جمعرات : 04 جولائی 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]اگر پابندیاں اٹھا لی جائیں تو امریکا سے مذاکرات ہو سکتے ہیں، ایران[/pullquote]

ایران کے انٹیلی جنس منسٹر نے کہا ہے کہ اگر تہران حکومت کے خلاف عائد پابندیاں اٹھا لی جائیں تو امریکا سے مذاکرات ہو سکتے ہیں۔ ان کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق امریکا کے ساتھ کوئی بھی مذاکراتی سلسلہ ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی اجازت کے بعد ہی شروع کیا جائے گا۔ امریکا نے حال ہی میں ایرانی سپریم لیڈر کے خلاف پابندیاں عائد کر دی تھیں۔ قبل ازیں ایران نے کہا تھا کہ عالمی جوہری معاہدے سے دستبردار ہونے کے بعد امریکا نے سفارتکاری کی کوششوں کو نقصان پہنچایا ہے۔

[pullquote]خام تیل شام لے جانے والے ٹینکر کو پکڑ لیا گیا[/pullquote]

خام تیل لے جانے والے ایک آئل ٹینکر کو جبرالٹر میں پکڑ لیا گیا ہے۔ شک ہے کہ اس جہاز کے ذریعے شام میں تیل اسمگل کیا جا رہا تھا۔ جبرالٹر کی مقامی حکومت کے سربراہ فابیان پیکارڈو کے مطابق ’گریس ون‘ نامی آئل ٹینکر کو جزیرہ نما آئبیریا میں روکا گیا ہے۔ ان کے مطابق یہ جہاز یورپی یونین کی پابندیوں سے بچتے ہوئے شامی حکومت کو تیل فراہم کرنا چاہتا تھا۔ یورپی یونین نے سن دو ہزار گیارہ کے آواخر سے دمشق حکومت کے خلاف ایسی پابندیاں عائد کر رکھی ہیں۔

[pullquote]شمالی کوریا نے آسٹریلوی طالب علم کو رہا کر دیا[/pullquote]

شمالی کوریا میں گرفتار ایک آسٹریلوی طالب علم کو رہا کر دیا گیا ہے۔ آسٹریلوی حکومت کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق انتیس سالہ الیک سیگلے بالکل خیریت سے ہے۔ اس طالب علم کی گرفتاری کی خبریں ایک ہفتہ قبل منظر عام پر آئی تھیں۔ ابھی تک یہ واضح نہیں کہ اس پر کیا الزام عائد کیا گیا تھا۔ ماضی میں شمالی کوریا مختلف غیرملکیوں کو جاسوسی کے الزام میں گرفتار کر چکا ہے۔

[pullquote]ہنڈوراس: ایک کشتی کے حادثے میں کم از کم 27 افراد ہلاک[/pullquote]

وسطی امریکی ملک ہنڈوراس میں ایک کشتی کے الٹنے سے کم از کم ستائیس افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ ماہی گیروں کی اس کشتی کو بدھ کے روز یہ حادثہ پیش آیا۔ فوج کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق کیریبین سمندر میں امدادی کارروائیاں کرتے ہوئے پچپن افراد کو زندہ بچا لیا گیا ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق کشتی پر گنجائش سے زیادہ افراد سوار تھے۔

[pullquote]لیبیا: مہاجر کیمپ پر فضائی حملہ، سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس[/pullquote]

لیبیا میں ایک مہاجر کیمپ پر ہونے والے فضائی حملے کے بعد اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایک ہنگامی اجلاس کا انعقاد کیا گیا ہے۔ گزشتہ روز اس حملے میں کم از کم چوالیس افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ پندرہ رکنی سلامتی کونسل اس حوالے سے ایک مذمتی قرارداد منظور کرنا چاہتی ہے لیکن اس پر ابھی تک اتفاق رائے نہیں ہو سکا۔ دو گھنٹے کے اجلاس کے بعد برطانیہ نے ممبران میں قرارداد کا مسودہ پیش کیا، جس میں حملے کی مذمت کرتے ہوئے فائربندی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ سفارتی ذرائع کے مطابق امریکا نے اس مسودے کو مسترد کر دیا ہے لیکن یہ معلوم نہیں کہ ایسا کیوں کیا گیا۔ اقوام متحدہ اور یورپی یونین پہلے ہی اس حملے کی تحقیقات کا مطالبہ کر چکے ہیں۔

[pullquote]سوڈان: برسر اقتدار فوجی قیادت اور مظاہرین کے مابین مذاکرات کا آغاز[/pullquote]

افریقی ملک سوڈان میں برسر اقتدار فوجی قیادت اور احتجاجی تحریک کے رہنماؤں کے مابین مذاکرات کا دوبارہ آغاز ہو گیا ہے۔ احتجاجی مظاہرین کی ہلاکتوں کے سبب کئی ہفتوں کے تعطل کے بعد شروع ہونے والے ان مذاکرات کا مقصد ایک عبوری حکومت کا قیام ہے۔ اطلاعات کے مطابق فوج کے تین جنرلوں اور اپوزیشن کے پانچ نمائندوں کے مابین دارالحکومت خرطوم میں ایک ملاقات ہوئی ہے۔ اپوزیشن کے مطابق اگر 72 گھنٹوں تک کوئی نتیجہ سامنے نہ آیا تو مذاکرات کا سلسلہ ختم کر دیا جائے گا۔ سوڈان میں عمر البشیر کی حکومت کے خاتمے کے بعد سے فوج برسراقتدار ہے جبکہ اپوزیشن اقتدار سویلین حکومت کے حوالے کرنے کے لیے احتجاج جاری رکھے ہوئے ہے۔

[pullquote]شیخ حسینہ پر حملہ کیس، نو افراد کو سزائے موت[/pullquote]

بنگلہ دیش کی ایک عدالت نے اپوزیشن کے نو کارکنوں کو سزائے موت اور دیگر پچیس کو عمر قید کی سزائیں سنا دی ہیں۔ یہ سزائیں چوبیس برس پہلے اس ٹرین پر حملہ کرنے کے الزام میں سنائی گئی ہیں، جس پر بنگلہ دیش کی موجودہ وزیراعظم شیخ حسینہ بھی سوار تھیں۔ بنگلہ دیش کی اپوزیشن لیڈر خالدہ ضیاء نے اس فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے ایک انتقامی کارروائی قرار دیا ہے۔ اس کیس میں دیگر 13 افراد کو دس برس قید کی سزائیں بھی سنائی گئی ہیں۔

[pullquote]بوئنگ کمپنی ہلاک ہونے والوں کے اہلخانہ کو 100 ملین ڈالر دے گی[/pullquote]

امریکی طیارہ ساز کمپنی بوئنگ ان تین سو چھیالیس افراد کے اہلخانہ کو ایک سو ملین ڈالر فراہم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے، جو ایتھوپیا اور انڈونیشیا میں 737 میکس ہوائی جہاز کے حادثات میں ہلاک ہو گئے تھے۔ تاہم یہ رقوم متاثرہ خاندانوں کو براہ راست فراہم کرنے کی بجائے مقامی حکومتوں اور غیرسرکاری تنظیموں کو فراہم کی جائے گی، جو متاثرہ خاندانوں کے افراد کو ملازمت ڈھونڈنے اور تعلیم حاصل کرنے میں مدد فراہم کریں گے۔ رواں برس مارچ میں ایتھوپین ایئرلائن حادثے کے بعد ریگولیٹرز نے دنیا بھر میں بوئنگ 737 میکس کی پروازوں پر پابندی عائد کر دی تھی۔ ان حادثات کے پیچھے ایک سافٹ ویئر کا مسئلہ خیال کیا جا رہا ہے۔ اس کمپنی کو ہلاک ہونے والے مسافروں کے اہلخانہ کی طرف سے متعدد مقدمات کا بھی سامنا ہے۔

[pullquote]چین اور برطانیہ کے مابین ’لفظی جنگ‘، چینی سفیر کی طلبی[/pullquote]

برطانیہ نے بدھ کے روز چینی سفیر کو طلب کرتے ہوئے اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا ہے۔ ہانگ کانگ میں چین مخالف احتجاجی مظاہروں کی وجہ سے ان دونوں ملکوں کے مابین سفارتی کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔ ہانگ کانگ ماضی میں برطانیہ کے زیرانتظام تھا۔ قبل ازیں چینی سفیر لیو شیاؤ مِنگ نے برطانوی وزیر خارجہ کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ ہانگ کانگ میں ’قانون شکنوں‘ کی حمایت کر رہے ہیں اور یہ کہ برطانیہ ہانگ کانگ کے حوالے سے ابھی بھی نو آبادیاتی رویہ اپنائے ہوئے ہے۔ برطانیہ نے چینی سفیر کے اس تبصرے کو ’ناقابل قبول اور نادرست‘ قرار دیا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے