پیر : 27 مئی 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]ڈھاکا میں حملہ، اسلامک سٹیٹ نے ذمہ داری قبول کر لی[/pullquote]

بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکا میں گزشتہ روز ہوئے ایک بم دھماکے کی ذمہ داری اسلامک اسٹیٹ نے قبول کر لی ہے۔ حکام نے بتایا ہے کہ اتوار کو ہوئے اس حملے میں دو افراد زخمی ہوئے۔ شدت پسندوں کی تنظیم کی ویب سائٹ عماق پر دعویٰ کیا گیا کہ اس کارروائی میں پولیس کی ایک گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔ تاہم اس دعوے کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔ ڈھاکا حکومت ملک میں بین الاقوامی شدت پسندوں کی موجودگی سے انکار کرتی ہے۔

[pullquote]لیوں حملے کا مشتبہ ملزم گرفتار[/pullquote]

فرانسیسی پولیس نے لیوں میں ہوئے حملے کے الزام میں تین مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔ اس جنوب مشرقی شہر میں گزشتہ ہفتے ہوئے دھماکے کی وجہ سے تیرہ افراد زخمی ہو گئے تھے۔ پیرس میں استغاثہ نے پیر کو بتایا کہ چوبیس سالہ مشتبہ حملہ آور الجزائر سے تعلق رکھتا ہے۔ اس ملزم کی والدہ اور ایک دوست کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔ لیوں کے میئر کے مطابق مشتبہ حملہ آور پہلے سے پولیس کے ریکارڈ پر تھا۔

[pullquote]عراق میں ایک اور فرانسیسی جہادی کو سزائے موت[/pullquote]

عراق میں ایک عدالت نے ایک اور فرانسیسی جہادی کو سزائے موت سنا دی ہے۔ یوں عراق میں اسلامک اسٹیٹ کے ایسے چوتھے رکن کو یہ سزا سنائی گئی ہے، جو فرانسیسی شہری ہے۔ عدالتی ذرائع نے بتایا کہ انہی الزامات کے تحت پانچویں فرانسیسی کے خلاف بھی کارروائی جاری ہے۔ پیرس حکومت نے کہا ہے کہ عراق کی عدالتیں اس طرح کے کیسوں میں سزا سنانے کا حق رکھتی ہیں لیکن فرانس سزائے موت کے خلاف ہے۔

[pullquote]کویت میں ٹریفک حادثہ، آٹھ ہلاک[/pullquote]

خلیجی ریاست کویت کے شمال مغربی حصے میں پیر ستائیس مئی کی صبح ہونے والے حادثے میں کم از کم آٹھ افراد مارے گئے ہیں۔ حادثے میں ہونے والی ہلاکتوں کی وجہ تیز رفتار کار کا لوگوں کی بھڑ میں گھس جانا بتائی گئی ہے۔ حادثے کا شکار ہونے والے افراد پہلے سے ایک چھوٹے حادثے کے لیے جمع تھے۔ کویت کی آبادی پینتالیس لاکھ ہے اور ٹریفک حادثات کی تعداد غیر معمولی خیال کی جاتی ہے۔

[pullquote]سڑک کنارے بم پھٹنے سے دس افغان فوجیوں کی ہلاکت[/pullquote]

شمالی افغانستان میں سڑک کنارے بم پھٹنے کے نتیجے میں کم از کم دس فوجیوں کے مارے جانے کی تصدیق کر دی گئی ہے۔ یہ بم دھماکا فراہ صوبے کے ضلع بالا بالوک میں ہوا۔ ہلاک ہونے والے فوجی اپنے بیس پہنچ کر تنخواہ وصول کرنا چاہتے تھے کہ بم دھماکے کی زد میں آ گئے۔ ہلاک ہونے والے فوجی ایک وین میں سوار تھے۔ فراہ صوبے کی کونسل کے رکن شاہ محمود نہامی نے کہا کہ دھماکا اتنا زوردار تھا کہ وین میں سوار تمام فوجی موقع پر ہی ہلاک ہو گے۔ طالبان نے بم نصب کرنے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔

[pullquote]برازیلی جیل میں تصادم، ایک درجن سے زائد ہلاکتیں[/pullquote]

برازیل کی ایک جیل میں قیدیوں کے درمیان ہونے والی لڑائی میں کم از کم پندرہ قیدی مارے گئے ہیں۔ قیدیوں نے لڑائی میں چاقوؤں اور خاردار برشوں کو استعمال کیا۔ کچھ ہلاک ہونے والوں کو گلا گھونٹ کر مارا گیا۔ یہ جھڑپ پیر ستائیس مئی کی صبح میں شروع ہوئی۔ جیل شمالی برازیلی ریاست ایمیزوناس کے دارالحکومت ماناؤس سے اٹھائیس کلو میٹر دور واقع ہے۔ اسی جیل میں سن 2017 میں قیدیوں نے جیل حکام کے خلاف بغاوت کر دی تھی، جس کو رفع کرنے کے ایکشن میں چھپن افراد مارے گئے تھے۔

[pullquote]افغانستان کے تاریخی جام مینار کو بچا لیا گیا[/pullquote]

افغان حکام نے تاریخی ’جام مینار‘ کو منہدم ہونے سے بچا لیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ سینکڑوں مزدوروں اور حکومتی اہلکاروں نے قریب سے بہتے دریائے ہری کا رخ موڑنے میں کامیابی حاصل کر لی ہے۔ خدشہ تھا کہ شدید بارشوں کے بعد آنے والا سیلاب اس قدیمی خزانے کو تباہ کر دے گا۔ اس کے باوجود شدید سیلابی ریلوں نے پندرہ میٹر بلند حفاظتی پشتے کو نقصان پہنچایا ہے۔ بارہویں صدی کا یہ تاریخی شاہکار افغان صوبے غور کے شہرک میں واقع ہے۔ انتہائی تنگ وادی میں واقع یہ مینار یونیسکو کے عالمی ورثے کا حصہ بھی ہے۔

[pullquote]آسٹریا: عدم اعتماد کی تحریک کی حمایت کا امکان ہے، فریڈم پارٹی[/pullquote]

آسٹریا کی انتہائی دائیں بازو کی سیاسی جماعت فریڈم پارٹی نے چانسلر سیباستان کرس کے خلاف پیش کردہ تحریک عدم اعتماد کی حمایت کا عندیہ دیا ہے۔ آسٹریائی پارلیمنٹ میں عدم اعتماد کی تحریک پر رائے شماری پیر ستائیس مئی کو ہو رہی ہے۔ یہ اشارہ پارٹی کے نامزد سربراہ نوربیرٹ ہوفر نے رپورٹرز کے ساتھ گفتگو کے دوران دیا۔ اس صورت میں سیباستان کرس کو چانسلر کا منصب سنبھالنا ناممکن دکھائی دے رہا ہے۔ چانسلر کرس پہلے ہی قبل از وقت انتخابات کا اعلان کر چکے ہیں جو رواں برس ستمبر ہو سکتے ہیں۔ عدم اعتماد کی تحریک سوشل ڈیموکریٹک پارٹی نے پیش کی ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے