لاہور: مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف 8 جون کو پاکستان پہنچیں گے۔
ذرائع کے مطابق سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کا لندن میں 7 جون کو میڈیکل چیک اپ ہوگا جہاں ذاتی معالج ان کا مکمل طبی معائنہ کریں گے جس کے بعد وہ 8 جون کو پاکستان پہنچیں گے۔
ذرائع کا کہناہے کہ شہباز شریف پُر امید ہیں ڈاکٹرز چیک اپ کے بعد ان کو سفر کی اجازت دے دیں گے۔
ذرائع نے بتایا کہ مسلم لیگ (ن) کے صدر پاکستان پہنچتے ہی اپنے بڑے بھائی نواز شریف اور والدہ سے ملاقات کریں گے جب کہ وہ ملکی صورتحال پر پارٹی رہنماؤں سے مشاورت بھی کریں گے۔
واضح رہےکہ نیب نے گزشتہ سال 5 اکتوبر کو آشیانہ اقبال ہاؤسنگ کیس میں شہبازشریف کو گرفتار کیا تھا جب کہ لاہور ہائیکورٹ نے رواں سال فروری میں ان کو ضمانت پر رہائی اور نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دیا۔
شہبازشریف پوتی کی عیادت اور اپنے علاج کے سلسلے میں لندن روانہ ہوئے تھے جہاں ڈاکٹروں نے انہیں سفر کرنے سے روک دیا تھا جس کے بعد حکومتی وزراء کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہےکہ شہبازشریف وطن واپس نہیں آئیں گے۔