بدھ : 12 مارچ 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]شام: داعش کے متعدد جنگجوؤں نے ہتھیار ڈال دیے[/pullquote]

امریکی حمایت یافتہ سیریئن ڈیموکریٹک فورسز کے مطابق شام کے مشرقی حصے میں داعش کے جنگجؤوں کی ایک بڑی تعداد نے اپنے اہل خانہ کے ہمراہ خود کو فورسز کے حوالے کر دیا ہے۔ سیریئن ڈیموکریٹک فورسز کے میڈیا دفتر کے سربراہ مصطفیٰ بالی نے بتایا ہے کہ باغہوز میں جیسے ہی اُن تمام جنگجوؤں کی طرف سے ہتھیار ڈالنے کا عمل مکمل ہو گا جو خود کو ایس ڈی ایف کے حوالے کرنا چاہتے ہیں، آپریشن ایک بار پھر شروع ہو جائے گا۔ ان کے مطابق باغہوز میں جہادیوں کی عنقریب مکمل شکست ہونے والی ہے۔

[pullquote]ایرانی خاتون وکیل کو مزید دس سال قید کی سزا[/pullquote]

انسانی حقوق کی کارکن ایرانی وکیل نسرین ستودہ کو دس برس مزید جیل کی سزا دی گئی ہے۔ وہ پہلے ہی پانچ برس قید کی سزا بھگت رہی ہیں۔ نسرین ستودہ کو پانچ برس قید کی سزا جاسوسی کے الزام میں سنائی گئی تھی۔ انہیں بعد ازاں سات مختلف الزامات کے تحت ایک ساتھ کُل تینتیس برس قید کی سزا سنائی گئی ہے جن میں سے طویل ترین یہی 10 برس قید کی سزا ہے، جس کے لیے وہ جیل میں رہیں گی۔ نسرین کے شوہر رضا خاندان کے مطابق عدالت میں حجاب کے بغیر حاضر ہونے کی وجہ سے نسرین کو ایک سو اڑتالیس کوڑے بھی مارے جائیں گے۔ سن 2012 میں سخاروف پرائز حاصل کرنے والے نسرین ستودہ کو گزشتہ برس گرفتار کیا گیا تھا۔

[pullquote]پارلیمان نے بریگزٹ معاہدے میں ترامیم آج منظور نہ کیں تو یورپی یونین سے اخراج مشکل میں پڑ جائے گا، ٹریزا مے[/pullquote]

برطانوی وزیراعظم ٹریزا مے نے ملکی پارلیمان میں کہا ہے کہ اگر ارکان پارلیمان نے برطانیہ اور یورپی یونین کے مابین بریگزٹ معاہدے میں ترامیم مسترد کردیں تو یونین سے اخراج مشکل میں پڑ سکتا ہے۔ برطانیہ اور یورپی یونین کے مابین بریگزٹ معاہدے میں ترامیم پر اتفاق رائے کے بعد برطانوی اپوزیشن رہنما جیریمی کوربن نے ایک بار پھر مطالبہ کیا تھا کہ پارلیمان کے ایوان زیریں میں اس حوالے سے ہونے والی مجوزہ رائے شماری میں اس معاہدے کو دوبارہ مسترد کر دیا جائے۔ برطانوی پارلیمان میں اس ترمیم شدہ معاہدے پر ووٹنگ آج شب آٹھ بجے ہو رہی ہے۔

[pullquote]’نیا ڈیجیٹل ٹیکس‘: امریکا کی یورپی یونین کو مقدمے کی دھمکی[/pullquote]

امریکا نے فرانس اور یورہی یونین کے رکن چند دیگر ممالک کو خبردار کیا ہے کہ وہ بڑی بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں پر آئندہ عائد کیے جانے والے ایک نئے ڈیجیٹل ٹیکس کے معاملے کو عالمی ادارہ تجارت میں لے جا سکتا ہے۔ امریکی محکمہ خزانہ کے ایک اعلیٰ اہلکار اور پیرس میں جاری عالمی سطح پر ٹیکسوں سے متعلق مذاکرات میں شامل مندوب چِپ ہارٹر نے منگل کے روز کہا کہ یورپی ممالک کے یہ مجوزہ ٹیکس امتیازی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکا ان کے خلاف ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن میں شکایت بھی کر سکتا ہے۔ یہ ڈیجیٹل ٹیکس زیادہ تر فیس بک اور گوگل جیسی بڑی بڑی امریکی ٹیکنالوجی کمپنیوں کو متاثر کریں گے۔

[pullquote]سعودی اتحاد کے فضائی حملوں میں بائیس یمنی شہری ہلاک[/pullquote]

شمالی یمن کے ایک گاؤں پر سعودی قیادت میں قائم عسکری اتحاد کے فضائی حملوں میں دس عورتوں اور بارہ بچوں سمیت کم از کم بائیس عام شہری ہلاک ہو گئے ہیں۔ یہ بات یمن میں طبی ذرائع نے وہاں اقوام متحدہ کی انسانی بنیادوں پر امداد کی خاتون رابطہ کار لیزے گرانڈ کا حوالہ دیتے ہوئے بتائی۔ یہ فضائی حملے یمنی صوبے حجہ کے ضلع کُشر میں کیے گئے۔ ان حملوں میں تیس افراد زخمی بھی ہوئے، جن میں سے چودہ کی عمریں اٹھارہ برس سے کم بتائی گئی ہیں۔ حوثی باغیوں کے ٹیلی وژن المسیرہ نے بتایا کہ ان فضائی حملوں میں کم از کم 23 عام شہری مارے گئے۔

[pullquote]جنوبی بھارت میں نوجوان خاتون پر حملہ، اپوزیشن سیاستدانوں کا احتجاج[/pullquote]

بھارت کے جنوبی حصے میں ایک خاتون پر ایک حالیہ جنسی حملے سے متعلق رپورٹوں کے بعد کافی غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ اس بارے میں ریاستی سطح پر اپوزیشن سیاستدانوں نے احتجاج کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ اس واقعے کی چھان بین میں کوئی پیش رفت نہیں ہو رہی۔ یہ جنسی حملہ ایک انیس سالہ لڑکی پر ریاست تامل ناڈو میں کیا گیا تھا۔ اپوزیشن سیاستدانوں کا الزام ہے کہ حکومت مبینہ طور پر ملزمان کو تحفظ فراہم کر رہی ہے۔

[pullquote]کنٹرول لائن کے آر پار فائرنگ کا نیا تبادلہ، دو افراد ہلاک[/pullquote]

پاکستان اور بھارت کے مابین منقسم کشمیر میں کنٹرول لائن کے آر پار سے پاکستانی اور بھارتی دستوں کے مابین فائرنگ کے نئے تبادلے میں کم از کم دو افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ پاکستانی فوج کے مطابق ہلاک ہونے والے دونوں افراد عام شہری تھے، جو پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں پیر کی شام اس وقت مارے گئے، جب چکوٹھی سیکٹر میں بھارتی دستوں نے مبینہ طور پر بلا اشتعال فائرنگ شروع کر دی۔ اس فائرنگ کے جواب میں پاکستانی فوج کی طرف سے بھی بھارتی دستوں پر فائرنگ کی گئی۔

[pullquote]ایرانی عدلیہ کے نئے سخت گیر سربراہ رئیسی کے لیے اضافی ذمے داریاں[/pullquote]

ایران میں حال ہی میں ملکی عدلیہ کے سربراہ بنائے گئے ابراہیم رئیسی کو ماہرین کی ایک بہت بااثر ملکی کونسل میں بھی اہم ذمے داریاں سونپ دی گئی ہیں۔ سرکاری نیوز ایجنسی اِرنا نے منگل کے روز بتایا کہ رئیسی کو اب مجلس خبرگانِ رہبری کا نائب سربراہ بھی منتخب کر لیا گیا ہے۔ ان کے حق میں تینتالیس اور مخالفت میں پینتیس ووٹ ڈالے گئے۔ مجلس خبرگانِ رہبری ایک ایسی اسمبلی ہے، جو ملکی سپریم لیڈر کو نامزد کر سکتی یا انہیں ان کے عہدے سے ہٹا بھی سکتی ہے۔ اس اٹھاسی رکنی مجلس کے موجودہ سربراہ بانوے سالہ آیت اللہ احمد جنتی ہیں۔ رئیسی کو سپریم لیڈر خامنہ ای نے گزشتہ ہفتے ہی ملکی عدلیہ کا نیا سربراہ مقرر کیا تھا۔

[pullquote]امریکا نے میکس آٹھ بوئنگ کی پروازیں جاری رکھنے کی اجازت دے دی[/pullquote]

چند ماہ کے اندر اندر دوسرے بڑے فضائی حادثے کے باوجود امریکا کی فیڈرل ایوی ایشن اتھارٹی ایف اے اے نے بوئنگ میکس آٹھ کی تجارتی پروازیں جاری رکھنے کی اجازت دے دی ہے۔ اتھارٹی کے مطابق اتوار کے روز ایتھوپین ایئرلائنز کے ایسے ایک ہوئی جہاز کی تباہی سے ایسی معلومات نہیں ملیں، جن کے پیش نظر امریکا میں ان طیاروں کی پروازوں پر پابندی لگا دی جائے۔ قبل ازیں اس بوئنگ کے محفوظ ہونے سے متعلق کئی سوالات اٹھنا شروع ہو گئے تھے۔ چین اپنے ہاں اس طرز کے طیاروں کی تمام پروازیں بند کر چکا ہے۔ ویت نام نے بھی کہہ دیا ہے کہ جب تک ایتھوپین ایئر لائنز کے طیارے کی تباہی کی وجوہات کا تعین نہیں ہوتا، اس طرز کے بوئنگ طیاروں کو ملک میں اترنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

[pullquote]برطانیہ اور یورپی یونین کے مابین بریگزٹ معاہدے میں ترامیم پر اتفاق رائے[/pullquote]

برطانیہ اور یورپی یونین کے مابین بریگزٹ معاہدے میں ترامیم پر اتفاق رائے ہو گیا ہے۔ اطراف کے بیانات کے مطابق یہ اتفاق رائے برطانیہ کے یورپی یونین سے عنقریب اخراج کے لیے پہلے سے طے پا چکے معاہدے میں شمالی آئرلینڈ کی سرحد کی نگرانی سے متعلق اس دستاویز کے متنازعہ حصے کے بارے میں ہے۔ یورپی کیمشن کے صدر ژاں کلود ینکر نے اسٹراسبرگ میں برطانوی وزیر اعظم ٹریزا مے کے ساتھ بات چیت کے بعد کہا کہ فریقین نے بریگزٹ معاہدے کے ایک ایسے اضافی حصے پر اتفاق کر لیا ہے، جس پر عمل درآمد قانوناﹰ دونوں کے لیے لازمی ہو گا۔ اس پیش رفت کے باوجود برطانوی اپوزیشن رہنما جیریمی کوربن نے ایک بار پھر مطالبہ کیا ہے کہ آج منگل کو ملکی پارلیمان کے ایوان زیریں میں بریگزٹ معاہدے کی منظوری کے لیے ہونے والی مجوزہ رائے شماری میں اس معاہدے کو دوبارہ مسترد کر دیا جائے۔

[pullquote]فرانس نے بھی جرمن فرانسیسی پارلیمانی اسمبلی کے قیام کی منظوری دے دی[/pullquote]

فرانسیسی پارلیمان نے بھی جرمنی اور فرانس سے تعلق رکھنے والے ارکان پارلیمان پر مشتمل ایک جرمن فرانسیسی پارلیمانی اسمبلی کے قیام کی منظوری دے دی ہے۔ یہ نئی مشترکہ اسمبلی جرمن ایوان زیریں بنڈس ٹاگ اور فرانس کی قومی اسمبلی کے پچاس پچاس ارکان پر مشتمل ہو گی، جن میں ان دونوں قومی پارلیمانی اداروں میں نمائندگی کی حامل تمام جماعتوں کے ارکان کو شامل کیا جائے گا۔ اس نئے دو قومی پارلیمانی ادارے کا کام یورپی یونین کے ضوابط پر عمل درآمد کے لیے مل کر کام کرنا ہو گا۔ اس پارلیمانی اسمبلی کے فیصلوں پر عمل درآمد تاہم برلن اور پیرس میں ملکی حکومتوں کے لیے لازمی نہیں ہو گا۔ اس اسمبلی کا اولین اجلاس پچیس مارچ کو پیرس میں ہو گا۔ برلن میں بنڈس ٹاگ پہلے ہی اس مشترکہ پارلیمانی اسمبلی کے قیام کی منظوری دے چکی ہے۔

[pullquote]پاکستان نے عسکریت پسندوں سے سختی سے نمٹنے کی یقین دہانی کرائی ہے، امریکی مشیر[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے قومی سلامتی کے مشیر جان بولٹن نے کہا ہے کہ پاکستان نے امریکا کو یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں حملے کرنے والے عسکریت پسندوں سے سختی سے نمٹنے کا تہیہ کیے ہوئے ہے۔ جان بولٹن نے پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے ساتھ ٹیلی فون پر گفتگو کے بعد ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ پاکستان نے زور دے کر کہا ہے کہ وہ تمام دہشت گردوں سے بہت سختی سے نمٹے گا۔ ساتھ ہی جان بولٹن نے یہ بھی کہا کہ پاکستانی وزیر خارجہ نے انہیں یقین دلایا ہے کہ اسلام آباد نئی دہلی کے ساتھ کشیدگی میں کمی کے لیے بھی اقدامات کرتا رہے گا۔

[pullquote]الجزائر کے صدر بوتفلیقہ دوبارہ انتخابی امیدوار نہیں ہوں گے[/pullquote]

گزشتہ بیس برسوں سے شمالی افریقی ملک الجزائر کے صدر چلے آ رہے عبدالعزیز بوتفليقہ نے عوامی احتجاج کے سامنے ہار مان لی ہے۔ انہوں نے اب پانچویں مرتبہ صدارتی امیدوار نہ بننے کا فیصلہ کیا ہے۔ بیاسی سالہ صدر کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق اٹھارہ اپریل کو ہونے والے صدارتی انتخابات بھی ملتوی کیے جا رہے ہیں۔ اب یہ انتخابات ایک ’قومی کانفرنس‘ کے انعقاد کے بعد کرائے جائیں گے۔ یہ قومی کانفرنس رواں برس کے آخر تک ملکی سیاسی نظام میں اصلاحات اور ایک نئے آئین کے لیے تجاویز پیش کرے گی۔ صدر بوتفلیقہ کی طرف سے اعلان کردہ صدارتی امیدواری کے خلاف گزشتہ دو ہفتوں سے بھی زائد عرصے سے الجزائر میں بڑے پیمانے پر عوامی مظاہرے جاری تھے۔

[pullquote]بیلجیم میں یہودی میوزیم پر حملے کے ملزم کو عمر قید کی سزا[/pullquote]

بیلجیم کے دارالحکومت کے یہودی میوزیم پر حملے کے مرکزی ملزم کو عمر قید کی سزا سنا دی گئی ہے۔ یہ اعلان برسلز میں ایک عدالت کی طرف سے پیر اور منگل کی درمیانی شب کیا گیا۔ اس مقدمے میں سز اپانے والے فرانسیسی شہری مہدی نموش کو عدالت نے گزشتہ ہفتے ہی قصور وار قرار دے دیا تھا۔ عدالت کے مطابق یہ ثابت ہو گیا تھا کہ چوبیس مئی دو ہزار چودہ کو اس تینتیس سالہ ملزم نے برسلز کے یہودی میوزیم میں فائرنگ کر کے چار افراد کو قتل کر دیا تھا۔ اس مقدمے کے شریک ملزم ناصر بندرر کو پندرہ سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔

[pullquote]جرمن کار ساز ادارے فوکس ویگن کو بارہ ارب یورو سے زائد کا منافع[/pullquote]

جرمنی سے تعلق رکھنے والے یورپ کے سب سے بڑے کار ساز ادارے فوکس ویگن نے آج منگل کے روز بتایا کہ اسے گزشتہ برس بارہ اعشاریہ ایک ارب یورو (تیرہ اعشاریہ چھ ارب ڈالر) کا خالص منافع حاصل ہوا۔ سالانہ منافع کی یہ مالیت ماہرین کی توقع سے کہیں زیادہ ہے۔ عمومی خدشات یہ تھے کہ فوکس ویگن گروپ کی مختلف گاڑیاں بنانے والی کمپنیوں کو ’ڈیزل گیٹ‘ نامی اسکینڈل کی وجہ سے کیے گئے جرمانوں اور دیگر اخراجات کے باعث منافع میں کمی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ دو ہزار اٹھارہ میں بھی وولفسبرگ کی اس کمپنی کو دو ہزار سترہ کی طرح ایسی ادائیگیوں کی مد میں تین اعشاریہ دو ارب یورو ادا کرنا پڑے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے