جمعرات : 15 نومبر 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]سعودی استغاثہ نے خاشقجی کے قتل کے الزام میں پانچ افراد کے لیے سزائے موت کی درخواست کر دی[/pullquote]

سعودی عرب کے مستغیث اعلیٰ نے جمال خاشقجی کے قتل کے الزام میں گرفتار پانچ افراد کے لیے سزائے موت کی درخواست کی ہے۔ سعودی درالحکومت ریاض میں ایک پریس کانفرنس کے دوران استغاثہ کی طرف سے بتایا گیا کہ اس قتل کے الزام میں اب تک 21 افراد کو حراست میں لیا گیا جن میں سے 11 کے خلاف مقدمہ چلانے کی سفارش کی گئی ہے۔ استغاثہ کے مطابق اس قتل کے پیچھے اعلیٰ ترین اہلکار سابق نائب انٹیلیجنس سربراہ احمد الاسیری تھے جنہیں خاشقجی کو زبردستی وطن واپس لانے کا حکم دینے کے الزام میں ان کے عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا۔

[pullquote]حماس نے چار فلسطینیوں کو گرفتار کر لیا[/pullquote]

فلسطینی تنظیم حماس نے چار فلسطینیوں کو اسرائیل کے ساتھ رابطوں کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔ یہ بات غزہ کے سکیورٹی حکام نے بتائی ہے تاہم حماس کی طرف سے اس پر کوئی بیان دینے سے انکار کیا گیا ہے۔ غزہ پٹی پر کنٹرول رکھنے والی تنظیم حماس کی طرف سے بتایا گیا کہ اسرائیل کے ایک خفیہ آپریشن کا اتوار کے روز کھوج لگا لیا گیا تھا جس کا مقصد حماس کے ایک مقامی کمانڈر کو قتل کرنا تھا۔ اس آپریشن کے دوران اسرائیل کا ایک افسر ہلاک جبکہ دوسرا زخمی ہو گیا تھا جبکہ اسرائیل کے فضائی حملوں میں سات فلسطینی مارے گئے تھے۔

[pullquote]خاشقجی کے قتل کے حوالے سے سعودی وضاحت نا کافی ہے، ترکی[/pullquote]

ترکی نے کہا ہے کہ صحافی جمال خاشقجی کے قتل کے حوالے سے سعودی بیان ’ناکافی‘ ہے۔ ترک حکام کی طرف سے اس بات کا بھی اصرار کیا گیا ہے کہ یہ قتل ’پہلے سے کی گئی منصوبہ بندی‘ کے تحت کیا گیا۔ ترک وزیر خارجہ مولود چاؤش اولو کے مطابق سعودی حکومت کی طرف سے اٹھائے گئے قدم مثبت لیکن ناکافی ہیں۔ ریاض حکومت کے دفتر استغاثہ نے کہا ہے کہ خاشقجی کے قتل کے الزام میں پانچ سعودی اہلکاروں کے لیے سزائے موت کی درخواست کی گئی ہے۔

[pullquote]بریگزٹ مجوزہ معاہدے پر اتفاق ہونے پر بہت خوشی ہے، میرکل[/pullquote]

جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے کہا ہے کہ وہ اس بات پر ’بہت خوش‘ ہیں کہ یورپی یونین اور برطانیہ کے درمیان بریگزٹ معاہدے کے مسودے پر اتفاق ہو گیا ہے۔ میرکل کے مطابق میں اس بات پر بہت خوش ہوں کہ ایک طویل اور مشکل مذاکرات کے بعد ایک پروپوزل پر اتفاق ہو گیا ہے۔ اس معاہدے پر تاہم برطانوی پارلیمان اور پھر بقیہ 27 یورپی ریاستوں کی طرف سے توثیق ہونا لازمی ہے۔

[pullquote]امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس کا میکسیکو کی سرحد کا دورہ[/pullquote]

امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس نے ٹیکساس کے جنوب میں میکسیکو کے ساتھ لگنے والی سرحد کا دورہ کیا ہے۔ میک ایلن کے علاقے میں کُل پانچ ہزار چھ سو میں سے دو ہزار آٹھ سو امریکی فوجی تعینات ہیں۔ پندرہ سو فوجی ریاست ایریزونا جبکہ تیرہ سو کیلیفورنیا میں ہیں۔ پینٹا گون کے سربراہ میٹس نے اس موقع پر میڈیا کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے امریکی فوج کی سرحد پر اس تعیناتی کا دفاع کیا۔ میٹس کا کہنا تھا کہ یہ سرحدی فورس کی مدد کے لیے بھیجے گئے ہیں تاکہ امریکا میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے کی کوشش کرنے والے پناہ گزینوں کا راستہ روکا جا سکے۔

[pullquote]چین اور امریکا کے درمیان تجارت کے معاملے پر اعلیٰ سطحی مذاکرات بحال[/pullquote]

چین اور امریکا کے درمیان اعلیٰ سطحی تجارتی مذاکرات بحال ہو گئے ہیں۔ یہ بحالی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور چینی صدر شی جی پِنگ کے درمیان رواں ماہ کے آغاز میں ہونے والی ٹیلفونک بات چیت کے بعد ہوئی ہے۔ یہ بات چین کی کامرس منسٹری کی طرف سے بتائی گئی ہے۔ اس وزارت کے ترجمان کے مطابق یکم نومبر کو ہونے والی اس بات چیت کے بعد دونوں ممالک کے درمیان معیشت اور تجارت کے معاملات پر اعلیٰ سطحی رابطے ہوئے ہیں۔ امریکا کی طرف سے چینی مصنوعات پر اضافی درآمدی ٹیکس عائد کرنے کے بعد دونوں ممالک کے تجارتی تعلقات تناؤ کا شکار ہیں۔

[pullquote]برطانوی کابینہ کی طرف سے مجوزہ بریگزٹ معاہدے کے مسودے کی منظوری پر یورپی یونین کا خیر مقدم[/pullquote]

یورپی یونین کے اعلیٰ مذاکرات کار مشائیل بارنیئر نے برطانوی حکومت کی طرف سے مجوزہ بریگزٹ کے مسودے کی منظوری کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے ’’فیصلہ کن پیشرفت‘‘ قرار دیا ہے۔ یورپی یونین کے موجودہ صدر ملک آسٹریا کے چانسلر سباستیاں کُرس کے مطابق اب بریگزٹ کے معاملے پر ایک سربراہی اجلاس میں اس کا جائزہ لیا جائے گا۔ برطانوی کابینہ نے اس مجوزہ بریگزٹ معاہدے کی منظوری بدھ کی شب دی۔ تاہم برطانوی پارلیمان سے ابھی اس کی توثیق ہونا باقی ہے جہاں کافی مزاحمت کا امکان ہے۔

[pullquote]لاپتہ پاکستانی پولیس افسر کی لاش افغانستان میں مل گئی[/pullquote]

پاکستان دارالحکومت اسلام آباد سے گزشتہ ماہ لاپتہ ہونے والے پولیس افسر طاہر داوڑ کی لاش افغانستان میں مل گئی ہے۔ اس بات کی تصدیق پاکستانی وزارت خارجہ اور افغان سفیر نے کی ہے۔ طاہر داووڑ 27 اکتوبر کو لاپتہ ہو گئے تھے اور خدشہ ظاہر کیا جا رہا تھا کہ انہیں عسکریت پسندوں نے اغواء کیا ہے۔ ان کی لاش پاکستانی سرحد کے قریب افغان صوبہ ننگرہار سے ملی جس کے ساتھ ایک ہاتھ سے لکھے ہوئے نوٹ میں ان کے اغواء اور قتل کی ذمہ داری ایک ایسے گروپ کی طرف سے قبول کی گئی ہے جو زیادہ مقبول نہیں۔ طالبان نے ان کے اغواء یا قتل سے لاتعلقی کا اعلان کیا ہے۔

[pullquote]سری لنکا کی پارلیمان میں دنگا فساد[/pullquote]

متنازعہ وزیر اعظم مہیندا راجا پاکشے کے معاملے پر سری لنکا کی پارلیمان میں شدید ہنگامہ ہوا ہے۔ پارلیمانی اجلاس کے دوران راجا پاکشے کا دعویٰ تھا کہ اسپیکر زبانی ووٹ کی بنیاد پر انہیں ان کے عہدے سے نہیں ہٹا سکتے۔ پارلیمانی اسپیکر کارو جے سوریا کے مطابق راجا پاکشے کے خلاف تحریک عدم اعتماد منظور ہونے کے بعد ملک میں اس وقت کوئی حکومت نہیں ہے اور نہ ہی کوئی وزیر اعظم۔ اس موقع پر دو درجن سے زائد ارکان پارلیمان کے درمیان دنگا فساد شروع ہو گیا۔ راجا پاکشے کا دعویٰ ہے کہ عدم اعتماد پر ووٹنگ زبانی نہیں ہونی چاہیے۔

[pullquote]میلانیا ٹرمپ کی تنقید کا نشانہ بننے والی وائٹ ہاؤس کی اہلکار کو ہٹا دیا گیا[/pullquote]

امریکی خاتون اول میلانیا ٹرمپ کے مطالبے پر وائٹ ہاؤس کی ایک سینیئر اہلکار کو ان کے عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔ ٹرمپ انتظامیہ کے مطابق میرا ریکارڈل کو انتظامیہ میں دوسری جگہ ٹرانسفر کیا گیا ہے۔ میلانیا ٹرمپ نے منگل کے روز کہا تھا کہ نائب نیشنل سکیورٹی ایڈوائرز ریکارڈل وائٹ ہاؤس میں خدمات انجام دینے کی مستحق نہیں اور انہیں اس عہدے سے الگ کیا جائے۔ صدارتی ترجمان سارا سینڈرز کے مطابق ریکارڈل نے وائٹ ہاؤس چھوڑ دیا ہے اور وہ اب انتظامیہ میں کسی دوسرے عہدے پر کام کریں گی۔

[pullquote]شام میں داعش کے خلاف جنگ جلد ختم ہو سکتی ہے، امریکی نمائندہ خصوصی[/pullquote]

داعش کے خلاف شام کے شمال مشرقی حصے میں اس کے آخری مضبوط گڑھ میں امریکی حمایت سے جاری جنگ آئندہ ماہ میں ختم ہو سکتی ہے۔ شام کے لیے خصوصی امریکی نمائندے جیمز جیفری کے بقول تاہم امریکی افواج مکمل شکست کو یقینی بنانے کے لیے وہاں موجود رہیں گی۔ جیفری کے بقول امریکا کی نظر میں آگے بڑھنے کا راستہ یہ ہے کہ شام میں داعش کو شکست کے بعد وہاں سیاسی عمل کو بحال کیا جائے اور وہاں طویل عرصے سے جاری خانہ جنگی کے خاتمے کا راستہ بحال کیا جائے۔

[pullquote]یورپی ہتھیار یمنی تنازعے کو ہوا دے رہے ہیں، یورپی پارلیمان[/pullquote]

یورپی پارلیمان کی جانب سے کہا گیا ہے کہ یورپی ہتھیاروں کی فروخت کے حوالے سے زیادہ سخت ضوابط متعارف کروانے کی ضرورت ہے۔ یورپی قانون سازوں کے مطابق یورپی یونین کی رکن ریاستوں کی جانب سے سعودی عرب کو فروخت کردہ ہتھیار یمنی تنازعے کو ہوا دے رہے ہیں۔ جرمنی سے تعلق رکھنے والی یورپی پارلیمان کی رکن زابینے لوزِنگ کے مطابق یمن میں، جنگ کی بنیادی ذمہ داری یورپی ہتھیاروں پر عائد ہوتی ہے۔ یورپی پارلیمان کی جانب سے اس سلسلے میں ایک قرارداد منظور کی گئی ہے، جس کے مطابق یورپی ممالک اس سلسلے میں زیادہ سخت ضوابط متعارف کروائیں۔

[pullquote]ملائیشیا: سابق وزیراعظم کی اہلیہ پر رشوت لینے کا مقدمہ[/pullquote]

ملائیشیا کے سابق وزیر اعظم نجیب رزاق کی اہلیہ روسماہ منصور پر 189 رنگٹ کی رشوت وصول کرنے پر مقدمہ قائم کر دیا گیا ہے۔ یہ رقم 45 ملین امریکی ڈالرز کے برابر بنتی ہے۔ استغاثہ نے روسماہ منصور پر رشوت لینے کے دو الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ملک کے اسکولوں میں سولر پراجیکٹ لگانے والی کمپنی سے رشوت کی مد میں یہ رقوم وصول کیں۔ اس پراجیکٹ کی کُل مالیت 298 ملین امریکی ڈالرز کے برابر تھی۔

[pullquote]اسرائیلی پولیس اسٹیشن میں ایک فلسطینی کی طرف سے پولیس اہلکاروں پر چاقو سے حملہ[/pullquote]

اسرائیلی پولیس نے کہا ہے کہ چاقو سے مسلح ایک فلسطینی نے یروشلم کے ایک پولیس اسٹیشن میں پولیس اہلکاروں پر حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں چار پولیس اہلکار معمولی زخمی ہوئے۔ پولیس کے مطابق یہ شخص باڑ پھلانگ کر اندر آیا اور لوگوں پر حملے شروع کر دیے۔ پولیس نے اس حملہ آور کو فائرنگ کر کے زخمی کیا اور گرفتار کر لیا۔ یہ واقعہ ایک ایسے موقع پر پیش آیا ہے جب فلسطینیوں اور اسرائیلیوں کے درمیان شدید جھڑپوں کے بعد ایک دوسرے پر مزید حملے نہ کرنے پر اتفاق ہوا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے