[pullquote]جرمنی میں کورونا وائرس کے نئے کیسز میں اضافے پر تشویش[/pullquote]
جرمنی میں حکام نے کورونا کیسز میں حالیہ اضافے پر گہری تشویش ظاہر کی ہے۔ منگل کو نئے کیسز کی تعداد میں دوگنا اضافہ دیکھا گیا۔ ملک میں وبائی امراض پر نظر رکھنے والے ادارے رابرٹ کوخ انسٹیٹیوٹ کے سربراہ لوتھر وِیلر نے کہا کہ لوگوں میں بد احتیاطی کی وجہ سے وائرس پھر سے پھیل رہا ہے، جس کی روک تھام کے لیے احتیاطی اقدامات ناگزیر ہوں گے۔ ساتھ ہی جرمن حکام نے کاتالونیا سمیت اسپین کے تین علاقوں کے لیے سفری وارننگ جاری کی ہے، جس میں لوگوں کو غیرضروری طور پر وہاں نہ جانے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ حالیہ دنوں میں اسپین کے ان علاقوں میں کیسز میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے لیکن ہسپانوی حکام کا اصرار ہے کہ فی الحال وہاں حالات قابو میں ہیں۔
[pullquote]ملائیشیا، سابق وزیراعظم قصور وار قرار[/pullquote]
ملائشیا کی ایک عدالت نے سابق وزیراعظم نجیب رزاق کو کرپشن کے ایک مقدمے میں قصور وار ٹہرایا ہے۔ انہیں پانچ مختلف مقدمات میں بدعنوانی کے 42 الزامات کا سامنا ہے۔ نجیب رزاق کو دو سال پہلے ’ون ایم ڈی بی‘ نامی حکومتی کمپنی سے متعلق میگا کرپشن اسکینڈل میں گرفتار کیا گیا تھا۔ ان پر منی لانڈرنگ اور سرکاری خزانے سے اربوں ڈالر کی رقوم خرد برد کرنے کا الزام ہے، جس سے وہ انکار کرتے ہیں۔
[pullquote]جنوبی لبنان میں اسرائیلی کارروائی کی سخت مذمت[/pullquote]
لبنان کے وزیراعظم حسن دیاب نے کہا کہ اسرائیل نے پیر کو اقوام متحدہ کی سیز فائر لائن پر ’خطرناک فوجی کارروائیاں‘ کر کے لبنان کی خود مختاری پامال کی ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ جنوبی لبنان میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران محتاط رہنے کی ضرورت ہے کیونکہ وہاں حالات مزید خراب ہونے کا خدشہ ہے۔ لبنان اور اسرائیل کے درمیان سیز فائر لائن پر تعینات اقوام متحدہ کے امن کے دستوں (یونیفِل) نے فریقین پر زور دیا ہے کہ ان حالات میں وہ حتی الامکان ضبط کا مظاہرہ کریں۔
[pullquote]اسرائیل کا دراندازی کا الزام، حزب اللہ کی تردید[/pullquote]
اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے کہا ہے کہ اسرائیلی فوج نے لبنان کے ساتھ سرحدی علاقے سے حزب اللہ کی مبینہ دراندازی کی کوشش ناکام بنادی ہے۔ اسرائیلی فوج کے مطابق حزب اللہ کے چار کارکن گولان کی پہاڑیوں سے متصل لبنان اور اسرائیل کے درمیان سیز فائر لائن عبور کرنے کوشش کر رہے تھے جب اسرائیلی فوج نے ان پر فائر کھول دیا۔ ایک بیان میں اسرائیلی وزیراعظم نے خبردار کیا کہ حزب اللہ کو احساس ہونا چاہییے کہ وہ آگ سے کھیل رہے ہیں اور اگر وہ ان کارروائیوں سے باز نہ آئے تو نتائج کہ ذمہ داری لبنان اور حزب اللہ پر ہوگی۔ خود حزب اللہ نے مبینہ دراندازی کے کسی واقعہ سے انکار کیا ہے۔
[pullquote]نیوزی لینڈ نے بھی ہانگ کانگ سے حوالگی کا معاہدہ معطل کر دیا[/pullquote]
ہانگ کانگ میں چین کی طرف سے متعارف کرائے گئے نئے متنازعہ سکیورٹی قانون کے نفاذ کے بعد نیوزی لینڈ نے ہانگ کانگ کے ساتھ ملزمان کی حوالگی اور انٹیلیجس شیئر کرنے سےمتعلق معاہدہ معطل کر دیا ہے۔ اس سے پہلے برطانیہ، کینیڈا اور آسٹریلیا بھی بطور احتجاج اس معاہدے کو معطل کر چکے ہیں۔ نیوزی لینڈ کے وزیر خارجہ ونسٹن پیٹرز نے کہا کہ ہانگ کانگ کا نیا سکیورٹی قانون انصاف کے تقاضوں اور انسانی حقوق کی نفی کرتا ہے۔ اسی دوران منگل کو چین نے بھی جوابی کارروائی کرتے ہوئے ہانگ کانگ کا برطانیہ، کینیڈا اور آسٹریلیا کے ساتھ سکیورٹی تعاون معطل کردیا ہے۔ چین نے ان مممالک پر اپنے اندرونی معاملات میں مداخلت کا الزام لگایا ہے۔
[pullquote]امریکا میں ایک ٹرلین ڈالر کے امدادی پیکج پر غور[/pullquote]
امریکا میں حکمراں ریبپبلکن پارٹی نے کورونا کے سبب معاشی نقصانات سے نمٹنے کے لیے ایک ٹرلین ڈالر کا ایک نیا پیکج تجویز کیا ہے۔ پارٹی رہنماؤں کے مطابق اس پیکج کے تحت بیشتر امریکیوں کو بارہ سو ڈالر امدادی رقم دی جائے گی اور بیروزگار ہوجانے والوں کی ہفتہ وار امداد بڑھائی جائے گی۔ حزب مخالف کی ڈیموکریٹک پارٹی نے اس امدادی پیکج کو ناکافی قرار دیتے ہوئے مزید امداد کا مطالبہ کیا تھا۔
[pullquote]بھوک سے ہر ماہ دس ہزار بچے لقمہ اجل بن رہے ہیں، اقوام متحدہ[/pullquote]
اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ دنیا میں کورونا کی وجہ سے خوارک کی ترسیل متاثر ہوئی ہے جس کے باعث ہر ماہ تقریباً دس ہزار بچے لقمہ اجل بن رہے ہیں۔ اس طرح ایک سال میں ایک لاکھ بیس ہزار بچے زندگی کی بازی ہار سکتے ہیں۔ ایک تازہ رپورٹ کے مطابق خوراک نہ ملنے کے سبب ہر ماہ ساڑھے پانچ لاکھ سے زیادہ بچوں کی جسمانی نشونما متاثر ہو رہی ہے اور وہ مختلف عارضوں کا شکار ہو رہے ہیں۔ اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ بچوں میں غذائیت کے بحران پر توجہ نہ دی گئی تو اس کے دور رس اثرات مرتب ہوں گے اور یہ صورتحال پوری ایک نسل کی تباہی کا سبب بن سکتی ہے۔
[pullquote]ترکی عثمان کوالا کو رہا کرے، امریکا[/pullquote]
انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں نے ترکی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ انصاف کے تقاضے پورے کرتے ہوئے ملک کی نامور کاروباری اور فلاحی شخصیت عثمان کوالا کو فوری طور پر رہا کرے۔ انہیں ترکی میں پابند سلاسل ہوئے ایک ہزار سے زائد دن ہوچکے ہیں تاہم ابھی تک ان پر کوئی فرد جرم عائد نہیں کی گئی۔ باسٹھ سالہ عثمان کوالا پر الزام ہے کہ انہوں نے ترکی میں سن دو ہزار سولہ میں رجب طیب ایردوآن کی حکومت کے خلاف مظاہرے منعقد کرائے تھے، جس سے وہ انکار کرتے ہیں۔
[pullquote]بحیرہ روم، ترکی اور یونان میں کشیدگی میں کمی کے آثار[/pullquote]
یونان میں حکام کا کہنا ہے کہ مشرقی بحیرہ روم میں ترکی کی طرف سے تیل اور گیس کی تلاش کے معاملے پر کشیدگی میں کمی آئی ہے اور ترکی نے اپنے سمندری جہازوں میں کمی کر دی ہے۔ ترکی کا موقف ہے کہ عالمی قوانین کے تحت اُسے اس علاقے میں تیل کی تلاش کا حق حاصل ہے لیکن یونان اور دیگر یورپی ممالک نے اسے ترکی کی ’اشتعال انگیزی‘ قرار دیا تھا۔ اس معاملے میں فرانس اور امریکا نے کھل کر یونان کی حمایت کی ہے۔ تاہم یورپی حکام کا کہنا ہے کہ پیر کو ترکی کے دارالحکومت انقرہ میں مذاکرات کے بعد امید ہے کہ یہ تنازعہ بات چیت سے حل ہو جائے گا۔