اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان بھارت کی جانب سے کراس ایل اوسی تجارت کی یکطرفہ معطلی کی مذمت کرتا ہے۔
دفترخارجہ سے جاری ہونے والے بیان میں ترجمان ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ پاکستان سے مشاورت کے بغیر کراس ٹریڈ کی معطلی انتہائی افسوسناک ہے، پاکستان اس یکطرفہ معطلی کی مذمت کرتا ہے جب کہ کشمیر سے متعلق اس سی بی ایم کی یکطرفہ معطلی ظاہر کرتی ہے کہ بھارت پیچھے ہٹنے کی کوشش کررہاہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ کراس ایل اوسی تجارت دونوں ملکوں کے درمیان فعال اعتماد سازی کے اقدامات میں سے ایک ہے جو سفارتی کوششوں کے بعد عمل میں لائی گئی، بھارتی ایکشن بے بنیاد الزامات پر مبنی ہے کہ یہ طریقہ کارسمگلنگ ،نارکوٹکس ، جعلی کرنسی اور دہشتگردی کے لئے استعمال کیا جا رہا ہے، پاکستان اس کے غلط استعمال سے متعلق بھارتی الزامات کو مستر دکرتا ہے۔