ دوسری جانب اس پر سود اتنا چڑھا ہے کہ ساری رقم لوٹانا ناممکن ہوچکا ہے۔

رقم نا لوٹانے کی صورت میں ساہوکاروں کے لونڈے شیخ خاندان کی لڑکی ’عنایت بی بی‘ کو راستے میں روک کر ہراساں کرتے ہیں۔ معاملہ پنچایت تک پہنچ جاتا ہے اور سرپنج الٹا شیخوں کے خلاف فیصلہ سناتے ہوئے حکم دیتا ہے کہ شیخوں نے ساہوکاروں پرالزام لگا کر بدنام کرنے کی کوشش کی ہے، لہٰذا اس بدنامی کے بدلے میں شیخوں کی لڑکی ’عنایت‘ تین دن تک ساہوکاروں کے گھر میں رہے گی۔ عنایت کا بھائی پنچایت کے اس فیصلے سے بغاوت کرتا ہے لیکن ساہوکاروں کے لونڈے عنایت کو زبردستی اٹھا کر اپنے گھر لے جاتے ہیں۔ نا انصافی پر مبنی اس فیصلے پر عنایت کا ایک بھائی خودکشی کرلیتا ہے اور دوسرا بھائی علاقے سے ہجرت کرجاتا ہے جبکہ ان کا باپ اپنے گھر میں رہ جاتا ہے۔ یہاں سے نفرت اور انتقام کا ایک نیا سفر شروع ہوتا ہے اور اس ہی نفرت انتقام کی آگ میں کہیں محبت کے پھول بھی کھلے ہیں اور یہی کہانی ہے ڈرامہ سیریل گھگھی کی۔

یہاں یہ بات قابل زکر ہے کہ امر خان اس ڈارمہ سیریل سے ٹیلی ویژن کی دنیا میں پہلا قدم رکھا ہے جبکہ ان کے مقابل ایک منجھے ہوئے اداکار عدنان صدیقی موجود ہیں لیکن امر نے اپنی لگن اور جاندار داکاری سے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوالیا ہے۔

گھگھی کی ایک اور خصوصیت اس کے دلکش مناظر ہیں۔ پنجاب کے کھیت کھلیان، ہریالی اور گائوں دیہات کا سادہ طرز زندگی، خاص طور پرانہیں قیام پاکستان کے دور میں لے جانے سے سیریل میں ایک تمثیلی کیفیت پیدا ہوگئی ہے۔

عدنان صدیقی کی پروڈکشن میں ٹی وی ون کی یہ دوسری ڈرامہ سیریل ہے جس میں پاکستان کی اقلیتی کمیونٹی کو تفصیل کے ساتھ دکھایا گیا ہے۔ اس سے قبل عدنان ٹی وی ون پر ہی ڈرامہ سیریل ’سیتا باگڑی‘ میں پاکستان کی ہندو کمیونٹی کا رہن سہن اور ان کی زندگیوں کی کہانیاں پیش کرچکے ہیں۔

گھگھی کی نئی قسط ہرجمعرات کو رات 8 بجے ٹی وی ون پرنشر کی جاتی ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے