جمعہ : 16 نومبر 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]’برطانوی وزیراعظم کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک اگلے ہفتے پیش ہو سکتی ہے،[/pullquote]

برطانوی اخبار ٹیلیگراف نے رپورٹ کیا ہے کہ وزیراعظم ٹریزا مَے اگلے ہفتے کے دوران پارلیمنٹ میں عدم اعتماد کی تحریک کا سامنا کر سکتی ہیں۔ اس قرارداد کے حق میں وزیراعظم کی اپنی سیاسی جماعت کنزرویٹو پارٹی کے اڑتالیس اراکین سرگرم ہیں اور وہ تحریک عدم اعتماد اگلے دو روز میں پارلیمانی چیمبر میں جمع کرانے کی کوشش میں ہیں۔ ٹیلیگراف کے سینیئر صحافی کرسٹوفر ہوپ کے مطابق تحریک عدم اعتماد کی رائے شماری منگل بیس نومبر کو ہو سکتی ہے۔ دوسری جانب حکمران سیاسی جماعت کے اراکین بریگزٹ ڈیل کی مخالفت میں سیاسی رابطوں کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔

[pullquote]روہنگیا مہاجرین کی واپسی کا عمل روک دیا گیا[/pullquote]

بنگلہ دیشی حکام نے روہنگیا مہاجرین کی میانمار واپسی کے عمل کو فی الحال مؤخر کر دیا ہے۔ واپسی کا سلسلہ جمعرات پندرہ نومبر سے شروع ہونا تھا۔ حکام کے بار بار اعلان کے باوجود کوئی ایک بھی مہاجر میانمار جانے کے لیے سامنے نہیں آیا۔ بنگلہ دیش کے ریفیوجی کمشنر ابوالکلام نے نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا کہ روہنگیا مہاجرین واپس جانے کے لیے تیار نہیں ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان مہاجرین کو میانمار واپس جانے کے لیے قائل کیا جائے گا۔ بنگلہ دیش میں دس لاکھ سے زائد روہنگیا مہاجرین کیمپوں میں زندگی بسر کر رہے ہیں۔

[pullquote]اسرائیلی وزیراعظم کو کابینہ کے بحران کا سامنا[/pullquote]

اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو نے آسٹریا کا دورہ منسوخ کر دیا ہے۔ ان کے دورے کی منسوخی کی وجہ وزیردفاع ایویگڈور لیبر مین کے غزہ کی نئی جنگ بندی کے بعد استعفیٰ دینا خیال کی گئی ہے۔ اسرائیلی وزیراعظم کے لیے لیبر مین کی انتہائی قدامت پسند سیاسی جماعت اسرائیل بیت نو پارٹی کی حمایت انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ اسرائیل بیت نو پارٹی کی پارلیمنٹ میں پانچ نشستیں ہیں۔ ایک قدامت پسند پارٹی کے سربراہ نفتالی بینیٹ نے وزارت دفاع کا منصب مانگ لیا ہے اور نہ ملنے پر حکومت سے علیحدہ ہونے کو کہا ہے۔ اسرائیلی پارلیمنٹ کنیسٹ کے 120 رکنی ایوان میں نیتن یاہو کو 61 اراکین کی حمایت حاصل ہے۔ نیتن یاہو کی اتحادی جماعتوں نے قبل از وقت پارلیمانی انتخابات کا بھی مطالبہ کر دیا ہے۔

[pullquote]بھارت: سمندری طوفان سے گیارہ افراد کی ہلاکت[/pullquote]

جنوبی بھارت کے ساحلی علاقے کو زوردار سمندری طوفان گاجا کا سامنا کرنا پڑا ہے اور اس کے جھکڑوں کی لپیٹ میں آ کر کم از کم دس افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ اسی ہزار افراد کو طوفان کی آمد سے قبل محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ گاجا طوفان کے ساتھ شدید موسلا دھار بارش اور ایک سو کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار کے طوفانی جھکڑ بھی ہیں۔ طوفان کی وجہ سے بے شمار درخت جڑوں سے اکھڑ گئے اور کئی علاقوں میں بجلی کی سپلائی معطل ہو کر رہ گئی ہے۔ حکام نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ اس طوفان کے ٹکرانے سے ریاست تامل ناڈو کی ساحلی پٹی کو شدید نقصان کا سامنا رہا۔

[pullquote]میانمار نے کشتی پر سوار ایک سو سے زائد روہنگیا مہاجرین گرفتار کر لیے[/pullquote]

میانمار کے امیگریشن حکام نے ایک کشتی پر سوار ایک سو چھ روہنگیا مہاجرین کو گرفتار کر لیا ہے۔ یہ کشتی رنگون سے تیس کلومیٹر کے فاصلے پر تھی۔ مقامی امیگریشن افسر نے نیوز ایجنسی روئٹرز کو بتایا کہ اس بات کا قوی امکان ہے کہ ان گرفتار ہونے والے روہنگیا افراد کا تعلق راکھین سے ہو سکتا ہے۔ اس کشتی کی تصاویر ایک خاتون رکن پارلیمنٹ اے مِیا مِیا میُو نے سوشل میڈیا پر پوسٹ کی ہیں۔ پکڑی جانے والی کشتی پر پچاس مرد، اکتیس عورتیں اور پچیس بچے سوار تھے۔ یہ نہیں بتایا گیا کہ یہ کشتی بنگلہ دیش کی جانب روانہ تھی یا اُس کی منزل ملائیشیا تھی۔

[pullquote]جرمن چانسلر میرکل کیمنِٹس شہر کے دورے پر[/pullquote]

جرمن چانسلر انگیلا میرکل مشرقی جرمن شہر کیمنِٹس کے دورے پر ہیں۔ اسی شہر میں تین ماہ قبل تین تارکین وطن کے حملے میں ایک جرمن شہری کی ہلاکت کے بعد پرتشدد مظاہرے شروع ہو گئے تھے۔ چانسلر کے دفتر سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ وہ کیمنِٹس پہنچ کر یہ دیکھنا چاہتی ہیں کہ وہاں کے شہری کس حد تک باہمی احترام اور برادشت کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ چانسلر میرکل سیکسنی کے وزیراعلیٰ مشائیل کریٹشمَر اور کیمنٹس کی خاتون میئر کے ساتھ ایک مقامی اخبار کے صارفین کے سوالوں کے جواب دیں گی۔ بعد ازاں وہ مقامی باسکٹ بال ٹیم کے ساتھ بھی ملاقات کریں گی۔

[pullquote]تاجکستان میں اربوں ڈالر سے تعمیر ہائیڈرو الیکٹرک ڈیم کا افتتاح[/pullquote]

وسطی ایشیائی ریاست تاجکستان میں تقریباً چار بلین امریکی ڈالر سے تعمیر ہونے والے انتہائی بڑے آبی ڈیم کا افتتاح کر دیا گیا ہے۔ اس ڈیم سے حاصل ہونے والی بجلی جہاں تاجکستان کے نوّے لاکھ افراد کی ضروریات پوری کرے گی، وہیں پاکستان اور افغانستان کو بھی فراہم کی جائے گی۔ یہ بڑا ڈیم دریائے وَخش پر تعمیر کیا گیا ہے۔ دریا پر بنائے گئے بند کی اونچائی 335 میٹر ہے۔ اپنی تکمیل پر یہ دنیا کا سب سے بلند ہائیڈرو الیکٹرک ڈیم ہو گا۔ اس ڈیم کے چھ ٹربائن کا افتتاح آج کیا گیا ہے۔ بقیہ تین ٹربائن کی تکمیل پر یہ ڈیم 3600 میگا واٹ بجلی پیدا کر سکے گا۔

[pullquote]شمالی کوریا کا نئے اسٹریٹیجک نوعیت کے ہتھیار کا تجربہ[/pullquote]

جمعہ سولہ اکتوبر کو شمالی کوریائی حکومتی میڈیا کے مطابق کم جونگ اُن کی موجودگی میں ایک اسٹریٹیجک نوعیت کے ہتھیار کا تجربہ کیا گیا۔ یہ جدید ہتھیار کس نوعیت کا ہے، اُس کی تفصیل سامنے نہیں آئی ہے۔ مختلف ذرائع نے واضح کیا ہے کہ یہ تجربہ نہ تو جوہری ہے اور نہ ہی کسی بیلسٹک میزائل کا۔ نومبر سن 2017 کے بعد شمالی کوریا کی جانب سے کسی ہتھیار کا یہ پہلا تجربہ ہے۔ شمالی کوریا کے اس تجربے کو بظاہر امریکا اور جنوبی کوریا کے دباؤ کا نتیجہ قرار دیا گیا ہے۔

[pullquote]کمبوڈیا: خمیر روج حکومت کے دو اعلیٰ رہنما نسل کشی کے مرتکب قرار[/pullquote]

کمبوڈیا کی ایک خصوصی عدالت نے ریڈ خمیر دورِ حکومت کے دو اعلیٰ ترین رہنماؤں کو نسل کشی کا مرتکب قرار دے کر عمر قید کی سزا سنائی ہے۔ ان سابق رہنماؤں میں ستاسی سالہ کھیُو سامفان اور بانوے برس کے نوان چیا ہیں۔ کھیُو سامفان ریڈ خمیر دور میں سربراہِ حکومت تھے۔ اس سخت گیر حکومت کے اولین رہنما پول پاٹ اور اُن کے بعد آنے والے حکومتی اہلکاروں نے پالیسی کے تحت زیادہ کام کرانے کے علاوہ، بھوکا رکھنے اور گروپوں کو فائرنگ اسکواڈ کے سامنے کھڑا کر کے مبینہ طور پر تقریباً بیس لاکھ افراد کو ہلاک کیا تھا۔ انتہائی کمیونسٹ ماؤ نواز گروپ نے کمبوڈیا پر سن 1975 سے سن 1979 تک حکومت کی تھی۔ خصوصی عدالت کو اقوام متحدہ کی حمایت حاصل ہے۔

[pullquote]کیلیفورنیا کی جنگلاتی آگ ، ہلاکتوں کی تعداد 63 ہو گئی[/pullquote]

شمالی کیلیفورنیا کے جنگلوں میں لگی آگ سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد تریسٹھ ہو گئی ہیں۔ ان کے علاوہ لاپتہ افراد کی تعداد 631 بتائی گئی ہے۔ مقامی انتظامیہ نے ان لاپتہ افراد کی فہرست کو عام کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس آگ سے بے گھر ہونے والے افراد کی تعداد ہزاروں میں ہے۔ ان افراد کو مختلف مقامات پر عارضی رہائش گاہوں میں مقیم کیا گیا ہے۔ جن علاقوں میں آگ بجھ چکی ہے، وہاں لاپتہ افراد کی تلاش کا سلسلہ پوری قوت سے جاری ہے۔ مقامی انتظامیہ نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ تین ہزار سے زائد فائر فائٹرز کو رات دن کی کاوش سے اس وقت جنگلاتی آگ کو چالیس فیصد تک قابو کر لیا گیا ہے۔

[pullquote]جاپانی وزیراعظم کا آسٹریلوی دورہ[/pullquote]

جاپان کے وزیراعظم شینزو آبے آسٹریلیا پہنچ گئے ہیں۔ وہ اپنے ملک کے پہلے وزیر اعظم ہیں جنہوں نے آسٹریلوی شہر ڈارون کا دورہ کیا ہے۔ ڈارون شہر کو دوسری عالمی جنگ کے دوران جاپانی جنگی طیاروں نے اپنی بمباری سے شدید نقصان پہنچایا تھا۔ اس شہر میں پہنچنے کے بعد جاپانی وزیراعظم نے اپنے آسٹریلوی ہم منصب اسکاٹ موریسن کے ساتھ ہلاک ہونے والوں کی یادگار پر پھول چڑھائے۔ دونوں لیڈروں نے پھول رکھنے کے بعد ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی۔ آبے نے اس شہر کے دورے کو ایک مصالحتی اقدام قرار دیا۔ موریسن اور آبے باہمی تعلقات میں بحر الکاہل کی سکیورٹی صورت حال پر خاص طور پر فوکس کریں گے۔

[pullquote]چینی صدر پاپوا نیو گنی پہنچ گئے[/pullquote]

چینی صدر شی جن پنگ بحر الکاہل کی جزائر پر مشتمل ریاست پاپوا نیوگنی کے دارالحکومت پورٹ موریسبی پہنچ گئے ہیں۔ یہ کسی بھی چینی لیڈر کا اس ریاست کا پہلا دورہ ہے اور اسے غیر معمولی اہمیت حاصل ہے۔ وہ آج جمعے کو اعلیٰ حکومتی اہلکاروں سے دو طرفہ امور پر گفتگو کریں گے۔ چینی صدر کا پورٹ موریسبی پہنچنے پر عوامی اور سرکاری طور شاندار استقبال کیا گیا۔ انہوں نے آمد کے تھوڑی دیر بعد ملکی پارلیمنٹ کے باہر تعمیر کی جانے والی ایک بڑی شاہراہ کا افتتاح بھی کیا۔ پورٹ موریسبی میں ایشیا پیسیفک اکنامک فورم کی سمٹ میں شرکت سے قبل چینی صدر پہنچے ہیں۔ یہ دو روزہ سربراہ اجلاس ہفتہ سترہ نومبر سے شروع ہو گا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے