پیر : 20 جولائی 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]بھارت، کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ[/pullquote]

بھارت میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کورونا کے چالیس ہزار سے زائد نئے مریض سامنے آئے ہیں، جو کہ ایک دن میں کیسز کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔ اس طرح وہاں متاثرین کی تعداد گیارہ لاکھ بیس ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے۔ اسی طرح ایک دن میں ریکارڈ چھ سو اکیاسی اموات کے ساتھ کووڈ انیس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد ستائیس ہزار پانچ سو سے زائد ہو چکی ہے۔ تاہم طبی ماہرین کا خیال ہے کہ اموات کی اصل تعداد اس سے کہیں زیادہ ہے۔ بھارت پہلے ہی امریکا اور برازیل کے بعد سب سے زیادہ متاثرہ ملک بن چکا ہے۔

[pullquote]جاپانی برآمدات دس سال کی نچلی ترین سطح پر[/pullquote]

کورونا وبا کی وجہ سے دنیا کی تیسری بڑی معیشت جاپان کی برآمدات دس سال کی نچلی ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں۔ ٹوکیو حکومت کے مطابق اس سال کی پہلی ششماہی میں برآمدات میں گزشتہ برس کے مقابلے میں پندرہ عشاریہ چار فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔ اس کی بنیادی وجہ کمزور امریکی قوت خرید بتائی گئی ہے، جس کے باعث امریکا میں جاپانی کاروں اور صنعتی سازو سامان کی فروخت میں واضح کمی دیکھی گئی ہے۔ گزشتہ سال کے مقابلے میں صرف جاپانی کاروں کی برآمدات میں ہی اکتیس فیصد کمی دیکھی گئی ہے۔

[pullquote]عرب دنیا کا پہلا مریخ خلائی مشن روانہ[/pullquote]

متحدہ عرب امارات کا مریخ کے لیے پہلا خلائی مشن پیر کی صبح جاپانی خلائی اڈے تانیگاشیما سے روانہ ہو گیا ہے۔ یہ مشن سات ماہ میں تقریبا ًپچاس کروڑ کلومیٹر کا سفر طے کر کے مریخ تک پہنچے گا۔ متحدہ عرب امارت نے اس تحقیقاتی مشن کے لیے ایک روبوٹک خلائی گاڑی روانہ کی ہے، جس کا نام ‘ہوپ’ یعنی امید ہے۔ اگلے برس متحدہ عرب امارات کے قیام کے پچاس برس مکمل ہو جائیں گے اور مریخ پر اس خلائی جہاز کی لینڈنگ ملک کی پچاسویں سالگرہ کے موقع پر متوقع ہے۔

[pullquote]سعودی فرماں روا شاہ سلمان ہسپتال داخل[/pullquote]

سعودی عرب کے حکمراں شاہ سلمان بن عبدالعزیز کو خرابی صحت کے باعث ریاض کے شاہ فیصل اسپیشلسٹ ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق چوراسی سالہ شاہ سلمان مثانے میں سوجن کے مرض میں مبتلا ہیں۔ وہ اس سے پہلے سن دوہزار دس میں امریکا میں ریڑھ کی ہڈی کی سرجری کروا چکے ہیں۔ اس دوران وہ کافی عرصے تک ملک سے باہر رہے تھے۔ ماضی میں ان پر فالج کا حملہ بھی ہو چکا ہے اور فزیوتھیراپی کے باوجود ان کے دونوں ہاتھ ٹھیک سے کام نہیں کرتے ہیں۔ وہ پانچ سال سے سعودی عرب کے حکمران ہیں۔

[pullquote]شام میں بم دھماکا، متعدد افراد ہلاک[/pullquote]

خانہ جنگی کے شکار ملک شام میں ایک کار بم دھماکے کے نتیجے میں کم از کم پانچ افراد ہلاک اور پچاسی زخمی ہو گئے ہیں۔ ترک میڈیا کے مطابق یہ حملہ دونوں ملکوں کی سرحد کے قریب اس علاقے میں ہوا، جو صدر بشارالاسد کے کنٹرول میں ہے۔ اسی دوران شام میں اتوار کو ملک کی نئی پارلیمان کا انتخاب کیا گیا۔ روسی فوج کی مدد سے صدر اسد ملک کے زیادہ تر حصوں پر دوبارہ اپنی حکومت قائم کر چکے ہیں۔

[pullquote]موساد اور سی آئی اے کے لیے ’جاسوسی‘ کرنے والے کو ایران میں پھانسی[/pullquote]

ایران نے پیر کو امریکا اور اسرائیل کے لیے جاسوسی کے الزام میں ایک سابق مترجم محمود موسوی کو پھانسی دے دی ہے۔ تہران حکام کے مطابق انہوں نے امریکی ڈرون حملے میں مارے جانے والے جنرل سلیمانی کی لوکیشن کے بارے میں معلومات فراہم کی تھیں۔ دوسری جانب ایران میں مزید تین نوجوانوں کی پھانسی فی الحال ملتوی کر دی گئی ہے۔ ان نوجوانوں کو نومبر دو ہزار نو میں ہونے والے پرتشدد مظاہروں کے بعد یہ سزا سنائی گئی تھی۔ ان سزاؤں کے خلاف ایران پر بین الاقوامی سطح پر تنقید میں اضافہ ہو گیا تھا جبکہ سوشل میڈیا پر بھی ہزاروں افراد نے اس فیصلے کے خلاف حکومت مخالف احتجاج کیا تھا۔

[pullquote]کورونا کے انفیکشن میں ریکارڈ اضافہ، ڈبلیو ایچ او[/pullquote]

عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران دنیا میں کورونا کے تقریبا دو لاکھ ساٹھ ہزار نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ اس وبا سے مجموعی طور پر اموات کی تعداد چھ لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔ وائرس سے سب سے زیادہ متاثر امریکا، برازیل، میکسیکو، بھارت اور جنوبی افریقہ ہوئے ہیں۔ اس وائرس کی ویکسین کے لیے دنیا میں ابھی کوششیں جاری ہیں۔

[pullquote]آسام میں بارشیں اور سیلاب، درجنوں افراد ہلاک[/pullquote]

بھارتی ریاست آسام میں بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے کم از کم چوراسی افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ حکام نے پیر کے روز تک بے گھر ہونے والوں کی تعداد تقریبا ستائیس لاکھ بتائی ہے۔ امدادی کارکنوں کو دوہری مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ایک طرف کورونا وائرس ہے اور دوسری طرف سیلابی ریلوں میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ چائے کی پیداوار کے حوالے سے مشہور آسام کو ہر سال ہی مون سون میں ایسے حالات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ حکومت کی طرف سے کیے جانے والے حفاظتی اقدامات ابھی تک ناکافی ثابت ہوئے ہیں۔

[pullquote]کورونا امدادی پیکج پر یورپی یونین کا سربراہی اجلاس جاری[/pullquote]

کورونا امدادی پیکج کے حوالے سے یورپی یونین کا سربراہی اجلاس آج بھی جاری ہے۔ جمعے کے روز سے یورپی یونین کے ستائیس سربراہان مملکت و حکومت سات سو پچاس بلین یورو کے امدادی منصوبے پر بات چیت کر رہے ہیں۔ تنازعے کا سب سے بڑا نکتہ اس رقم کی تقسیم کا تناسب ہے جو کہ بطور گرانٹ ادا کیا جائے گا۔ بطور گرانٹ پانچ سو ارب یورو ادا کرنے کا منصوبہ بنایا گیا تھا لیکن آسٹریا، ڈنمارک، سویڈن اور ہالینڈ کے دباؤ پر اسے کم کرتے ہوئے چار سو ارب یورو کر دیا گیا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے