اسلام آباد: سابق وزیر خزانہ اسد عمر نے آئی ایم ایف سے معاہدے کی صورت میں ڈالر کی قیمت میں اضافے کا تاثر مسترد کردیا۔
قائمہ کمیٹی برائے تجارت کے اجلاس کے بعد میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں اسد عمر نے کہا کہ ڈالر کی قیمت میں اضافے کی وجہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ نہیں، آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے میں جب تک میں تھا ایسی کوئی شرط نہیں تھی۔
انہوں نے کہا کہ روپے کی قدر میں کمی کا معاملہ قومی اسمبلی کی خزانہ امور کمیٹی میں اٹھایا جائے گا۔
اس موقع پر وزیر مملکت ریونیو حماد اظہر کا کہنا تھا کہ ڈالر کی قیمت میں اضافے کا معاملہ اسٹیٹ بینک کا کام ہے، وزیراعظم نے روپے کی قدر میں کمی کا نہیں،کرنسی اسمگلنگ کا نوٹس لیا۔
انہوں نے کہا کہ مانیٹری پالیسی میں صرف ایک حکومتی نمائندہ ہوتا ہے۔