اسلام آباد: یومِ پاکستان پر مسلح افواج کی شاندار پریڈ، دفاعی ساز و سامان کی نمائش

اسلام آباد: ملک بھر میں یومِ پاکستان ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے اور اس مناسبت سے اسلام آباد کے پریڈ گراؤنڈ میں مسلح افواج کی شاندار پریڈ کی گئی جب کہ دفاعی ساز و سامان کی نمائش بھی کی جارہی ہے۔

اسلام آباد کے پریڈ گراؤنڈ میں ہونے والی مسلح افواج کے ساتھ پریڈ میں چین، سعودی عرب اور آذربائیجان کے دستے اور ہواز باز بھی شریک ہوئے۔

تقریب کے مہمان خصوصی ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد ہیں جو صدرِ مملکت عارف علوی، وزیراعظم عمران خان، وزیر دفاع پرویز خٹک، چیئرمین جوائنٹ چیفس جنرل زبیر محمود حیات، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود، ائیرچیف مارشل مجاہد انورخان اور وائس ائیر چیف کے ہمراہ سلامی کے چبوترے پر براجمان ہیں۔

صدرِ مملکت سمیت مہمانِ خصوصی کی آمد کے بعد گراؤنڈ میں قومی ترانا پڑھا گیا اور تلاوتِ کلام پاک کی گئی جس کے بعد صدرِ مملکت عارف علوی کو مسلح افواج کے دستوں سے سلامی پیش کی اور صدر نے مسلح افواج کی پریڈ کا معائنہ کیا۔

صدرِ مملکت کو سلامی پیش کیے جانے کے بعد پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان کی سربراہی میں جنگی طیاروں نے صدرِ مملکت کو سلامی پیش کی جب کہ ائیرچیف نے کاکٹ پٹ سے براہِ راست پیغام بھی دیا۔

ائیرچیف کی سربراہ میں طیاروں کا فلائی پاسٹ

ائیر چیف کی سربراہی میں پاک فضائیہ کے ایف 16 طیاروں نے فلائی پاسٹ کیا اور اس دوران طیاروں کی گھن گھرج نے وفاقی دارالحکومت کا ماحول گرما دیا۔

ائیر چیف مارشل نے ایف 16 طیارے میں پریڈ گراؤنڈ کے چکر لگائے اور فضا میں بلند ہوگئے، جے ایف 17، ایف 16، میراج اور ایف 7 پی طیاروں نے بھی فلائی پاسٹ کیا۔

صدرِ مملکت عارف علوی نے تقریب کے شرکاء سے خطاب کیا اور شاندار پریڈ کے انعقاد پر مسلح افواج اور منتظمین کو مبارکباد دی۔

پاک فوج، رینجرز، بحریہ کے دستوں نے معزز مہمانوں کو سلامی دی اور الخالد ٹینکوں کے دستے نے بھی مخصوص انداز میں سلامی پیش کی۔

تقریب میں دفاعی سازو سامان کی نمائش کی گئی جس میں دشمن کو دندان شکن جواب دینے کی صلاحیت رکھنے والے الخالد سمیت دیگر ٹینکوں اور میزائلوں کی بھی نمائش کی گئی۔

تقریب میں غیر ملکی مہمان بحرین کی نیشنل گارڈ کے سربراہ اور آذربائیجان کے وزیر دفاع بھی تقریب میں شریک ہیں۔

اس کے علاوہ حکومتی شخصیات، غیر ملکی سفارتکار اور اعلیٰ سول و عسکری حکام سمیت زندگی کے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والی شخصیات تقریب میں شریک ہیں۔

دارالحکومتوں میں توپوں کی سلامی

یومِ پاکستان پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں صبح کے آغاز پر31 توپوں کی سلامی دی گئی جب کہ چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔

مساجد میں ملکی سلامتی، استحکام اور امن کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

مزارِ اقبال پر گارڈز کی تبدیلی

یومِ پاکستان کی مناسبت سے لاہور میں مزارِ اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب ہوئی جس میں پاک فضائیہ کےچاق و چوبند دستے نےگارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔

بیس کمانڈر لاہور ائیر کموڈور سیدصباحت حسن نے مزار اقبال پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے