قرض اتارنے کیلئے مشکل وقت سے گزرنا پڑے گا: وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک میں ہونے والی مہنگائی کا احساس ہے لیکن قرض اتارنے کے لیے مشکل وقت سے گزرنا پڑے گا۔

راولپنڈی میں اسپتال کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ماں بچہ اسپتال کے لیے ٹاسک فورس بنائی ہے، جہاں بھی ضرورت ہو گی نئے اسپتال بنائیں گے، غریب آدمی کے پاس ہیلتھ کارڈ ہو تو وہ ہر جگہ اپنا علاج کرا سکتا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ مجھے احساس ہے کہ اس وقت ملک میں مہنگائی ہے، گیس مہنگی ہے، بجلی مہنگی ہے لیکن گیس اور بجلی اس لیے مہنگی ہوئی کہ یہ محکمے مقروض ہو چکے ہیں، پچھلا نظام ٹھیک نہیں تھا اس لیے قرضے چڑھ گئے۔

انہوں نے کہا کہ قرض اتارنے کے لیے ہمیں تھوڑا مشکل وقت گزارنا پڑے گا، جیسے جیسے نظام ٹھیک ہوتا جائے گا پتا چل جائے گا کہ یہ ملک اللہ کی کتنی بڑی نعمت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں نوجوانوں کو قرضے دینے ہیں، دیہات میں غریبوں کو گائے بھینسیں، بکریاں اور مرغیاں دیں گے جب کہ شہری علاقوں میں سستےگھر دیں گے جس کا پروگرام بنا لیا ہے۔

[pullquote]پاکستان تیزی سے معاشی استحکام کی طرف بڑھ رہا ہے: وزیراعظم[/pullquote]

قبل ازیں وزیراعظم عمران خان سے سینئر قانون دان ڈاکٹر بابر اعوان نے وزیراعظم آفس میں ملاقات کی جس میں ملک کی مجموعی سیاسی، آئینی اور قانونی صورت حال پر مشاورت کی گئی۔

بابر اعوان کا کہنا تھا کہ قوم نے حکومتی پالیسیوں پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے، قومی ترقی کے لیے اداروں کی مضبوطی اور تنظیم نو نا گزیر ہے۔

انہوں نے وزیراعظم سے کہا کہ کرپشن کے خلاف مہم میں تیزی عوامی مفاد میں ہے، کرپشن کے مرکزی کردار ایک ایک کر کے بری طرح بے نقاب ہو چکے۔

ان کا کہنا تھا کہ احتساب کا عمل بلا امتیاز جاری ہے اور لوٹ مار کرنے والے منطقی انجام کو پہنچیں گے۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ قومی اداروں کی تنظیم نو کا عمل ڈی ریل نہیں ہو گا، پوری قوم کرپشن اور غربت سے نجات چاہتی ہے، عوام کو مایوس نہیں کریں گے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ مشکل فیصلے قوم اور ملک کے وسیع تر مفاد میں کر رہے ہیں اور پاکستان تیزی سے معاشی استحکام کی طرف بڑھ رہا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے