[pullquote]جرمن سیاستدانوں کے لیے قتل کی دھمکیوں میں اضافہ[/pullquote]
جرمنی میں دائیں بازو کے شدت پسندوں کی جانب سے سیاستدانوں کو جان سے مار دینے کی دھمکیوں میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ ایسی تازہ ترین دھمکیاں ماحول دوست گرین پارٹی کے سابق سربراہ چیم اوئزدیمیر اور کلاؤڈیا رَوتھ کو موصول ہوئی ہیں۔ اندازہ ہے کہ یہ دھمکیاں کسی نیو نازی گروپ کی جانب سے دی گئی ہیں۔ اس مناسبت سے جرمن وزیر داخلہ ہورسٹ زیہوفر نے کہا ہے کہ قتل کی ان دھمکیوں سے ظاہر ہوتا ہے کہ جرمن معاشرہ انتہائی پریشان کن حالات کا شکار ہوتا جا رہا ہے۔ چانسلر میرکل کی سیاسی جماعت کے پارلیمانی حزب کے نائب سربراہ ٹورسٹن فرائی کے مطابق کوشش ہے کہ دائیں بازو کی شدت پسندی کے خلاف حکومتی منصوبہ جلد از جلد قانون کی شکل اختیار کر لے۔
[pullquote]امریکی، شمالی کوریائی مذاکرات وسط نومبر میں امکان[/pullquote]
جنوبی کوریائی نیوز ایجنسی یونہوپ نے ملکی خفیہ ادارے کی ایک رپورٹ کے حوالے سے بتایا ہے کہ امریکا اور شمالی کوریا کے درمیان مذاکرات کا ایک نیا دور رواں مہینے کے وسط میں ممکن ہے۔ دونوں ملکوں کے درمیان گزشتہ ماہ سویڈن کے دارالحکومت اسٹاک ہوم میں ہونے والا مذاکراتی راؤنڈ ناکام ہو گیا تھا۔ اسٹاک ہوم میں شمالی کوریائی نمائندے نے کہا تھا کہ امریکا مذاکرات کے لیے تیار نہیں ہے۔
[pullquote]ایرانی قونصلیٹ پر حملہ، عراقی سکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے تین مظاہرین ہلاک[/pullquote]
عراقی شہر کربلا میں ایرانی قونصلیٹ پر حملہ کرنے والے مشتعل مظاہرین کو سکیورٹی فورسز کی فائرنگ کا سامنا کرنا پڑا۔ اس فائرنگ سے تین مظاہرین کے ہلاک ہونے کی تصدیق کر دی گئی ہے۔ ایرانی قونصلیٹ پر مظاہرین نے دھاوا اتوار اور پیر کی درمیانی شب بولنے کی کوشش کی تھی۔ ایران مخالف عراقی مظاہرین اس موقع پر اپنے ملک سے ایران کے نکل جانے کے نعرے بھی لگا رہے تھے۔ اتوار تین نومیر کو مظاہرین نے ایرانی قونصلیٹ کے باہر ٹائر بھی جلائے تھے۔
[pullquote]ایران نے جدید سینٹری فیوجز بنانا شروع کر دیں[/pullquote]
ایرانی جوہری ادارے کے سربراہ علی اکبر صالحی نے بتایا ہے کہ جدید تر سینٹری فیوجز کی پیداوار کے منصوبے کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ٹیلی وژن سے نشر ہونے والے اپنے ایک بیان میں صالحی نے کہا کہ ایسی جدید سینٹری فیوجز کو تیار کرنا ایران کی جوہری صلاحیت اور عزم کا اظہار ہے۔ ابتدا میں انفرا ریڈ یا آئی آر سکس طرز (IR-6) کی تیس سینٹری فیوجز تیار کی جائیں گی۔ یہ سینٹری فیوج مشینیں یورینیم کی افزودگی کے عمل کو دس فیصد تیز کر دیتی ہیں۔
[pullquote]افغانستان میں بم دھماکا، آٹھ افراد ہلاک[/pullquote]
شمالی افغانستان میں سڑک کنارے نصب ایک بم کے پھٹنے سے کم از کم آٹھ افراد مارے گئے۔ یہ بم بغلان صوبے کے دارالحکومت پلِ خُمری کے نواح سے گزرنے والی ایک سڑک کے کنارے نصب کیا گیا تھا۔ بم پھٹنے سے تباہ ہونے والی ایک گاڑی میں سوار جو افراد ہلاک ہو گئے، اُن میں چار عورتیں اور دو بچے بھی شامل ہیں۔ زخمیوں کی تعداد چھ بتائی گئی ہے، جن کی حالت تشویشناک ہے۔
[pullquote]جنوبی کوریائی اور جاپانی رہنما اختلافات کے حل کے حامی[/pullquote]
جنوبی کوریا کے صدر مون جے ان نے تجویز پیش کی ہے کہ جاپان کے ساتھ پائے جانے والے اختلافات اعلیٰ سطحی مذاکرات کے ذریعے حل کیے جائیں۔ اس تجویز کی جاپانی وزیر اعظم شینزو آبے نے بھی کی حمایت کر دی ہے۔ اس تجویز پر اتفاق رائے تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک میں جاری آسیان تنظیم کی سمٹ کے حاشیے پر ہونے والی دونوں رہنماؤں کی مختصر ملاقات میں ہوا۔ دونوں رہنماؤں نے جنوبی کوریا اور جاپان کے درمیان معمول کے تعلقات کو اہم قرار دیا اور کہا کہ اختلافی معاملات کو حل کرنے کے لیے ہر ممکن ذرائع کا استعمال بہت ضروری ہے۔
[pullquote]بحیرہ جنوبی چین میں چینی دھمکی آمیز کارروائیاں قابل مذمت، امریکی مندوب[/pullquote]
امریکا کے قومی سلامتی کے مشیر رابرٹ اوبرائن نے آسیان سمٹ میں تقریر کرتے ہوئے بحیرہ جنوبی چین میں چین کی طرف سے اپنی عسکری قوت کے ذریعے دیگر ممالک کو ڈرانے دھمکانے کے عمل کی مذمت کی ہے۔ جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی تنظیم کی رکن ریاستوں کے اجلاس میں امریکی مندوب نے مزید کہا کہ بیجنگ حکومت آسیان اقوام کو بحیرہ جنوبی چین میں قدرتی وسائل تک رسائی سے روکنے کی کوشش میں ہے۔ اوبرائن نے یہ بھی کہا کہ اس وجہ سے چین نے ڈھائی ٹریلین ڈالر مالیت کے تیل اور گیس کے ذخائر کو اپنے لیے مختص کر لیا ہے۔
[pullquote]داعش کے جرمن ارکان: ترکی بیس جہادیوں کو جرمنی واپس بھیج دے گا[/pullquote]
ترک حکومت دہشت گرد تنظیم ’اسلامک اسٹیٹ‘ یا داعش سے تعلق رکھنے والے بیس جہادیوں کو واپس جرمنی بھیج دینے کا ارادہ رکھتی ہے۔ یہ بات ترک صدر رجب طیب ایردوآن کے ایک قریبی معتمِد نے بتائی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ شمالی شام میں ترک فوجی آپریشن کے آغاز کے بعد سے اب تک انقرہ کی فورسز ’اسلامک اسٹیٹ‘ کے جرمنی سے تعلق رکھنے والے مزید چار جنگجوؤں کو گرفتار کر چکی ہیں۔ ان کے علاوہ سولہ دیگر جرمن جہادی ایسے ہیں، جو طویل عرصے سے ترکی کی مختلف جیلوں میں بند اپنی ملک بدری کے انتظار میں ہیں۔ قبل ازیں ترک وزیر داخلہ نے اس بات پر ایک بار پھر تنقید کی تھی کہ برطانیہ اور ہالینڈ سمیت کئی یورپی ممالک داعش کے جہادی اپنے شہریوں کو واپس لینے سے ہچکچا رہے ہیں۔
[pullquote]ایران: امریکی سفارت خانے پر قبضے کے چالیس برس مکمل ہونے کی تقریبات[/pullquote]
ایرانی دارالحکومت تہران میں چالیس برس قبل اسلامی انقلاب کے بعد امریکی سفارت خانے پر قبضہ کر لیے جانے کی یاد میں خصوصی تقریبات کا آغاز ہو گیا ہے۔ یہ قبضہ چار سو چوالیس دن جاری رہا تھا اور اس دوران وہاں قابض افراد نے امریکی سفارت خانے کے عملے کے بعض اراکین کو بھی اپنی تحویل میں لیے رکھا تھا۔ آج کی تقریبات میں سے سب سے اہم ایرانی مظاہرین کی وہ ریلی ہو گی، جو سابقہ امریکی سفارت خانے کی عمارت کے سامنے سے نکالی جائے گی۔ اس ریلی سے ایرانی فوج کے کمانڈر جنرل عبدالرحیم موسوی خطاب کریں گے۔ ایرانی ٹی وی کے مطابق مختلف شہروں میں اس دن کے حوالے سے خصوصی ریلیاں بھی نکالی جائیں گی۔ ایران میں اسلامی انقلاب کے دوران آیت اللہ خمینی کے حامیوں نے امریکا نواز بادشاہ رضا شاہ پہلوی کو اقتدار سے باہر کر دیا تھا۔
[pullquote]لبنانی دارالحکومت میں مظاہرین نے سڑکوں پر رکاوٹیں کھڑی کر دیں[/pullquote]
لبنانی دارالحکومت بیروت میں آج پیر چار نومبر کو مظاہرین نے ایک مرتبہ پھر کئی شاہراہوں کو رکاوٹیں کھڑی کر کے بند کر دیا۔ گزشتہ دو ہفتوں سے تقریباً پورا لبنان ہی حکومتی اشرافیہ کے خلاف ہونے والے مظاہروں سے مفلوج ہو کر رہ گیا ہے۔ انہی مظاہروں کے باعث سعد الحریری نے گزشتہ ہفتے منصبِ وزارت عظمیٰ سے استعفیٰ بھی دے دیا تھا۔ بیروت کے اسکولوں کی بندش کا آج سے تیسرا ہفتہ شروع ہو گیا ہے۔ بیروت کی طرح مظاہرین نے شمالی شہر طرابلس کی سڑکوں کے ساتھ ساتھ جنوب میں خلدہ جانے والی ہائی وے کو بھی رکاوٹوں کے ذریعے بند کر دیا ہے۔ گزشتہ ہفتے ہی لبنانی فوج نے مظاہرین کو ان سڑکوں سے رکاوٹیں ہٹا دینے کی ہدایت کی تھی۔
[pullquote]کیلیفورنیا میں آگ بجھانے میں مدد نہیں کریں گے، صدر ٹرمپ کی دھمکی[/pullquote]
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ریاست کیلیفورنیا میں لگی جنگلاتی آگ بجھانے میں وفاقی حکومت کی امداد کو ممکنہ طور پر روک دینے کی دھمکی دی ہے۔ ٹرمپ نے یہ بیان کیلیفورنیا کے گورنر کی جانب سے اپنی ماحولیاتی پالیسیوں پر کی جانے والی تنقید کے جواب میں دیا۔ کیلیفورنیا میں گزشتہ دو ہفتوں سے لگی آگ نے ایک لاکھ ایکڑ کے قریب جنگلاتی علاقے کو خاکستر کر دیا ہے۔ ٹرمپ نے ریاستی گورنر گیوِن نیوسَم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ جنگلات کے تحفظ کے انتظام میں ناکام رہے ہیں۔ ٹرمپ نے اپنی ایک ٹویٹ میں لکھا کہ کیلیفورنیا میں ہر سال آگ لگتی ہے اور وسیع تر جنگلاتی علاقہ جل جاتا ہے، جس کے بعد ریاستی گورنر وفاقی حکومت سے مدد طلب کرتے ہیں تاہم اب واشنگٹن حکومت یہ آگ بجھانے میں مزید مدد نہیں کرے گی۔
[pullquote]نیپال میں بس حادثہ، ڈیڑھ درجن کے قریب ہلاکتیں[/pullquote]
نیپال میں ایک بس کے حادثے میں کم از کم سترہ افراد ہلاک اور پچاس دیگر زخمی ہو گئے۔ مسافروں سے بھری ایک بس سڑک سے ستر فٹ نیچے دریائے سَنکوشی کی وادی میں جا گری۔ مقامی حکام کے مطابق بعض زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے۔ پولیس اور مقامی شہری رات بھر امدادی سرگرمیوں میں مصروف رہے۔ اتوار تین نومبر کی رات حادثے کا شکار ہونے والی یہ بس ڈولکھا کے مقام سے دارالحکومت کھٹمنڈو جا رہی تھی۔ یہ حادثہ کھٹمنڈو سے 120 کلومیٹر کی دوری پر پیش آیا۔
[pullquote]موٹر ریسنگ: ہیملٹن قبل از وقت ہی چھٹی مرتبہ عالمی چیمپئن بن گئے[/pullquote]
فارمولا ون موٹر ریسنگ کی امسالہ عالمی چیمئن شپ میں برطانیہ کے لوئس ہیملٹن قبل از وقت ہی چھٹی مرتبہ عالمی چیمپئن بن گئے ہیں۔ انہوں نے یہ اعزاز ریاست ٹیکساس کے شہر آسٹِن میں ہونے والی امریکی گراں پری ریس میں اتوار کی شام پہلی پوزیشن حاصل کرتے ہوئے حاصل کیا۔ رواں سال کی ورلڈ چیمپئن شپ جیتنے سے قبل مرسیڈیز ٹیم کے یہ چونتیس سالہ برطانوی ڈرائیور دو ہزار آٹھ، دو ہزار چودہ، دو ہزار پندرہ، دو ہزار سترہ اور دو ہزار اٹھارہ میں بھی فارمولا ون کے عالمی چیمپئن رہ چکے ہیں۔