لاہور: پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ اسپتال میں جگر ٹرانسپلانٹ کے پہلے کامیاب آپریشن پر مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا کہنا ہے کہ اپنے دور میں پی کے ایل آئی اسپتال قائم کرنا بڑی ترجیح تھی۔
شہباز شریف نے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ پی کے ایل آئی میں جگر کے کامیاب ٹرانسپلانٹ کی بڑی خبر سنی جس پر ڈاکٹر سعید اختر، ڈاکٹر فیصل دار، سابق وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق اور دیگر متعلقہ محکمہ صحت کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
شہباز شریف نے کہا کہ ان غریب لوگوں کے لیے یہ منصوبہ 100 فیصد مفت ہے جو علاج کے اخراجات برداشت نہیں کرسکتے۔
مسلم لیگ (ن) کے صدر کا اپنے ایک اور بیان میں کہنا تھا کہ پاکستانیوں کو دیگر ممالک علاج کے لیے جانا پڑتا تھا اور بھاری وسائل درکار ہوتے تھے لیکن اب پاکستانی اپنے ملک میں علاج کراسکتے ہیں اور پیسوں کی کمی بھی ان کے راستے کی رکاوٹ نہیں ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جگر اور گردے کے تیزی سے بڑھتے امرض کی بناء پر یہ اسپتال بنانے کا فیصلہ کیا تھا اور اپنے دور میں یہ اسپتال قائم کرنا ایک بڑی ترجیح تھی، ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے دن رات محنت کی۔