[pullquote]دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد چودہ ملین کے قریب[/pullquote]
دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد چودہ ملین کے قریب پہنچ چکی ہے۔ امریکا کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق اب تک عالمی سطح پر تیرہ اعشاریہ آٹھ چار ملین افراد میں اس وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے، جب کہ اس عالمی وبا کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد پانچ لاکھ اٹھاسی ہزار سے زائد ہو چکی ہے۔ اس فہرست میں امریکا سب سے آگے ہے، جہاں اب تک قریب چار ملین افراد میں اس وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے اور وہاں ہونے والی ہلاکتیں ایک لاکھ اڑتیس ہزار سے زائد ہیں۔ برازیل میں یہ وائرس اب تک 76 ہزار سے زائد افراد کی ہلاکت کی وجہ بنا ہے۔ پاکستان میں بھی اس وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ڈھائی لاکھ سے زائد ہو چکی ہے، جب کہ یہاں اس وبا کی وجہ سے ہونے والی مصدقہ ہلاکتوں کی تعداد ساڑھے پانچ ہزار کے قریب ہے۔
[pullquote]’داعش دلہن‘ برطانیہ لوٹ کر اپنی شہریت کا مقدمہ لڑ سکتی ہے[/pullquote]
ایک برطانوی عدالت نے ایک شامی مہاجر کیمپ میں موجود شمیمہ بیگم نامی 20 سالہ لڑکی کو برطانیہ واپس آ کر اپنی شہریت کی منسوخی کا مقدمہ لڑنے کی اجازت دے دی ہے۔ شمیمہ بیگم نے فروری 2015 ء میں شام پہنچ کر داعش کے ایک جہادی سے شادی کر لی تھی۔ تاہم برطانوی حکومت نے ’اسلامک اسٹیٹ‘ کا حصہ بننے کے تناظر میں شمیمہ بیگم کی شہریت منسوخ کر دی تھی۔ شمیمہ بیگم گزشتہ برس فروری میں شمالی شام میں ایک مہاجر کیمپ میں ملیں تھیں اور اس وقت وہ حاملہ تھیں۔ ان کا بچہ پیدائش کے فوری بعد فوت ہو گیا تھا۔
[pullquote]کورونا وائرس کا پھیلاؤ، اسرائیل میں ویک اینڈ پر لاک ڈاؤن[/pullquote]
اسرائیلی حکومت نے کورونا وائرس کے تیز رفتار پھیلاؤ کو روکنے کے لیے جمعے کے روز مزید سخت پابندیوں کا اعلان کیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ویک اینڈ پر ریستورانوں سمیت متعدد کاروباری مراکز میں سرگرمیوں کو محدود رکھا جائے گا۔ وزیراعظم نیتن یاہو کا کہنا ہے کہ عبوری ضوابط متعارف کرنے کی وجہ سے ملک بھر میں لاک ڈاؤن کی نوبت سے بچنا ہے۔ نئے ضوابط کے تحت ساحلوں کو بھی ویک اینڈ پر بند رکھا جائے گا، جب کہ ورزش کے مراکز فقط ایتھلیٹس کے لیے کھولے جائیں گے۔
[pullquote]ریاستی نگرانی کو محدود بنایا جائے، اعلیٰ جرمن عدالت[/pullquote]
جرمنی کی اعلیٰ ترین دستوری عدالت نے جمعے کو اپنے ایک فیصلے میں ریاستی اداروں کی شہریوں کے نجی کوائف تک رسائی کو محدود بنانے کا حکم دیا جائے۔ جنوب مغربی شہر کارلسروئے میں قائم جرمن آئینی عدالت نے کہا کہ ٹیلی کام کمپنیوں سے نام، پتا، تاریخ پیدائش اور ایڈریس کی تفصیلات طلب کرنا، کسی واضح خطرے کے ساتھ مشروط ہونا چاہیے۔ اس فیصلے کے تحت حکومت سے کہا گیا ہے کہ وہ اگلے سال کے آخر تک ٹیلی کام اور شہریوں کی نگرانی سے متعلق قوانین میں اصلاحات لائے۔
[pullquote]ایران میں مظاہرے، سکیورٹی فورسز کی جانب سے آنسو گیس کا استعمال[/pullquote]
ایرانی سکیورٹی فورسز نے جمعرات کے روز جنوب مغربی شہر بہبہان میں حکومت مخالف مظاہرے کے خلاف آنسو گیس کا استعمال کیا۔ سوشل میڈیا پر ان مظاہروں کی ویڈیوز میں سکیورٹی اہلکاروں کی بہت بڑی تعداد دکھائی دے رہی ہے۔ سوشل میڈیا پر تہران اور اصفہان سمیت متعدد دیگر شہروں میں بھی حکومت مخالف مظاہروں کی ویڈیوز سامنے آئی ہیں۔ خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ان ویڈیوز کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو پا رہی ہے۔ روئٹرز کا کہنا ہے کہ متعدد مقامات سے انٹرنیٹ کی بندش کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔
[pullquote]یورپی سربراہی اجلاس، اقتصادی بحالی فنڈ کے حوالے سے ممکنہ ڈیل[/pullquote]
یورپی یونین کے سربراہان آج جمعے کو برسلز میں ملاقات کر رہے ہیں۔ 27 رکنی یورپی یونین اس اجلاس میں 750 ارب یورو کے مشترکہ اقتصادی بحالی منصوبے کی منظوری دی سکتی ہے۔ یہ بات اہم ہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے نافذ کردہ لاک ڈاؤن کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ یورپی سربراہان ملاقات کر رہے ہیں۔ کورونا وائرس کی وجہ سے یورپی اقتصادیات کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور ایسے میں یورپ کی کوشش ہے کہ وہ ایک مشترکہ لائحہ عمل کے ذریعے اقتصادی مسائل کو حل کرے۔
[pullquote]کورونا وائرس کیسز میں یورپ بھر میں سویڈن سب سے آگے[/pullquote]
سویڈن اس وقت نئے کورونا کیسز کے اعتبار سے یورپ بھر میں سب سے آگے ہے، تاہم حکام کا کہنا ہے کہ اس وائرس کے پھیلاؤ میں کمی آ رہی ہے۔ واضح رہے کہ سویڈن نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے انتہائی نرم قسم کا رویہ اپنایا تھا اور اسی وجہ سے عالمی سطح پر توجہ کا مرکز بھی تھا۔بتایا گیا ہےکہ فی کس اعتبار سے سویڈن میں نئے کورونا کیسز کی تعداد دیگر یورپی ممالک کے مقابلے میں چھ گنا زائد ہے۔ سویڈن میں اب تک قریب 77 ہزار افراد میں اس وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے، جب کہ یہاں ہونے والی ہلاکتیں قریب ساڑھے پانچ ہزار ہیں۔
[pullquote]سابق ملائیشین وزیراعظم مزید ایک برس قید میں[/pullquote]
سابق ملائیشین وزیراعظم نجیب رزاق کے خلاف کرپشن کے ایک مقدمے کی کارروائی کو اگلے برس جون تک کے لیے موخر کر دیا گیا ہے۔ اس سے قبل نجیب رزاق کے خلاف مقدمے کی کارروائی کورونا وائرس وبا کی وجہ سے کئی ہفتے تعطل کا شکار رہی ہے۔ نجیب رزاق پر الزام ہے کہ انہوں نے اپنے دس سالہ دورِ حکومت میں کروڑوں ڈالر کا ملکی سرمایہ چرایا۔ مئی 2018 ء میں ان کے حکمران اتحاد کو انتخابات میں شکست ہوئی تھی اور اس کے بعد انہیں اختیارات کے ناجائز استعمال اور منی لانڈرنگ کے الزامات کے تحت حراست میں لے لیا گیا تھا۔
[pullquote]بھارت میں کورونا کیسز کی تعداد ایک ملین سے زائد ہو گئی[/pullquote]
بھارت میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک ملین سے زائد ہو گئی ہے۔ چند روز قبل بھارت میں لاک ڈاؤن میں نرمی کی گئی تھی، تاہم اب کورونا وائرس کی وجہ سے روزانہ کی بنیاد پر ہونے والی چھ سو سے زائد ہلاکتوں کے تناظر میں ایک مرتبہ پھر لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا ہے۔ بھارتی وزارت صحت نے جمعے کے روز بتایا کہ ملک بھر میں مجموعی طور پر دس لاکھ تین ہزار تین سو بیاسی افراد میں اس وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے جب کہ 25 ہزار افراد اس وائرس سے ہلاک ہوئے ہیں۔
[pullquote]مشتبہ روسی ہیکرز کورونا ویکیس کے تجرباتی نتائج چرانے کی کوشش میں[/pullquote]
مغربی ممالک نے جمعرات کے روز الزام عائد کیا ہے کہ مبینہ طور پر روسی ہیکرز کورونا وائرس ویکسین سے متعلق جاری تحقیق کے نتائج چرانے کی کوشش میں ہیں۔ مغربی ممالک کا الزام ہے کہ یہ ہیکرز ممکنہ طور پر روسی خفیہ اداروں کا حصہ ہیں۔ امریکی حکام کے مطابق روسی ہیکرز امریکا، برطانیہ اور کینیڈا میں کورونا وائرس کے خلاف ویکیسن سے متعلق نجی کمپنیوں اور سائنس دانوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ واشنگٹن انتظامیہ کے مطابق امریکا تحقیقی معلومات کے تحفظ کے لیے اپنا کام کرتا رہے گا۔
[pullquote]مون سون بارشیں اور طوفان، جنوبی ایشیا میں 221 ہلاکتیں[/pullquote]
جنوبی ایشیا میں گزشتہ ایک ماہ کے دوران مون سون کی بارشوں اور سیلابوں کی وجہ سے نیپال، بنگلہ دیش اور بھارت میں کم از کم دو سو اکیس افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ ان شدید بارشوں کی وجہ سے نیپال، بنگلہ دیش اور بھارت میں سیلابی علاقوں میں پھنسے افراد کی تعداد ایک ملین سے زائد ہے، جب کہ لاکھوں افراد کو گھربار چھوڑ کر محفوظ علاقوں کی جانب ہجرت کرنا پڑی ہے۔ بھارت میں مون سون بارشوں سے جڑی ہلاکتوں کی تعداد 101 ہے جب کہ نیپال میں اب تک کم از کم ایک سو سترہ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ بنگلہ دیشی حکام نے مون سون بارشوں کے سبب ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد تین بتائی ہے۔
[pullquote]یورپی طلبہ اب امریکا جا سکتے ہیں[/pullquote]
ٹرمپ انتظامیہ نے طلبہ کو یورپ سے امریکا کا سفر کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ واضح رہے کہ ٹرمپ انتظامیہ نے یورپی شہریوں پر امریکا کے سفر کے حوالے سے پابندیاں نافذ کر رکھی ہیں۔ جمعرات کے روز امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے کانگریس کو بھیجے گئے ایک تحریری بیان میں کہا گیاکہ یورپی طلبہ کو اس پابندی سے استثناء دیا گیا ہے۔ محکمہ خارجہ کے مطابق جلد ہی شادی شدہ جوڑوں اور اہل خانہ کے حوالے سے بھی پابندیوں میں نرمی کر دی جائے گی۔