[pullquote]امریکا کے ساتھ مذاکرات خارج از امکان، خامنہ ای[/pullquote]
ایران کے سپریم لیڈر آيت اللہ علی خامنہ ای نے امریکا کے ساتھ مذاکرات کو خارج از امکان قرار دے دیا ہے۔ اتوار کے دن تہران میں اپنی ایک تقریر میں انہوں نے کہا کہ جو لوگ امریکا کے ساتھ مذاکرات کو مسائل کا حل سمجھتے ہیں، در اصل وہ غلط فہمی کا شکار ہیں۔ تہران میں امریکی سفارت خانے پر دھاوا بولنے اور سفارتی عملے کو یرغمال بنانے کے چالیس برس مکمل ہونے سے ایک دن قبل خامنہ نے کہا کہ امریکا سے مذاکراتی عمل کوئی بہتری نہیں لائے گا۔
[pullquote]بریگزٹ ڈیل پر جانسن کی ’معافی‘[/pullquote]
برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے اکتیس اکتوبر تک بریگزٹ کو عملی جامہ نہ پہنا سکنے پر معافی مانگ لی ہے۔ اتوار کے دن لندن میں سکائی نیوز سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ اپنا منصوبہ مکمل نہ کر سکنے پر انہیں شدید مایوسی ہے۔ جانسن نے بریگزٹ کے التوا کی ذمہ داری ملکی پارلیمان پر عائد کی ہے۔ اس انٹرویو میں جانسن نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ ٹرمپ نے کہا تھا کہ وزیر اعظم جانسن کی بریگزٹ ڈیل مستقبل میں امریکا اور برطانیہ کے مابین تجارتی ڈیل کو روک دے گی۔
[pullquote]عراق میں حکومت مخالف مظاہرے، ایک اور شخص ہلاک[/pullquote]
عراقی دارالحکومت بغداد میں حکومت مخالف مظاہروں کے نتیجے میں ایک اور شخص مارا گیا ہے۔ اتوار کے دن بھی بغداد میں مظاہرین نے اہم شاہراہیں بند کرنے کی کوشش کی۔ ہفتے کے دن رونما ہوئے پرتشدد واقعات میں اکانوے افراد زخمی ہوئے۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق ان مظاہروں میں ہزاروں افراد نے شرکت کی، جو حکومت کے مستعفی ہونے کا مطالبہ کر رہے تھے۔ یہ مظاہرین گزشتہ کئی ہفتوں سے دارالحکومت کے مشہور التحریر اسکوائر پر سراپا احتجاج ہیں۔ اکتوبر سے شروع ہونے والے ان مظاہروں میں سکیورٹی فورسز اور مظاہرین کے مابین ہونے والی جھڑپوں کے نتیجے میں ڈھائی سو سے زائد افراد ہلاک جبکہ سینکڑوں زخمی ہو چکے ہیں۔
[pullquote]بنگلہ دیش: محمد یونس ضمانت پر رہا[/pullquote]
بنگلہ دیش کی ایک عدالت نے نوبل انعام یافتہ ماہر اقتصادیات محمد یونس کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔ اتوار کے دن ڈھاکا میں لیبر کورٹ کی جج ذکیہ پروین نے یونس کی ضمانت منظور کی۔ بنگلہ دیش میں مائکرو کریڈٹ کے بانی یونس پر الزامات ہیں کہ انہوں نے گرامین بینک کے تین ملازمین کو غیر قانونی طور پر برطرف کیا تھا۔ اس کیس کے سلسلے میں انہیں گرفتار کیا گیا تھا۔ یاد رہے کہ یونس نے ہی گرامین بینک کی بنیاد رکھی تھی۔
[pullquote]جنوبی کوریا اور امریکا کی مشترکہ فوجی مشقیں منسوخ ہو سکتی ہیں[/pullquote]
جنوبی کوریا اور امریکا متوقع طور پر مسلسل دوسرے برس مشترکہ فوجی مشقيں نہیں کریں گے۔ جنوبی کوریائی میڈیا میں اتوار کو ایسی اطلاعات ہیں کہ شمالی کوریا کے ساتھ تعطلی کے شکار جوہری مذاکرات کی بحالی کی خاطر یہ عسکری مشقیں منسوخ کر دی جائیں گی۔ نیوز ایجنسی یونہاپ نے فوجی ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ البتہ جنوبی کوریا اپنی سطح پر مشقیں ضرور کرے گا۔ امریکا اور جنوبی کوریا کے مابین یہ مشترکہ فوجی مشقیں دسمبر میں ہونا تھیں۔
[pullquote]روہنگیا مہاجرین کی صورتحال پر اقوام متحدہ کی تشویش[/pullquote]
اقوام متحدہ کے سربراہ انٹونیو گوٹیرش نے بنگلہ دیش میں مقیم میانمار کے تہتر ہزار روہنگیا مہاجرین کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ اتوار کے دن انہوں نے میانمار کی حکومت پر زور دیا کہ وہ ان مسلم مہاجرین کی ملک واپسی کی خاطر ٹھوس اور واضح اقدامات اٹھائے۔ جنوب مشرقی ایشیائی اقوام کی تنظیم ’آسیان‘ کے رہنماؤں سے ملاقات میں گوٹیرش نے یہ مطالبہ کیا۔ میانمار بھی اس دس رکنی ممالک کی تنظیم کا رکن ہے۔ آسیان کا 35 واں اجلاس اتوار کے دن سے تھائی لینڈ میں شروع ہوا، جس میں باہمی تعاون اور سکیورٹی سے جڑے مسائل زیر بحث ہيں۔
[pullquote]امریکی ویزے کے لیے ہیلتھ انشورنس کا قانون روک دیا گیا[/pullquote]
امریکی ریاست اوریگین کے شہر پورٹ لینڈ کے ایک وفاقی جج نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کی طرف سے تجویز کردہ ہیلتھ انشورنش قانون کو بلاک کر دیا ہے۔ اس قانون کے تحت امریکی ویزے کی خاطر یہ ثابت کرنا تھا کہ بیماری کی صورت میں ویزے کے حصول کے خواہش مند افراد کے پاس ہیلتھ انشورنس ہے یا ان کے پاس علاج معالجے کی خاطر مطلوبہ رقوم موجود ہیں۔ اس قانون کے خلاف سات امریکیوں اور ایک این جی او نے عدالت سے رجوع کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس قانون کی وجہ سے قانونی طور پر امریکا آنے والے ہزاروں افراد مشکلات کا شکار ہو جائیں گے۔
[pullquote]سعودی تیل کمپنی آرامکو کے حصص کی فروخت کا آغاز[/pullquote]
سعودی عرب کی سرکاری تیل کمپنی آرامکو کے حصص کی عوامی فروخت کا باقاعدہ اعلان کر دیا گیا ہے۔ سعودی کیپٹل مارکیٹ اتھارٹی کی طرف سے اس کا اعلان اپنی ویب سائٹ پر کیا گیا ہے۔ تاہم ان حصص کی خرید و فروخت کا باقاعدہ آغاز کب سے ہو گا اس بارے میں نہیں بتایا گیا۔ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان 2016ء سے اس سرکاری تیل کمپنی کے حصص کو فروخت کے لیے پیش کرنے کی کوشش میں تھے۔ سعودی حکام کو امید ہے کہ آرامکو کی مجموعی مالیت دو ٹریلین ڈالرز کے برابر ہو گی اور اس کی حصص کی فروخت سے 100 بلین ڈالرز حاصل کیے جا سکیں گے جو سعودی عرب میں تعمیر و ترقی پر خرچ ہوں گے۔
[pullquote]جرمنی میں پناہ کے متلاشی افراد کی درخواستوں کی تعداد میں کمی[/pullquote]
جرمنی میں پناہ کے متلاشی افراد کی طرف سے دائر کی جانے والی درخواستوں کی تعداد میں گزشتہ برس کے مقابلے میں کمی ہوئی ہے۔ آج اتوار کے دن بلڈ ام سونٹاگ نامی اخبار میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق سن دو ہزار انیس میں وصول شدہ زیادہ تر درخواستیں مسترد بھی کی گئیں۔ جرمنی کے وفاقی دفتر برائے مہاجرین اور مہاجرت (BAMF) کے مطابق رواں سال کے دوران ابھی تک ایک لاکھ دس ہزار درخواستیں موصول ہوئیں جبکہ توقع ہے کہ اس برس کے اختتام تک ان درخواستوں کی تعداد ایک لاکھ پینتالیس ہزار کے لگ بھگ ہو گی، جو گزشتہ برس کے دوران موصول ہونے والی درخواستوں سے کم ہوں گی۔ 2018ء کے دوران ایسی ایک لاکھ ساٹھ ہزار درخواستیں جمع کرائی گئی تھیں۔
[pullquote]جنوبی کوریا:ہیلی کاپٹر حادثہ:دو افراد کی لاشیں سمندر سے نکال لی گئیں[/pullquote]
جنوبی کوریا میں رواں ہفتے سمندر میں گر کر تباہ ہونے والے ہیلی کاپٹر میں سوار دو افراد کی لاشیں سمندر سے نکال لی گئی ہیں۔ جمعرات کے روز فائر ڈیپارٹمنٹ کا یہ ہیلی کاپٹر ڈوکڈو نامی چھوٹے سے جزیرے کے قریب گر کر تباہ ہوا تھا۔ اس ہیلی کاپٹر پر سات افراد سوار تھے۔ اس واقعے کے بعد سے درجنوں غوطہ خور اور امدادی کارکن سمندر سے لاشیں نکالنے کی کوششوں میں مصروف تھے۔
[pullquote]جرمن شہر ڈریسڈن میں ’نازی ایمرجنسی‘ نافذ[/pullquote]
جرمنی کے مشرقی شہر ڈریسڈن کی شہری حکومت نے دائیں بازو کی انتہا پسندی کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے شہر میں ’نازی ایمرجنسی‘ نافذ کر دی ہے۔ یہ قرارداد جرمنی کی سیاسی جماعت ‘ڈی پارٹائی‘ کی جانب سے پیش کی گئی۔ اس کے ایک رکن ماکس آشن باخ کے مطابق ڈریسڈن میں نازی ایک حقیقی مسئلہ ہیں اور اس کے تدارک کے لیے کچھ کیا جانا ضروری ہے۔ ڈریسڈن کی سٹی کونسل نے ارکان کی منظوری کے بعد ایک پالیسی بیان جاری کیا جس میں کہا گیا کہ ڈریسڈن شہر میں جمہوریت اور تکثیریت مخالف، نفرت اور دائیں بازو کی انتہا پسندی پر مبنی رویے اور تشدد پر مبنی اقدامات بڑھ رہے ہیں۔ سن 2014 میں اسی شہر میں اسلام مخالف تحریک پیگیڈا کا آغاز ہوا تھا۔ PEGIDA کا جرمن زبان میں مطلب ‘مغربی دنیا کی اسلامائزیشن کے خلاف بین الیورپی اتحاد‘ بنتا ہے اور اس تنظیم کا صدر دفتر بھی ڈریسڈن میں قائم ہے۔
[pullquote]عراقی مظاہرین اور سکیورٹی فورسز کے درمیان جھڑپیں[/pullquote]
عراقی دارالحکومت بغداد میں احتجاجی مظاہرین اور سکیورٹی فورسز کے درمیان ہوئی ہیں جن میں دو مظاہرین ہلاک جبکہ درجنوں دیگر زخمی ہوئے۔ بغداد میں حکومت مخالف مظاہروں کا سلسلہ گزشتہ ایک ماہ سے جاری ہے اور اس دوران درجنوں افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ بدعنوانی اور بے روزگاری کے خلاف ان احتجاجی مظاہروں کا آغاز یکم اکتوبر کو ہوا تھا۔ ان مظاہروں میں اب طلبہ اور تجارتی تنظیمیں بھی شامل ہو گئی ہیں جس کے بعد ان کی شدت میں اضافہ ہوا ہے۔
[pullquote]فائرنگ کے واقعے کے بعد ایئر بی این بی نے پارٹی گھروں پر پابندی لگا دی[/pullquote]
گھروں اور کمروں کو عارضی طور پر کرائے پر دینے والے ڈیجیٹل پلیٹ فارم ایئر بی این بی نے پارٹی کرنے کے مقصد کے لیے گھروں کو کرائے پر دینے پر پابندی لگا دی ہے۔ امریکی ریاست کیلی فورنیا میں میں ایک ایسے ہی گھر میں فائرنگ کے نتیجے میں پانچ افراد کی ہلاکت کے بعد یہ قدم اٹھایا گیا ہے۔ سان فرانسیسکو کے نزدیک واقع اونڈا نامی شہر میں یہ واقعہ اس وقت پیش آیا، جب کچھ لوگوں نے ہیلووین کی پارٹی کے لیے ایک گھر کو کرائے پر لیا تھا۔ شوٹنگ کے اس واقعے کے بارے میں حقائق جاننے کی خاطر تفتیشی عمل جاری ہے۔