ہفتہ : 26 اکتوبر 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]عراق ميں تازہ مظاہرے، درجنوں افراد ہلاک[/pullquote]

عراقی دارالحکومت بغداد ميں حکومت مخالف مظاہروں کی تازہ لہر ميں آج سينکڑوں افراد نے احتجاج کيا۔ مشتعل مظاہرين وزير اعظم عادل عبد المہدی کی مخالفت ميں نعرے بازی کی ۔ قبل ازيں جمعے کو ملک گير مظاہروں ميں سکيورٹی فورسز کی کارروائی ميں چاليس افراد ہلاک ہو گئے تھے، جس سبب عوام ميں شديد غم و غصہ پايا جاتا ہے۔ سکيورٹی فورسز نے مظاہرين کو منتشر کرنے کے ليے گولياں چلائيں اور آنسوگيس بھی استعمال کی۔ تازہ جھڑپوں ميں تئیس ہزار سے زائد افراد زخمی بھی ہو چکے ہيں جبکہ مختلف شہروں ميں تقريباً پچاس سرکاری عمارات کو نذر آتش کيا جا چکا ہے۔

[pullquote]شام ميں فوج تعينات رکھنے کا امريکی فيصلہ تنقيد کی زد ميں[/pullquote]

روس نے شام میں امیکا کی طرف سے اپنی فوجيں تعينات رکھنے اور بڑھانے کے فیصلے پر شديد تنقيد کی ہے۔ روسی وزارت دفاع نے ایک بيان ميں کہا کہ امريکی اقدام کا مقصد تيل کے اسمگلروں کی حفاظت ہے اور اس کا سلامتی کی صورتحال بہتر بنانے سے کوئی تعلق نہيں۔ قبل ازيں امريکی وزير دفاع مارک ايسپر نے کہا تھا کہ امريکی افواج اور بکتر بند گاڑيوں کو مشرقی شام ميں خام تيل کی فيلڈز کی حفاظت کے ليے تعينات کيا جا رہا ہے اور اس اقدام کا مقصد داعش کو اس علاقے پر دوبارہ قبضہ کرنے سے روکنا ہے۔ روس شروع ہی سے شام ميں امريکا کی موجودگی کو ’غير قانونی‘ قرار ديتا آيا ہے۔

[pullquote]جرمن وزير خارجہ کا دورہ ترکی، شام میں فائر بندی پر زور[/pullquote]

جرمن وزير خارجہ ہائيکو ماس آج انقرہ ميں اپنے ترک ہم منصب سے ملاقات کے دوران شام ميں ترک فوجی کارروائی پر تبادلہ خيال کریں گے۔ ماس نے ملاقات سے قبل بتايا تھا کہ وہ ترک وزیر خارجہ ميلود چاوش اولو پر فائر بندی کے ليے زور ڈاليں گے۔ واضح رہے کہ برلن حکومت شام میں ترک فوجی کارروائی کو بين الاقوامی قوانين کی خلاف ورزی قرار دے چکی ہے۔ اسی کے ساتھ برلن حکومت کی جانب سے انقرہ حکومت کو اسلحے کی فروخت کے نئے پرمٹ کے اجراء روکنے کا بھی اعلان کیا گیا تھا۔ جرمنی ميں ترک نژاد شہريوں اور کردوں کی ایک بڑی تعداد مقیم ہے، اس وجہ سے دونوں ممالک کے مابين اختلافات خارجی امور ميں ايک اہم پيش رفت ہے۔

[pullquote]جاپان ميں شديد بارشيں اور سيلاب، دس ہلاکتيں[/pullquote]

جاپان ميں شديد بارشوں کے نتيجے ميں آنے والے سيلاب اور مٹی کے تودے گرنے سے کم از کم دس افراد ہلاک ہو گئے ہيں۔ نو افراد شيبا ميں جبکہ ايک شخص فوکوشيما ميں ہلاک ہو گیا۔ ملک کے مختلف حصوں ميں ساڑھے چار ہزار سے زائد مکانات ميں بجلی کی سپلائی منقطع ہو گئی اور کئی مقامات پر ٹرين سروس بھی متاثر ہوگئی ہے۔ وزير اعظم کے دفتر سے جاری کردہ بيان کے مطابق عموماﹰ ايک ماہ ميں ہونے والی بارش گزشتہ روز صرف آدھے دن ميں ہو گئی۔ جاپان ميں ابھی دو ہفتے قبل ہی آنے والے ایک طاقت ور سمندری طوفان ميں اسی سے زائد افراد ہلاک يا لاپتہ ہو گئے تھے۔

[pullquote]مائیکرو سافٹ کمپنی کے ليے دس بلين ڈالر کا معاہدہ[/pullquote]

امريکی محکمہ دفاع پينٹاگون نے مائیکرو سافٹ کمپنی کے ساتھ ايک معاہدہ کر ليا ہے، جس کے تحت يہ کمپنی پينٹاگون کو ڈيٹا محفوظ کرنے والے کلاؤڈ انفراسٹکچر سے متعلق سہوليات فراہم کرے گی۔ آئندہ دس سالوں کے دوران مائیکرو سافٹ کو اس مد ميں دس بلين ڈالر تک ادا کيے جائيں گے۔ پينٹاگون کا ’جوائنٹ انٹرپرائز ڈيفنس انفراسٹرکچر‘ (JEDI) اس سے مستفيد ہو گا۔ اس پيش رفت کو مائیکرو سافٹ کمپنی کے ليے ايک بہت بڑی جيت قرار دیا جا رہا ہے۔

[pullquote]چلی ميں وسيع تر احتجاج، ايک ملين افراد کی شرکت[/pullquote]

چلی کے دارالحکومت سينٹياگو ميں گزشتہ شب تقريباً ايک ملين افراد نے پر امن مارچ کيا۔ اس کے علاوہ ملک کے قريب تمام بڑے شہروں ميں بھی اسی طرز کے احتجاجی مظاہرے کيے گئے۔ چلی ميں پچھلے ہفتے شروع ہونے والے مظاہروں ميں حکومت سے سياسی و سماجی سطح پر اصلاحات کا مطالبہ کيا جا رہا ہے۔ يہ مظاہرے در اصل سب وے کے کرايوں ميں اضافے پر شروع ہوئے تھے۔ تاہم اب يہ وسيع تر احتجاجی تحريک کی شکل اختيار کر چکے ہيں۔

[pullquote]ٹوئٹر نے بھارتی ایما پر کشمیریوں کی آواز دبائی، سی پی جے[/pullquote]

صحافیوں کے تحفظ کی عالمی تنظیم سی پی جے نے ٹوئٹر پر الزام لگایا کہ اس نے بھارتی حکومت کی سینسرشپ پالیسی کے تحت کشمیر سے متعلق قریب دس لاکھ ٹویٹس کو سائیٹ سے ہٹایا۔ ٹوئٹر پر یہ بھی الزام ہے کہ اس نے ایک سو کے لگ بھگ اکاؤنٹس کی مقامی لوگوں تک رسائی پر قدغن لگائی۔ ٹوئٹر کا اصرار رہا ہے کہ وہ اظہار کی آزادی کے بنیادی جمہوری حق پر سودے بازی نہیں کرتی لیکن مختلف ملکوں کے اپنے قوانین ہوتے ہیں جنہیں کمپنی نظر انداز نہیں کر سکتی۔

[pullquote]ماسکو ميں روسی، چينی، امريکی و پاکستانی اہلکاروں کی ملاقات[/pullquote]

روس، چين، امريکا اور پاکستان کے مندوبين نے اس بات پر اتفاق کيا ہے کہ افغانستان ميں قيام امن کے ليے واحد راستہ مذاکرات ہی ہيں۔ ماسکو ميں گزشتہ روز منعقدہ مذاکرات ميں طالبان اور امريکی وفد کے مابين مذاکرات کی بحالی پر بھی زور ديا گيا۔ شرکاء نے امريکا پر زور ديا کہ وہ طالبان کے ساتھ زير غور معاہدے کو حتمی شکل دے۔ افغانستان ميں جنگ کے خاتمے کے ليے آئندہ مذاکرات چين ميں منعقد ہوں گے، جن ميں افغانستان کے مختلف متحارب گروپوں کی شرکت متوقع ہے۔ يہ مذاکرات آئندہ ہفتے ہونے ہيں تاہم ان کے ملتوی ہونے کی خبريں بھی گردش کر رہی ہيں اور يہ واضح نہيں کہ آيا يہ اب اگلے ہفتے ہی ہوں گے۔

[pullquote]چين اور امريکا کے مابين تجارتی معاہدہ تقريباً مکمل[/pullquote]

چينی اور امريکی اہلکار تجارتی معاہدے کو حتمی شکل دينے والے ہيں۔ اس پيشرفت کی تصديق چين کی کامرس منسٹری اور امريکا ميں تجارت کے نگران دفتر کی جانب سے کر دی گئی ہے۔ چينی وزارت کی ويب سائٹ پر ہفتے کی صبح جاری کردہ ايک بيان ميں بتايا گيا ہے کہ تجارتی معاہدے کے پہلے مرحلے کی تکميل کے سلسلے ميں ’تکنيکی مشاورت‘ کا عمل مکمل کر ليا گيا ہے۔ امريکی صدر نے گيارہ اکتوبر کو اعلان کيا تھا کہ وہ چين کے ساتھ ايک ابتدائی تجارتی معاہدے کے خواہشمند ہيں، جس پر چلی ميں آئندہ ماہ ايک سمٹ کے موقع پر دستخط متوقع ہيں۔

[pullquote]صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مواخذے کے ليے جاری تفتيش قانونی ہے، امريکی جج[/pullquote]

ايک امريکی جج نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مواخذے کے ليے تفتيش کو قانونی قرار دے ديا ہے۔ جج بيرل ہاول نے محکمہ انصاف کو ہدايت جاری کی کہ پچھلے صدارتی اليکشن ميں مبينہ روسی مداخلت کے بارے ميں خصوصی کونسل رابرٹ مولر کی تحقيقات کے دستاويزات تيس اکتوبر تک جمع کرا ديے جائيں۔ امريکی سينيٹ کی عدليہ سے متعلق کميٹی کے حق ميں يہ فيصلہ ايسے وقت پر آيا ہے جب ڈيموکريٹس سابقہ و موجودہ اہلکاروں کے بند دروازوں کے پيچھے شواہد و بيانات ريکارڈ کر رہے ہيں۔ ان ميں ٹرمپ کے سياسی حريف جو بائيڈن کے بيٹے کے بارے ميں تفتيش کے ليے ٹرمپ کی يوکرائن سے رابطہ کاری کی تفتيش جاری ہے۔

[pullquote]جاپان ميں قيمتی ہيرے کی چوری[/pullquote]

جاپان ميں ايک بين الاقوامی سطح کی زيورات کی نمائش سے 200 ملين ين يا اٹھارہ لاکھ امریکی ڈالر ماليت کا ايک ہيرا چوری ہو گيا ہے۔ پچاس کيرٹ کے اس ہيرے کو آخری مرتبہ مقامی وقت کے مطابق جمعرات کی شام پانچ بجے اس کے شيشے کے کيس ميں ديکھا گيا تھا۔ پوليس کے مطابق ايک گھنٹے کے بعد يہ ہيرا اپنی جگہ پر نہیں تھا۔ يوکوہاما شہر ميں پوليس اس معاملے کی تفتيش جاری رکھی ہوئی ہے۔ فی الحال کوئی گرفتاری عمل ميں نہيں آئی ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے