[pullquote]ٹرمپ نے ہیری اور میگھن کی سیکیورٹی اخراجات سے ہاتھ اٹھالیے[/pullquote]
امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ برطانوی شاہی خاندان چھوڑنے والے ہیری کو امریکا میں اپنی سیکیورٹی کا خرچہ خود برداشت کرنا ہوگا۔گزشتہ دنوں برطانوی شاہی خاندان کے اہم فرد شہزادہ ہیری نے شاہی خاندان چھوڑتے ہوئے خودمختار زندگی گزارنے کا اعلان کیا تھا۔شاہی ذمہ داریوں سے دستبرداری کے بعد وہ اہلیہ میگھن مارکل اور بیٹے کے ساتھ کینیڈا منتقل ہوگئے تھے۔کینیڈا میں رہائش کے دوران بھی ہیری اور ان کی اہلیہ کو برطانوی اور کینیڈین حکام کی جانب سے سیکیورٹی دینے پر تنقید کا سامنا رہا ہے۔ٹرمپ نے کہا کہ امریکا ہیری اور میگھن مارکل کی سیکیورٹی کے اخراجات برداشت نہیں کرے گا بلکہ انہیں اپنی سیکیورٹی کا خرچہ خودبرداشت کرناہوگا۔ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل کینیڈا سے امریکا کے شہر لاس اینجیس منتقل ہوگئے ہیں، ان کی اہلیہ میگھن مارکل شروع ہی سے لاس اینجلس میں رہی ہیں۔امریکی صدر کے ٹوئٹ کے جواب میں ہیری نے بھی رعمل کا اظہار کیا ہے۔ترجمان کے ذریعے جاری بیان میں ہیری کا کہنا تھا کہ امریکی حکومت سے اپنی سیکیورٹی کے اقدامات کا کہنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے بلکہ ذاتی فنڈز سے سیکیورٹی کے انتظامات کرلیے ہیں۔
[pullquote]کورونا وائرس کا خدشہ ؛ اسرائیلی وزیر اعظم نے خود ساختہ تنہائی اختیار کرلی[/pullquote]
اسرائیلی وزیر اعظم بن یامین نتین یاہو نے کورونا وائرس کے حوالے سے احتیاطاً خود ساختہ تنہائی (سیلف آئیسولیشن) اختیار کرلی ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم نے یہ فیصلہ اپنے ایک قریبی پارلیمانی ساتھی میں کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد کیا ہے۔نیتن یاہو وزارت صحت کی جانب سے تجویز کیے گئے 14 روز کے آئسولیشن میں رہیں گے اور اس دوران اپنی ذمہ داریاں بھی نبھاتے رہیں گے۔کورونا سے متاثرہ ممبر کا نام سامنے نہیں آیا تاہم کہا جارہا ہے کہ وہ گذشتے ہفتے پارلیمنٹ میں اسرائیلی وزیراعظم کے ساتھ موجود تھے۔اسرائیلی وزیراعظم کے علاوہ نتین یاہو کے دفتر کے متعدد ارکان نے بھی خود کو الگ کرلیا ہے اور سیلف آئسولیشن میں چلے گئے ہیں۔70 سالہ نتین یاہو کا کورونا ٹیسٹ کل ایک بار پھر کیا جائے گا اس سے قبل15 مارچ کو بھی ان کا ٹیسٹ کیا گیا تھا تاہم وہ منفی آیا تھا ۔
[pullquote]اسپین کووڈ انيس کے مریضوں کی تعداد کے اعتبار سے تیسرا ملک[/pullquote]
اسپین نئے کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد کے اعتبار سے امریکا اور اٹلی کے بعد تیسرا ملک بن گیا ہے۔ حکام نے آج پیر کو بتایا کہ ملک میں کووڈ انیس کے 85 ہزار سے زائد مریض ہیں جبکہ ہلاکتوں کی تعداد سات ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔ دوسری جانب اٹلی میں کورونا وائرس کے مریض ایک لاکھ کے قریب ہیں اور تقریباﹰ گیارہ ہزار ہلاک ہو چکے ہیں۔ دریں اثناء پير تيس مارچ کو نئے کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 723,700 تک پہنچ گئی ہے۔ دنيا بھر ميں اب تک چونتيس ہزار سے زائد افراد اس وائرس کے باعث ہلاک بھی ہو چکے ہيں۔
[pullquote]جرمنی میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 62 ہزار[/pullquote]
جرمنی میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ روبرٹ کوخ انسٹی ٹیوٹ کے مطابق اس وقت ملک ميں باسٹھ ہزار سے زائد افراد کووڈ انیس کا شکار ہیں جبکہ اس مرض سے ہونے والی ہلاکتیں 541 ہو چکی ہیں۔ جرمن وزیر مالیات اولاف شلز نے کہا کہ صحت کو ترجیح حاصل ہے اور فی الحال حفاظتی اقدامات میں کوئی نرمی نہیں کی جا رہی۔ وزیر اقتصادیات پیٹر آلٹمائر کے بقول انفیکشن کی تعداد کم ہونے کے بعد ہی پابندیوں میں نرمی کی جا سکتی ہے۔ برلن حکومت نے بیس اپریل تک پابندیوں کا اعلان کر رکھا ہے۔
[pullquote]جرمنی میں کساد بازاری ناگزیر ہے، ماہرین[/pullquote]
کورونا بحران کے دوران جرمن معیشت سکڑ جائے گی۔ ماہرین کی ایک کونسل کے مطابق رواں برس اگر بدترین صورتحال کا سامنا کرنا پڑا تو مجموعی قومی پیداوار میں 5.4 فیصد تک کی گراوٹ آ سکتی ہے۔ ماہرین کی یہ کونسل اقتصادی مسائل سے پیدا ہونے والے نقصانات کا اندازہ لگا رہی ہے۔ اس رپورٹ میں واضح کیا گیا کہ اگر پابندیوں کا دورانیہ کم ہو جائے تو ہو سکتا ہے کہ جی ڈی پی میں صرف 2.8 فیصد کی کمی آئے۔ اس دوران وفاقی جرمن حکومت کو تجویز کیا گیا ہےکہ وہ ملکی معیشت کو سہارا دینے کے لیے ایک امدادی پیکج متعارف کرائے۔
[pullquote]’کورونا وائرس سے امریکا میں ایک لاکھ شہری ہلاک ہو سکتے ہیں‘[/pullquote]
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ کورونا وائرس سے امریکا میں ایک لاکھ تک شہری ہلاک ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ اس وبا پر قابو پانے کے لیے اقدامات تیس اپریل تک لاگو رہیں گے۔ دنیا میں کورونا وائرس کے سب سے زیادہ مریض امریکا میں ہیں۔ کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے امریکی صدر کے مشیر انتھونی فاؤسی کے مطابق کووڈ انیس سے امریکا میں دو لاکھ تک ہلاکتیں ہو سکتی ہیں۔
[pullquote]شامی جیل میں ہنگامہ آرائی، داعش کے متعدد قیدی فرار[/pullquote]
شام کے شمال مشرق میں واقع ایک جیل میں ہنگامہ آرائی کے بعد متعدد قیدی فرار ہو گئے ہیں۔ کرد حکام کے مطابق الحسکہ میں واقع جیل میں اتوار 29 مارچ کو بڑے پیمانے پر ہونے والی ہنگامہ آرائی کے دوران کئی قیدی فرار ہونے میں کامیاب ہوئے۔ اس جیل میں مبینہ طور پر شدت پسند تنظیم داعش سے وابستہ کئی انتہاپسند بھی بند تھے۔ شام کے سرکاری ٹیلی وژن نے بارہ قیدیوں کی فرار ہونے کی تصدیق کی ہے۔ ’سیریئن ڈیموکریٹک فورسرز نے بتایا ہے کہ مفرور قیدیوں کی تلاش جاری ہے۔
[pullquote]شمالی کوریا کی جانب سے بہت بڑے راکٹ لانچر کا استعمال[/pullquote]
شمالی کوریا کے مطابق اس نے میزائل کے اپنے ايک تازہ تجربے میں متعدد میزائلوں کو ایک ساتھ فضا میں بھیجنے والا ایک بہت بڑا راکٹ لانچر استعمال کیا تھا۔ خبر رساں ادارے ’کے سی این اے‘ نے بتایا کہ اس نظام کا تجربہ کامیاب رہا اور اسے اب جلد ہی فوج کے حوالے کر دیا جائے گا۔ اقوام متحدہ کی پابندیوں کے بادجود اتوار کو پیونگ یانگ حکومت نے اس ماہ کے دوران سمندر میں چوتھی مرتبہ میزائل داغے تھے۔
[pullquote]ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن امریکا منتقل ہو رہے ہیں[/pullquote]
ذرائع ابلاغ کی رپورٹوں کے مطابق برطانوی شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن امریکا منتقل ہو رہے ہیں۔ اس تناظر میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس جوڑے کو انتباہ کیا کہ واشنگٹن حکومت ان کے ذاتی تحفظ کے اخراجات برداشت نہیں کرے گی۔ ٹرمپ نے زور دے کر کہا کہ محافظوں کو تنخواہیں انہیں خود ہی ادا کرنا ہوں گی۔ اس برطانوی شاہی جوڑے نے اپریل سے اپنی شاہی حیثیت سے دستبردار ہونے کا اعلان کیا تھا۔ ان کے مطابق وہ مالی طور پر خود مختار ہونا چاہتے ہیں۔
[pullquote]تمام مسلح تنازعات کو فوری طور پر روکا جائے، پوپ فرانسس[/pullquote]
پاپائے روم پوپ فرانسس نے کورونا ورئرس کی وجہ سے دنیا بھر میں جاری تمام مسلح تنازعات کو فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔ پوپ کے مطابق تمام جنگوں کو روکا جانا چاہیے، انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر امداد کی فراہمی کے لیے راہ داریاں قائم کی جانا چاہییں اور سفارت کاری کے لیے راہ ہموار کرنا چاہیے۔ اس سے قبل اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گوٹیرش 23 مارچ کو نیو یارک میں اس طرح کی اپیل کر چکے ہیں۔
[pullquote]کورونا وائرس: تازہ ترين اعداد و شمار[/pullquote]
’جان ہاپکنز يونيورسٹی اور ريسرچ سينٹر‘ کے اعداد و شمار کے مطابق پير تيس مارچ کو نئے کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 723,700 تک پہنچ گئی ہے۔ دنيا بھر ميں اب تک چونتيس ہزار سے زائد افراد اس وائرس کے باعث ہلاک بھی ہو چکے ہيں۔ کووڈ انيس کے مريضوں کے اعتبار سے امريکا 143,025 کے ساتھ سر فہرست ہے جبکہ سب سے زيادہ 10,799 اموات اٹلی ميں ريکارڈ کی گئی ہيں۔ پير کی صبح کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق عالمی سطح پر 152,032 افراد اس بيماری سے صحت ياب بھی ہو چکے ہيں۔
[pullquote]صوماليہ: الشباب کے حملے ميں علاقائی گورنر ہلاک[/pullquote]
صوماليہ کے نوگال خطے کے گورنر عبدی صلان حسن ہرسی ايک خود کش حملے ميں مارے گئے۔ ان کی ہلاکت کی تصديق طبی حکام اور پوليس نے پير کی صبح کی۔ گورنر کی ہلاکت اتوار کو ايک خود کش حملے ميں ہوئی، جس کی ذمہ داری مقامی شدت پسند گروہ الشباب نے قبول کر لی ہے۔ اس حملے ميں ايک سابق پوليس کمانڈر اور ايک شہری زخمی بھی ہوئے۔ الشباب کو سن 2011 ميں دارالحکومت موغاديشو سے نکال ديا گيا تھا تاہم يہ تنظيم اب بھی ملک کےکئی دور دزار کے علاقوں ميں سرگرم ہے۔
[pullquote]کورونا وائرس؛ جرمنی کے صوبائی وزیر خزانہ کی عوام کی مالی امداد میں ناکامی پر خودکشی[/pullquote]
برلن: جرمنی میں ایک صوبے کے وزیر خزانہ نے کورونا وائرس کے باعث عوام کی مالی امداد میں ناکام رہنے پر خودکشی کرلی۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جرمنی کے صوبہ ہیسے کے وزیر خزانہ تھوماس شیفر کی لاش ٹرینوں کی پٹری کے پاس سے ملی۔ پولیس کی تحقیقات کے مطابق وزیر خزانہ نے خود کشی کی ہے۔تھوماس شیفر کا تعلق حکمراں جماعت کرسچن ڈیموکریٹک یونین ’سی ڈی یو‘ سے تھا اور وہ دس سال سے صوبائی وزیر خزانہ کے عہدے پر فائز تھے۔54 سالہ تھوماس شیفر کورونا وائرس کے باعث عوام کی مالی امداد کے لیے کافی سرگرم تھے اور انہوں نے حال ہی میں ٹی وی پر حکومتی امدادی پیکج کی تفصیلات سے آگاہ بھی کیا تھا۔
[pullquote]روس کا کورونا ویکسین تیار کرنے کا دعویٰ[/pullquote]
ماسکو: روس نے کورونا وائرس کی ویکسین تیار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔روس کی فیڈرل بائیو میڈیکل ایجنسی کے پریس مرکز سے شائع کئے گئے بیان کے مطابق کووِڈ۔19 کے علاج میں میفلوکین نامی دوا کا استعمال کیا جائے گا۔ یہ دوا مختلف شدتوں کے کورونا وائرس کے خاتمے کے لئے مفید ثابت ہو گی۔بیان میں کہا گیا ہے کہ میفلوکین اپنے مضبوط مدافعتی اثرات سے وائرس کے نتیجے میں التہاب اور ورم کے ردعمل کا بھی سدباب کرتی ہے۔
[pullquote]مقبوضہ کشمیر میں پابندیاں سخت، ایک اورکورونا مریض چل بسا[/pullquote]
سری نگر / اسلام آباد: مقبوضہ کشمیر میں مزید 13 افراد کے کورونا وائرس ٹیسٹ کے نتائج مثبت آئے ہیں جس کے ساتھ ہی اب تک سامنے آنے والے کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی تعداد بڑھ کر 33 سے تجاوز کر گئی ہے۔وادی میں لاک ڈاؤن کی پابندیاں مزید سخت کر دی گئی ہیں مقبوضہ کشمیر کے شمالی ضلع بارہ مولہ میں گمرگ سے تعلق رکھنے والے 62 سالہ شخص کی کورونا وائرس کے باعث ہلاکت ہوئی ہے جس کے بعد وادی میں اس عالمی وبا کی وجہ سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 2 ہوگئی ہے۔مشعال ملک نے کورونا کے باعث لاک ڈاؤن پر ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ ایک لاک ڈاؤن مقبوضہ کشمیر میں بھی کیا گیا ہے، جہاں بھارتی فوج لاک ڈاون میں کھڑکی پر کھڑے ہونے نہیں دے رہی، کشمیری کھانے لینے باہر نکلے تو انہیں گولیوں سے چھلنی کیا جاتا رہا۔مشعال ملک کا کہنا ہے کہ یہاں حکومت تمام میڈیکل سہولیات فراہم کر رہی ہے، مقبوضہ وادی میں کشمیریوں کو ادویات تک نہیں فراہم کی جارہی۔ وادی میں قابض فوج کشمیریوں کا قتل عام کر رہی ہے۔دوسری جانب پاکستان نے کورونا وائرس کے خطرات کے پیش نظر کشمیری قیدیوں کی رہائی اور مقبوضہ کشمیر میں پابندیوں کو ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں مسلسل پابندیوں پر تشویش ہے۔ بھارت فوری طور پر مقبوضہ کشمیر سے پابندیوں کو ختم کرے اور میڈیکل اور دیگر ضروری سامان تک رسائی کی اجازت دے۔ بھارتی حکومت فوری طور پر بھارتی جیلوں سے تمام سیاسی قیدیوں کی رہائی کی اجازت دیں۔