لاہور: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہےکہ جہانگیر ترین کی بے پناہ کاوشیں ہیں جن کا کل بھی معترف تھا اور آج بھی ہوں لیکن جہانگیر ترین کے سرکاری اجلاسوں میں بیٹھنے پر (ن) لیگ کو بولنے کا موقع ملتاہے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پنجاب میں پیپلز پارٹی کا کوئی مستقبل نظر نہیں آتا، الیکشن سے پہلے کسی کو امید نہیں تھی کہ پنجاب میں پیپلزپارٹی کی حکومت بنے گی۔
شاہ محمود قریشی نے ایک بار پھر بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا نام تبدیل کرنے کے فیصلے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ نام تبدیل کرنےکا فیصلہ سیاسی طور پر درست نہیں ہوگا، مسئلہ پروگرام کے نام کا نہیں کام کا ہے، نام تبدیل کرنا نان ایشو کو ایشو بنانے کے مترادف ہے۔
جہانگیر ترین کی سرکاری اجلاسوں میں موجودگی سےمتعلق سوال پر وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ جہانگیر ترین کی بے پناہ کاوشیں ہیں جن کا کل بھی معترف تھا اور آج بھی ہوں لیکن جہانگیر ترین سے کہوں گا سوچیے،آج جب آپ سرکاری میٹنگز میں بیٹھتے ہیں تو مریم اورنگزیب کو بولنے کاموقع ملتاہے، (ن) لیگ اس پر سوال اٹھاتی ہےکہ کیا یہ عدالت کی توہین نہیں، تحریک انصاف کا کارکن اس کو ذہنی طور پر قبول نہیں کرپارہا۔
شاہ محمود نے مزید کہا کہ بلاول کو کہا جو آپ کرنے لگے ہیں اس سے نقصان ہوگا، زوال پذیر چہروں سے چھٹکارے پائے بغیر پیپلزپارٹی کامیاب نہیں ہوسکتی۔
جہاں جاتا ہوں عمران خان کی مرضی اور خواہش سے جاتا ہوں: جہانگیر ترین
شاہ محمود قریشی کے بیان پر جہانگیر ترین نے کا کہنا ہے کہ میں جہاں بھی جاتا ہوں عمران خان کی مرضی اور خواہش سے جاتا ہوں، مجھے شاہ محمود قریشی سمیت پاکستان کی خدمت سے کوئی نہیں روک سکتا۔