منگل : 18 جون 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]ایران کے خلاف امریکی الزامات سنجیدہ ہیں، میرکل[/pullquote]

جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے کہا ہے کہ امریکا کی طرف سے آئل ٹینکرز پر حملوں کے حوالے سے ایران کے خلاف لگائے جانے والے الزامات کو جرمنی سنجیدگی سے لیتا ہے تاہم وہاں پیدا شدہ بحران کا پر امن حل نکالا جانا چاہیے۔ میرکل نے یہ بات برلن میں یوکرائنی صدر وولودومیر زیلینسکی کے ساتھ ایک مشترکہ کانفرنس کے دوران کہی۔ امریکا نے الزام عائد کیا تھا کہ خلیج عمان میں دو آئل ٹینکرز پر حملوں کے پیچھے ایران کا ہاتھ ہے تاہم ایران نے اس کی تردید کی ہے۔

[pullquote]محمد مُرسی کی غائبانہ نماز جنازہ میں ایردوآن کی شرکت[/pullquote]

ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے مصر کے سابق صدر محمد مُرسی کی استنبول میں ادا کی جانے والی غائبانہ نماز جنازہ میں شرکت کی۔ محمد مُرسی پیر کے روز اپنے خلاف ایک مقدمے کی سماعت کے دوران عدالت میں انتقال کر گئے تھے۔ ایردوآن محمد مرسی کے حامی رہے ہیں۔ سابق مصری صدر کو آج منگل کی صبح سپرد خاک کر دیا گیا تھا۔

[pullquote]فوج کی مخالفت کرنے والے ملک دشمن ہیں، الجزائر کے فوجی سربراہ[/pullquote]

الجزائر کے فوجی سربراہ أحمد جيد صالح نے کہا ہے کہ فوج کی مخالفت کرنے والے ’الجزائر کے دشمن‘ ہیں۔ ان کا یہ بیان ایک ایسے وقت پر سامنے آیا ہے جب الجزائر میں مظاہرین کا احتجاج جاری ہے اور وہ فوج میں اصلاحات کا تقاضا کر رہے ہیں۔ عوامی احتجاج کے بعد الجزائر میں طویل عرصے تک اقتدار میں رہنے والے صدر عبدالعزیز بوتفلیقہ کے اقتدار کے خاتمے کے بعد سے فوجی سربراہ احمد جید صالح طاقتور ترین فرد قرار دیے جاتے ہیں۔

[pullquote]چینی صدر شی جِن پنگ سے ملوں گا، ٹرمپ[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ جی ٹونٹی سربراہی اجلاس کے موقع پر چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات کریں گے۔ ٹرمپ کے مطابق دونوں ممالک کے درمیاں تجارتی معاملات پر مذاکرات کا دوبارہ آغاز جلد ہی ہو گا۔ ٹرمپ نے یہ بیان چینی صدر شی جن پنگ کے ساتھ ٹیلی فون پر ہونے والی گفتگو کے بعد دیا ہے۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ چینی صدر کے ساتھ آئندہ ہفتے ایک تفصیلی ملاقات کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کی ٹیمیں اس ملاقات سے قبل ہی بات چیت شروع کر دیں گی۔

[pullquote]بھارتی ریاست بہار میں وبائی بخار کے سبب 100 سے زائد بچے ہلاک[/pullquote]

بھارت کی مشرقی ریاست بہار میں اینسیفیلائٹس بخار کی وبا پھیلنے کے باعث ایک سو سے زائد بچے ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ چار سو تیس بچے ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔ بہار کے سیکرٹری صحت سنجے کمار کے مطابق دماغی سوزش کا سبب بننے والے اس بخار سے اب تک 106 بچے ہلاک ہو چکے ہیں۔ بہار کے علاقے مظفر پور میں کئی افراد نے سری کرشنا میڈیکل کالج کے باہر احتجاجی مظاہرہ بھی کیا، جہاں ریاست کے وزیر اعلیٰ دورہ کر رہے تھے۔ اس ہسپتال میں کئی بچے زیر علاج ہیں۔

[pullquote]کانگو میں نسل پرستانہ تشدد میں 160 سے زائد افراد ہلاک[/pullquote]

افریقی ملک کانگو میں نسلی جھڑپوں کے نتیجے میں گزشتہ دو ہفتوں کے دوران 160 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ یہ بات کانگو کے شمال مشرقی صوبہ اِتوری کے گورنر ژاں بمانیسا نے بتائی ہے۔ اقوام متحدہ کے مطابق ان جھڑپوں کے سبب تین لاکھ کے قریب افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔ تشدد کا یہ سلسلہ جنوبی سوڈان اور یوگنڈا کے سرحدی علاقے کے قریب کانگو کے دور دراز علاقوں میں جاری ہے۔ اقوام متحدہ کے انسانی امدادی گروپوں کا کہنا ہے کہ انہیں متاثرہ علاقوں تک رسائی حاصل نہیں ہے۔

[pullquote]میرکل کی زیلینسکی سے ملاقات[/pullquote]

جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے آج برلن میں یوکرائن کے نئے صدر وولودومیر زیلینسکی سے ملاقات کی ہے۔ میرکل نے اس ملاقات کے بعد کہا کہ روس پر سے پابندیاں اس وقت تک نہیں اٹھائی جائیں گی، جب تک یوکرائن کو اس کی خود مختاری واپس نہیں مل جاتی۔ زیلینسکی کا جرمنی کا یہ پہلا دورہ ہے۔ یوکرائن کے صدر مغربی دفاعی اتحاد نیٹو اور یورپی یونین کی رکنیت کے حصول کی کوششوں میں ہے۔ زیلینسکی گزشتہ روز پیرس میں فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں سے بھی ملے تھے۔

[pullquote]شمالی مقدونیا اور البانیہ کو ابھی یورپی یونین میں شامل ہونے کے لیے انتظار کرنا پڑے گا[/pullquote]

شمالی مقدونیا اور البانیہ کو یورپی یونین میں شمولیت کے مذاکرات کے آغاز کے لیے ابھی مزید انتظار کرنا ہو گا۔ یورپی یونین میں یورپی امور کے وزیر نے ابھی تک بات چیت کے آغاز کے بارے میں کوئی واضح اشارہ نہیں دیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اس بارے میں جرمن پارلیمان کی جانب سے بھی ابھی کوئی فیصلہ سامنے نہیں آیا۔ اس کے علاوہ فرانس، ہالینڈ اور ڈنمارک نے شمالی مقدونیا اور البانیہ کی یورپی یونین کی رکنیت کے حوالے سے اپنے تحفظات کا اظہار کیا تھا۔ ناقدین کے مطابق ان دونوں ممالک میں بدعنوانی اور منظم جرائم کی روک تھام کے لیے خاطر خواہ اقدامات نہیں کیے گئے ہیں۔

[pullquote]ترکی اور امریکا کے مابین بات چیت جاری رہے گی[/pullquote]

روسی میزائل دفاعی نظام کی خریداری کے معاملے پر ترکی اور امریکا کے مابین بات چیت جاری رہے گی۔ امریکی جنرل ٹوڈ والٹرز کے مطابق آئندہ ہفتے نیٹو کے اجلاس کے دوران ترک اور امریکی وزرائے دفاع ملاقات کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکا کی جانب سے ترکی کو ایف 35 جنگی طیارے فروخت کرنے کا معاہدہ منسوخ کرنے کے فیصلے کے بعد بھی نیٹو اور امریکا کے تعلقات انتہائی مثبت اور مستحکم ہیں۔ واشنگٹن نے ابھی حال میں کہا تھا کہ اگر ترکی نے روسی میزائل نظام S-400 خریدا تو اسے ایف 35 طیارے نہیں دیے جائیں گے۔

[pullquote]محمد مرسی کو سپرد خاک کر دیا گیا[/pullquote]

سابق مصری صدر محمد مرسی کو آج منگل کی علی الصبح سپرد خاک کر دیا گیا۔ مرسی کے وکیل عبدالمنعم عبدالمقصود نے بتایا کہ آخری رسومات میں سابق صدر کے اہل خانہ شریک ہوئے۔ ان کی نماز جنازہ طرہ جیل کی مسجد میں ادا کی گئی۔ مرسی کو مغربی قاہرہ میں دفن کیا گیا ہے۔ سڑسٹھ سالہ مرسی گزشتہ روز کمرہ عدالت میں اچانک بے ہوش ہونے کے بعد انتقال کر گئے تھے۔ اخوان المسلمون سے تعلق رکھنے والے مرسی نے 2012ء کے انتخابات جیتے تھے۔ وہ مصر کے پہلے منتخب صدر تھے۔ 2013ء میں ملکی فوج نے ان کا تختہ الٹ دیا تھا۔

[pullquote]جرمنی بدر کیے گئے مزید افغان شہری کابل پہنچ گئے[/pullquote]

جرمنی بدر کیے جانے والے افغان شہریوں کا ایک اور گروپ آج منگل کی صبح کابل پہنچ گیا۔ حکام نے ہوائی اڈے کے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ اس جہاز میں گیارہ ایسے افغان شہری سوار تھے، جن کی جرمنی میں سیاسی پناہ کی درخواستیں مسترد ہو چکی تھیں۔ دسمبر 2016ء کے بعد سے جرمنی سے افغان باشندوں کی یہ پچیسویں اجتماعی ملک بدری تھی۔ جرمنی سے افغان شہریوں کا واپس بھیجا جانا ایک متنازعہ موضوع بھی ہے۔ ناقدین کے مطابق افغانستان کے حالات ابھی کافی حد تک غیرمستحکم ہیں اور وہاں تواتر سے دہشت گردانہ حملے ہو رہے ہیں۔

[pullquote]فیس بک کا ڈیجیٹل کرنسی شروع کرنے کا فیصلہ[/pullquote]

فیس بک نے ایک نئی عالمی ڈیجیٹل کرنسی متعارف کرا دی ہے۔ فیس بک کے منیجر ڈیوڈ مارکوس کے مطابق لِبرا نامی اس ڈیجیٹل کرنسی کی بنیاد بھی کرپٹو کرنسی بِٹ کوئن کی طرح بلاک چین ٹیکنالوجی پر ہی رکھی گئی ہے۔ تاہم اس میں قدر کا اتار چڑھاؤ نہیں ہو گا۔ مارکوس نے مزید بتایا کہ لبرا میں ہونے والے لین دین کے معاملات سے فیس بک کا کوئی تعلق نہیں ہو گا۔ عام صارفین اگلے برس سے لبرا خرید سکیں گے۔ مارکوس کے بقول ابتدا میں لبرا کو مختلف کرنسیوں کے مابین ہونے والی منتقلی کے لیے استعمال کیا جا سکے گا۔

[pullquote]رواں صدی کے اختتام تک عالمی آبادی 10.9 ارب ہو جائے گی[/pullquote]

رواں صدی کے اختتام تک دنیا کی آبادی 10.9 ارب تک پہنچ جائے گی۔ آبادی سے متعلق اقوام متحدہ کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق یہ تعداد پہلے سے لگائے جانے والے اندازوں سے تین سو ملین کم ہے۔ اس رپورٹ میں واضح کیا گیا کہ ایسے ممالک کی تعداد بڑھ رہی ہے، جہاں شرح پیدائش مسلسل کم ہوتی جا رہی ہے۔ 2050ء تک دنیا کی آبادی تقریباً 9.7 ارب ہو گی اور اس دوران آبادی میں تیز ترین اضافہ افریقہ میں ہو گا۔ اقوام متحدہ کی اس رپورٹ میں انسانوں کی متوقع اوسط انفرادی عمر اور انسانی آبادی کی مجموعی اوسط عمر میں اضافے کی پیش گوئی بھی کی گئی ہے۔

[pullquote]ٹرمپ نے غیر قانونی تارکین وطن کی ملک بدری کے احکامات جاری کر دیے[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے لاکھوں غیر قانونی تارکین وطن کو ملک سے نکال دینے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ ٹرمپ نے اپنی ایک ٹویٹ میں پولیس اور دیگر متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ آئندہ ہفتوں کے دوران رہائشی اجازت ناموں کے بغیر امریکا میں مقیم افراد کو ملک بدر کرنا شروع کر دیں۔ ٹرمپ کے مطابق انہیں اتنی ہی جلدی سے واپس بھیجا جانا چاہیے، جتنی جلدی سے وہ امریکا میں داخل ہوتے ہیں۔ امریکا میں غیر قانونی تارکین وطن کی تعداد گیارہ ملین کے لگ بھگ ہے۔ ان میں سے زیادہ تر کا تعلق لاطینی امریکی ممالک سے ہے۔

[pullquote]مزید ایک ہزار امریکی فوجی خلیجی خطے میں تعینات کر دیے گئے[/pullquote]

امریکا نے ایران کے ساتھ تازہ کشیدگی کے پس منظر میں اپنے مزید ایک ہزار فوجی خطے میں تعینات کر دیے ہیں۔ امریکی وزیر دفاع پیٹرک شیناہن نے بتایا کہ ان فوجیوں کو دفاعی حکمت عملی کے تحت خلیجی خطے میں بھیجا گیا ہے۔ قبل ازیں پینٹاگون نے خلیج عمان میں آئل ٹینکروں پر ہوئے حملوں کے بارے میں مزید تصاویر بھی جاری کر دیں۔ امریکا ان حملوں کی ذمہ داری ایران پر عائد کرتا ہے۔ تاہم تہران حکومت ان امریکی الزامات کو مسترد کرتی ہے۔

[pullquote]یوکرائن کے نئے صدر زیلینسکی آج برلن پہنچ رہے ہیں[/pullquote]

جرمن چانسلر انگیلا میرکل آج منگل کو یوکرائن کے نئے صدر وولودومیر زیلینسکی کا برلن کے چانسلر آفس میں استقبال کریں گی۔ بتایا گیا ہے کہ میرکل اور زیلینسکی کے مابین باہمی تعلقات اور مشرقی یوکرائن کے تنازعے کے حل کے لیے کیے گئے منسک معاہدے کے موضوع پر بات چیت ہو گی۔ یوکرائن کے صدر بعد ازاں اپنے جرمن ہم منصب فرانک والٹر شٹائن مائر سے بھی ملیں گے۔ یوکرائن اور روس کے درمیان طے پانے والے منسک معاہدے میں جرمنی اور فرانس نے ثالث کا کردار ادا کیا تھا۔ زیلینسکی گزشتہ روز پیرس میں فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں سے بھی ملے تھے۔

[pullquote]جرمنی، فرانس اور اسپین ایک نیا یورپی جنگی طیارہ بنائیں گے[/pullquote]

جرمنی، فرانس اور اسپین ایک نیا یورپی جنگی طیارہ بنانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ خبر رساں ادراے اے ایف پی کے مطابق اس سلسلے میں طے پانے والے معاہدے پر تینوں ممالک کے وزرائے دفاع نے پیرس کے قریب ہوا بازی کے ایک میلے میں شرکت کے دوران دستخط کر دیے۔ اس جنگی طیارے کو فیوچر کومبیٹ ایئر سسٹم یعنی (ایف سی اے ایس) کا نام دیا گیا ہے۔ 2040ء تک یہ جرمنی کے ٹورناڈو اور یورو فائٹرز کے ساتھ ساتھ فرانس کے رافال جہازوں کی جگہ لے لے گا۔ اس منصوبے پر اخراجات کا تخمینہ ایک سو ارب یورو لگایا گیا ہے۔

[pullquote]سیچوآن میں زلزلہ، کم از کم گیارہ ہلاکتیں[/pullquote]

جنوب مغربی چین میں آنے والے زلزلے میں کم از کم گیارہ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق زخمی ہونے والوں کی تعداد ایک سو بیس سے زائد ہے۔ حکام نے بتایا کہ ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت چھ ریکارڈ کی گئی اور اس کا مرکز صوبے سیچوآن کے شہر ییبِن کے قریب تھا۔ انتظامیہ نے متاثرین کے لیے فوری طور پر پانچ ہزار کے لگ بھگ خیمے، بیس ہزار کمبل اور دس ہزار سے زائد بستر روانہ کر دیے ہیں۔ سیچوآن میں 2008ء میں آنے والے زلزلے میں نوے ہزار سے زائد شہری مارے گئے تھے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے