اتوار : 15 مارچ 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]نیلسن منڈیلا کے قبیلے کا بادشاہ کلہاڑی سے اہل خانہ پر حملہ کرنے کے جرم میں گرفتار[/pullquote]

کیپ ٹاﺅن: جنوبی افریقا کے ایک روایتی قبیلے ابا تھیمبو کے بادشاہ بائیلیخایا ڈالنڈئیبو کو اپنے محل میں اہل خانہ پر کلہاڑی سے حملہ آرو ہونے کے جرم میں حراست میں لے لیا گیا ہے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق جنوبی افریقا کی پولیس نے ابا تھیمبو قبیلے کے بادشاہ بائیلیخایا ڈالنڈئیبو کو املاک کو نقصان پہنچانے، اہل خانہ کو دھمکانے اور حملہ آور ہونے کے الزام میں گرفتار کرنے کی تصدیق کی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ابا تھیمبو کے بادشاہ نے اپنے بیٹے اور موجودہ عبوری بادشاہ کے حجرے میں داخل ہوکر کلہاڑی سے حملہ کیا، حملے میں ان کا ایک اور بیٹا اور قبیلے کی ملکہ سمیت شاہی خاندان کے کئی افراد زخمی ہوئے جب کہ عبوری بادشاہ نے کھڑکی سے چھلانگ لگا کر اپنی جان بچائی۔ بادشاہ بائیلیخایا ڈالنڈئیبو اس سے پہلے بھی گرفتار ہوچکے ہیں وہ اغوا اور جلاؤ گھیراؤ کے الزامات میں 2015 سے جیل قید میں تھے۔ انہیں 12 برس قید کی سزا سنائی گئی تھی تاہم حال ہی میں وہ پیرول پر رہا ہو کر محل آئے تھے۔ بادشاہ کو 12 سال قید کی سزا کے بعد ان کے بیٹے ازیناتھی کو عبوری بادشاہ مقرر کردیا گیا تھا۔ جنوبی افریقہ کے اس قبیلے سے معروف انقلابی رہنما نیلسن منڈیلا کا بھی تعلق تھا۔

[pullquote]شام میں روسی اور ترکی افواج کا مشترکہ گشت[/pullquote]

ادلب: روسی اور ترکی افواج نے جنگ بندی کے معاہدے پر عمل درآمد کرتے ہوئے شام کی مرکزی شاہراہ ایم-4 پر ’جوائنٹ پٹرولنگ‘ کی۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ماسکو میں روس اور ترکی کے صدور کے درمیان طے پانے والے جنگ بندی کے معاہدے کی پہلی شق پر عمل درآمد کر دیا گیا ہے جس کے تحت روسی اور ترکی فوج نے ادلب کی مرکزی شاہراہ ایم-4 پر مشترکہ گشت کیا۔ترک وزارت دفاع کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’جوائنٹ پٹرولنگ‘ میں دونوں ممالک کی بری فوج کے علاوہ فضائیہ نے بھی حصہ لیا۔ روسی میڈیا کے مطابق اس پٹرولنگ کے لیے ماسکو سے ملٹری پولیس کے دستوں اور گاڑیوں کو بھی بھیجا گیا تھا۔روسی فضائیہ کے حملوں میں درجنوں ترکی اہلکاروں کی ہلاکت کے بعد صدر طیب اردوان نے ماسکو کا دورہ کیا تھا اور صدر پوٹن سے ملاقات کی تھی جس میں دونوں ملک کے درمیان ادلب میں سیز فائر پر اتفاق کیا گیا تھا اور مشترکہ فوجی گشت کی تجویز رکھی گئی تھی۔دونوں ممالک کے حکام نے ادلب میں جنگ بندی اور معاہدوں کی پاسداری کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ادلب میں قیام امن کے لیے مشترکہ کاوشیں جاری رکھی جائیں گی اور معصوم شہریوں کی زندگیوں کی حفاظت کے لیے ہر ممکن اقدام اُٹھایا جائے گا۔

[pullquote]امریکا میں مسافر بردار چھوٹا طیارہ زمین بوس، 2 افراد ہلاک[/pullquote]

کیلی فورنیا: امریکی ریاست کیلی فورنیا میں ایک انجن والے چھوٹے طیارے کے ہچکولے کھاتے ہوئے زمین پر گر کر تباہ ہونے کے نتیجے 2 افراد ہلاک ہوگئے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی ریاست کیلی فورنیا میں ایک انجن والا چھوٹا طیارہ مقامی ایئرپورٹ سے پرواز بھرنے کے کچھ ہی دیر بعد ہچکولے کھاتے ہوئے زمین بوس ہوگیا۔ طیارے میں آگ بھڑک اُٹھی اور دیکھتے ہی دیکھتے طیارہ جلے ہوئے ملبے کے ڈھیر میں تبدیل ہوگیا۔ایئرپورٹ سے کچھ ہی فاصلے پر طیارے کا ملبہ مل گیا جس میں سے 2 افراد کی لاشیں نکالی گئی ہیں۔ ہلاک ہونے والوں کی شناخت ظاہر نہییں کی گئی ہے۔ طیارہ ممکنہ طور بارش اور موسم کی خرابی کے باعث حادثے کا شکار ہوا۔فیڈرل سول ایوی ایشن نے حادثے کی تحقیقات کے لیے ایک انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی ہے جب کہ لواحقین کی اجازت کے بعد ہی ہلاک ہونے والوں کی شناخت ظاہر کی جائے گی۔ امریکا میں نجی طور پر زیر استعمال چھوٹے طیاروں کے حادثات عام ہیں۔ رواں برس 7 ایسے واقعات میں درجن سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

[pullquote]عراق میں فوجی اڈے پر حملے میں امریکیوں سمیت 5 اہلکار زخمی ہوئے، پینٹاگون[/pullquote]

واشنگٹن: ترجمان پینٹاگون نے کہا ہے کہ گزشتہ روز عراق میں التاجی فوجی اڈے پر راکٹ حملے کے نتیجے میں 3 اتحادی اور 2 عراقی فوجی زخمی ہوئے جن میں سے دو کی حالت تشویشناک ہے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق پینٹاگون کے چیف ترجمان جاناتھن ہافمین نے گزشتہ روز عراقی دارالحکومت بغداد میں واقع التاجی فوجی اڈے پر نامعلوم مقام سے 12 راکٹ داغے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ راکٹ حملے میں 5 فوجی اہلکار زخمی ہوئے جن میں سے 2 کی حالت نہایت نازک ہے۔چیف ترجمان جاناتھن ہافمین کا مزید کہنا تھا کہ زخمی میں ہونے والوں میں اتحادی افواج کے 3 اہلکار اور 2 عراقی فوجی شامل ہیں۔ زخمی ہونے والے اتحادی افواج کے اہلکاروں میں امریکی فوجی بھی شامل ہے، تاہم کسی اہلکار کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔ترجمان پینٹاگون نے حملہ آوروں سے متعلق بتایا کہ نامعلوم حملہ آوروں نے نامعلوم مقام سے تاجی فوجی اڈے پر 25 راکٹ داغے گئے تھے جو امریکی فوجیوں کی قیام گاہ کے نہایت قریب گرے تھے، عراقی پولیس نے اس حملے کے بعد کچھ گرفتارياں کی ہیں جس کی تفصیلات جلد منظر عام پر لائی جائیں گی۔اسی فوجی اڈے پر ایک حملہ بدھ کے روز بھی کیا گیا تھا جس میں 3 امریکی فوجی ہلاک اور 12 زخمی ہوگئے تھے جس کا الزام امریکا نے ایرانی حمایت یافتہ مسلح گروہ پر عائد کیا تھا اور ان کے ٹھکانوں کو بھی نشانہ بنایا تھا جس میں 6 جنگجو مارے گئے تھے۔

[pullquote]ایسٹر کی تقریبات میں پوپ شریک نہیں ہوں گے[/pullquote]

ویٹی کن نے کہا ہے کہ اس مرتبہ ایسٹر کی تقریبات میں پوپ فرانسس بذات خود شریک نہیں ہوں گے۔ کورونا وائرس کی وجہ سے یہ غیر معمولی فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس برس ایسٹر کی مرکزی تقریبات بارہ اپريل کو منعقد کی جائیں گی لیکن عالمی وبا کووڈ انیس کی وجہ سے انہیں سادہ رکھا جائے گا۔ موجودہ صورتحال کی وجہ سے پوپ فرانسس اپنے عوامی میل ملاپ کی مصروفیات پہلے ہی منسوخ کر چکے ہیں جبکہ سینٹ پیٹرز اسکوائر اور باسيلیکا کو بند کیا جا چکا ہے۔ اس وائرس کی وجہ سے مسلمانوں کو حج کی ادائیگی میں بھی مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے۔

[pullquote]ایران میں مزید ہلاکتیں، پریشانی بڑھتی ہوئی[/pullquote]

ایرانی وزارت صحت نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے مزید 113 افراد مارے گئے ہیں۔ اتوار کے دن رپورٹ کی جانے والی ان ہلاکتوں کے بعد اس عالمی وبا کی وجہ سے ایران میں مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 724 ہو گئی ہے۔ ایران میں گزشتہ ماہ اس وائرس کا پہلا کیس رپورٹ کیا گیا تھا۔ تہران حکومت نے ایک ہزار نو نئے کیس رپورٹ کیے ہیں اور یوں مجموعی طور پر متاثرہ افراد کی تعداد چودہ ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے۔ خدشہ ہے کہ اگر ایران میں اس وبا کے حوالے سے موجودہ صورتحال بہتر نہ ہوئی، تو ملک کا نظام صحت بیٹھ سکتا ہے۔

[pullquote]بھارت میں بھی کورونا وائرس پھیلتا ہوا[/pullquote]

بھارت میں کورونا وائرس میں مبتلا ہونے والے افراد کی تعداد 107 ہو گئی ہے۔ اتوار کے دن حکام نے بتایا کہ ایک ہی دن میں تيئس نئے کیسز رپورٹ کیے گئے ہیں۔ وفاقی حکومت کے اعداد و شمار کے مطابق ریاست مہاراشٹر میں اس عالمی وبا کا شکار ہونے والے افراد کی تعداد اب 37 ہو گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اس وبا کی روک تھام کے لیے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی جلد ہی ہمسایہ اور جنوبی ایشیائی ممالک کے رہنماؤں سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے گفتگو کریں گے۔

[pullquote]مسجد الاقصیٰ اور گنبد الصخرا بھی عوام کے لیے بند[/pullquote]

عالمی وبا کووڈ انیس کے پھیلاؤ کو روکنے کی خاطر ابراہیمی مذاہب میں انتہائی مقدس تصور کی جانے والی مسجد الاقصیٰ اور گنبد الصخرا ( ڈوم آف دا راک) کو غیر معینہ مدت کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔ اسلامی مذہبی اتھارٹی سے وابستہ عمر کسوانی نے اتوار کے دن صحافیوں کو بتایا کہ اب ان انتہائی مقدس مقامات میں کوئی داخل نہیں ہو سکے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسلم نمازی البتہ الاقصیٰ مسجد کےباہر کھیلے میدان میں نماز ادا کر سکیں گے۔

[pullquote]’کورونا پر قابو نہ پایا تو امریکا میں 10 لاکھ اموات ہو سکتی ہیں‘[/pullquote]

امریکا کی جان ہاپکنس یونیورسٹی کے میڈیکل پروفیسر ڈاکٹر مارٹی مکارے کا کہنا ہے کہ امریکا میں کورونا کے کیسز کی تعداد 50 ہزار سے 5 لاکھ تک ہو سکتی ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر مارٹی کا کہنا ہے کہ امریکا کے محکمہ برائے امراض قابو اور بچاؤ کی جانب سے رپورٹ کیے گئے کیسز کی تعداد 1600سے کچھ زیادہ ہے۔انہوں نے کہا کہ بتائی گئی تعداد پر بھروسہ نہ کریں کیونکہ 1600 کے ٹیسٹ مثبت آنے کا یہ مطلب نہیں کہ صرف 1600 مریض ہی ہیں بلکہ امکان ہے کہ ایک تصدیق شدہ مریض کے ساتھ 25 سے 50 افراد متاثر ہیں۔ ڈاکٹر مارٹی کے مطابق امریکا کے اسپتالوں میں بڑی تعداد میں کورونا وائرس کے مریض موجود ہیں جہاں ان کے لیے پہلے سے ہی انتہائی نگہداشت یونٹ اور تمام سہولیات کی گنجائش ہے۔ان کا کہنا تھا کہ امریکا کے اسپتالوں میں 1 لاکھ آئی سی یو بستر دستیاب ہیں جب کہ دیکھا گیا ہے کہ 2 لاکھ نئے مریضوں کو انتہائی نگہداشت کی ضرورت ہو سکتی ہے۔

[pullquote]چین میں صورتحال بہتر، یورپی ممالک میں کورونا وائرس بے قابو[/pullquote]

چین سے منظر عام پر آنے والے کورونا وائرس سے یورپی ممالک بھی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں جہاں اب صورتحال بے قابو ہوگئی ہے۔ عالمی وبا سے 152 ممالک متاثر ہوچکے ہیں جس کے بعد کل کیسز کی تعداد ایک لاکھ 56 ہزار 730 ہوگئی ہے جب کہ دنیا بھر میں اموات کی تعداد 5 ہزار 839 تک پہنچ گئی ہے۔ چین کے نیشنل ہیلتھ کمیشن کے مطابق وائرس پر اب قابو پایا جا رہا ہے اور مریضوں کی تعداد میں واضح کمی دیکھنے میں آ رہی ہے، تاہم چین میں مزید 20 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی مجموعی تعداد 80 ہزار 844 ہوگئی ہے، دنیا کے سب سے زیادہ آبادی والے ملک میں اب تک 3 ہزار 199 افراد ہلاک ہو چکے جب کہ 67 ہزار کے قریب افراد صحتیاب ہو کر اپنے گھروں کو جا چکے ہیں۔ چین میں وائرس پر اب قابو پایا جا رہا ہے تاہم کورونا وائرس سے یورپی ممالک میں صورتحال بےقابو ہو رہی ہے۔ یورپی ملک اٹلی میں تیزی سے بڑھتے ہوئے کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 21 ہزار 157 ہوگئی ہے جب کہ اسپین میں بھی 6 ہزار سے زائد کیسز سامنے آنے کے بعد آج سے لاک ڈاؤن کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

[pullquote]اسرائیل کے بعد آسٹریلیا کا بھی کورونا وائرس کی ویکسین تیار کرنے کا دعویٰ[/pullquote]

آسٹریلوی سائنسدانوں نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے دنیا بھر میں پھیلنے والی عالمی وبا کورونا کی ویکسین تیار کرلی ہے۔ ایس اسپائک نامی ویکسین کوئنز لینڈ یونیورسٹی کے تین سائنسدانوں نے تیار کی ہے جسے آزمائشی مرحلے میں چوہوں پر آزمایا جا رہا ہے جب کہ اگلے مرحلے میں انسانوں پر آزمایا جائے گا۔ ماہرین کا کہنا ہےکہ ویکسین کی تیاری پر 20 سے 30 لاکھ ڈالر لاگت آئے گی اور بڑے پیمانے پر اس کی پیداوار چیلنج ہوگا۔آسٹریلوی سائنسدانوں کے مطابق مذکورہ ویکسین کی طبی آزمائش میں چند مہینے درکار ہیں۔

[pullquote]مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے 4 کشمیری نوجوان شہید[/pullquote]

سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز نے فائرنگ کرکے 4 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔ مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی کا سلسلہ جاری ہے، کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے ضلع آننت ناگ میں قابض بھارتی فورسز نے سرچ آپریشن کے دوران 4 کشمیری نوجوانوں کو فائرنگ کرکے شہید کردیا، شہید ہونے والے ایک نوجوان کی شناخت طارق احمد کے نام سے ہوئی ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوج نے علاقے کے داخلی اور خارجی راستوں کو بند کرکے سرچ آپریشن شروع کیا، اس دوران گھر گھر چھاپے مارے گئے اور تلاشی لی گئی جب کہ گھر گھر تلاشی کی آڑ میں کشمیریوں کو ہراساں کرنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

[pullquote]امریکی صدر کے کورونا وائرس ٹیسٹ کے نتائج آگئے[/pullquote]

واشنگٹن: امریکا میں ہلاکت خیز کورنا وائرس کے باعث 50 سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں جب کہ متاثرین کی تعداد ہزار تک جاپہنچی ہے اور کورونا وائرس میں مبتلا شخصیات سے ملاقات کے بعد صدر ٹرمپ کا بھی کورونا وائرس ٹیسٹ کیا گیا ہے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ کیا گیا ہے، ان کے معالجین کا کہنا ہے کہ 72 سالہ صدر ٹرمپ مکمل طور پر صحت یاب ہیں اور ان کا ٹیسٹ منفی آیا ہے۔ صدر ٹرمپ کا ٹیسٹ حالیہ دنوں میں کئی ایسی شخصیات سے ملنے کے بعد کیا گیا جو کورونا وائرس میں مبتلا پائے گئے جس کی وجہ سے صدر ٹرمپ کے بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی افواہیں زیرِ گردش تھیں۔امریکی ماہرین کا بھی کہنا ہے کہ تجارتی مرکز ہونے اور لاتعداد پروازوں کی آمد و رفت کے باعث امریکا میں کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلنے کے امکانات کسی بھی دوسرے ملک کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہے اگر خاطر خواہ انتظامات نہیں کیے گئے تو لاکھوں افراد کے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ امریکی صدر پہلے ہی ملک میں کورونا ایمرجنسی نافذ کرنے کا اعلان کرچکے ہیں اور اس کیلیے 50 ارب ڈالر کی رقم بھی مختص کی ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے