[pullquote]کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد دو کروڑ ہونے کو ہے[/pullquote]
عالمی سطح پر کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک کروڑ اٹھاسی لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے۔ امریکا کی جانز ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق گزشتہ برس دسمبر میں چینی شہر ووہان سے شروع ہونے والے کورونا وائرس کی تصدیق اب دنیا کے دو سو دس خطوں اور ممالک ہو چکی ہے۔ خبر رساں ادارے روئٹرز کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر اس وائرس سے اب تک مجموعی مصدقہ ہلاکتیں ساٹھ لاکھ چھ ہزار سات سو اناسی ہو چکی ہیں۔ امریکا اس فہرست میں سب سے آگے ہیں، جہاں اس وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد پچاس لاکھ کے قریب پہنچنے کو ہے، جب کہ یہاں مجموعی ہلاکتیں ایک لاکھ ساٹھ ہزار کے قریب پہنچ چکی ہیں۔ پاکستان میں اب تک کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد دو لاکھ اکیاسی ہزار جب کہ مصدقہ ہلاکتیں چھ ہزار چودہ ہیں۔
[pullquote]برطانیہ بریگزٹ مذاکرات میں حقیقیت پسندانہ رویہ اختیار کرے، جرمن وزیر[/pullquote]
جرمن وزیر برائے یورپی امور میشائل روٹھ نے کہا ہے کہ برطانیہ بریگزٹ مذاکرات میں حقیقت پسندانہ رویہ اپنائے۔ جمعرات کے روز خبر رساں ادارے اے ایف پی سے بات چیت میں جرمن وزیر نے یورپی یونین اور برطانیہ کے درمیان مستقبل کے تعلقات کے حوالے سے جاری مذاکرات میں ڈیڈلاک پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا ہے کہ انہیں لندن حکومت کے اس رویے پر حیرت ہے کہ وہ سکیورٹی اور خارجہ امور سے متعلق مذاکرات میں دلچسپی کا مظاہرہ نہیں کر رہا۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ مسلسل طے شدہ سیاسی اعلامیے سے دور کھسک رہا ہے۔
[pullquote]ہیروشیما پر جوہری حملے کی پچھہترویں برسی[/pullquote]
جاپانی شہر ہیروشیما پر ایٹم بم گرائے جانے کو آج پچھہتر سال مکمل ہو گئے ہیں۔ ہیروشیما جوہری حملے کا نشانہ بننے والا پہلا شہر تھا۔ 1945 ء میں چھ اگست کو مقامی وقت کے مطابق سوا آٹھ بجے امریکی بمبار طیارے نے اس شہر پر ’’لٹل بوائے‘‘ نامی ایٹم بم گرایا تھا۔ اس جوہری حملے کے نتیجے میں ایک لاکھ چالیس ہزار افراد مارے گئے تھے۔ ہیروشیما شہر کی انتظامیہ نے کہا ہے کہ یہ واقعہ شہر کے لیے اتنا اہم ہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خطرات کے باوجود سوگواری تقریب منائی جا رہی ہے۔ اس موقع پر تاہم سماجی فاصلے کے ضوابط پر عمل کیا گیا۔
[pullquote]جرمنی میں کورونا وائرس کے متاثرہ افراد کی تعداد میں پھر اضافہ[/pullquote]
جرمنی میں مئی کے بعد پہلی مرتبہ ایک دن میں ایک ہزار سے زائد افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ جرمن وزیرصحت نے متنبہ کیا ہے کہ اس وائرس کا پھیلاؤ پھر تیزی پکڑ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکام موجودہ شرح پھیلاؤ سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، تاہم یہ رجحان اگر مزید بگڑتا ہے، تو مسائل پیدا ہونے کا ڈر ہے۔ جرمنی نے ہفتے کے روز سے ہائی رسک ممالک سے آنے والوں کے لیے کورونا ٹیسٹ لازمی قرار دے دیا ہے۔
[pullquote]بیروت دھماکے اور عالمی برادری کا ردعمل[/pullquote]
عالمی برادری کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پہلے سے اقتصادی بدحالی کے شکار لبنان کو دارالحکومت بیروت میں ہونے والے دھماکوں کی وجہ سے پہنچنے والے شدید نقصان پر تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ آسٹریلیا، انڈونیشیا، یورپ اور امریکا کی جانب سے لبنان کی بھرپور مدد کرنے کا عزم ظاہر کیا گیا ہے۔ فرانسیسی صدر امانوئل ماکروں آج بیروت پہنچیں گے۔ اس سے قبل فرانسیسی ریسکیو ٹیم امدادی سامان کے ساتھ لبنان پہنچ چکی ہے۔ آسٹریلیا کی جانب سے لبنان کے لیے ایک اعشاریہ چار ملین ڈالر کی امداد کا اعلان کیا ہے۔برطانوی حکومت نے بھی لبنان کے لیے چھ اعشاریہ چھ ملین ڈالر کے امدادی پیکیج کا اعلان کیا ہے۔
[pullquote]غلط اطلاعات پھیلانے کی کوشش پر فیس بک اور ٹوئٹر کی ٹرمپ کے خلاف کارروائی[/pullquote]
سماجی رابطے کی ویب سائٹس فیس بک اور ٹوئٹر نے بدھ کے روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے پوسٹ کی گئی ایک ویڈیو کو ’غلط معلومات‘ قرار دیتے ہوئے ڈیلیٹ کروا دیا۔ ٹرمپ نے اس ویڈیو میں دعویٰ کیا تھا کہ کووِڈ انیس بچوں کو لاحق نہیں ہوتا ہے۔ اس ویڈیو میں کورونا وائرس سے متعلق یہ کلپ صدر ٹرمپ کے امریکی نشریاتی ادارے فاکس نیوز کو دیے گئے ایک انٹرویو سے لیا گیا ٹکڑا تھا۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹس کے مطابق غلط معلومات کی ترسیل عوام کی صحت کو خطرات کا شکار بنا سکتی ہے اور اس ویڈیو کے خلاف کارروائی کی وجہ کمیونٹی ضوابط کی خلاف ورزی ہے۔
[pullquote]گھریلو تشدد، کئی ترک شہروں میں خواتین کے مظاہرے[/pullquote]
متعدد ترک شہروں میں خواتین گھریلو تشدد کے خلاف مظاہرے کر رہی ہیں۔ ان خواتین کا مطالبہ ہے کہ ملک میں ’جنس کی بنیاد پر تشدد‘ کا خاتمہ ہونا چاہیے۔ خبر رساں ادارے ڈی پی اے کے مطابق استنبول کے علاقے کاڈیکوئی میں سینکڑوں خواتین نے مظاہرہ کیا، جس میں وہ کہہ رہی تھیں کہ آدمی کو ایسے واقعات پر ریاستی تحفظ حاصل ہوتا ہے۔ بعض خواتین نے ان مظاہروں میں گھریلو تشدد کے نتیجے میں ہلاک ہونے والی خواتین کی تصاویر بھی اٹھا رکھی تھیں۔ ترکی میں خواتین کے حقوق کے لیے کام کرنے والے ایک گروپ ’وی ول اسٹاپ فیمی سائڈ‘ کا کہنا ہے کہ گزشتہ برس ترکی میں چار سو چوہتر خواتین گھریلو تشدد کی وجہ سے ہلاک ہوئیں۔
[pullquote]جنگلات کی کٹائی میں کمی کے اقدامات کے نتائج جلد سامنے آئیں گے، برازیلین وزیر[/pullquote]
برازیل کے وزیر برائے ماحولیات ریکارڈو سالیس نے وعدہ کیا ہے کہ ملک بھر میں جنگلات کی کٹائی میں کمی سے متعلق کیے جانے والے اقدامات کے نتائج رواں برس کے اوآخر تک عوام کے سامنے پیش کیے جائیں گے۔ بدھ کے روز ایک انٹرویو میں سالیس نے بتایا کہ ایموزون کے جنگلات کو تحفظ فراہم کیا جا رہا ہے۔ 45 سالہ وزیر نے کہا کہ حکومت اس بابت ٹھوس اقدامات کر رہی ہے۔ سالیس کا کہنا تھا کہ برازیل حکومت پیرس ماحولیاتی معاہدے میں کیے گئے اپنے وعدے کے مطابق سن 2030 تک درختوں کی کٹائی کو صفر کی شرح پر واپس لانے کے عزم پر قائم ہے۔
[pullquote]انتخابات میں گڑ بڑ کرنے والے کی گرفتاری کے لیے دس ملین ڈالر، پوپیو کی پیش کش[/pullquote]
امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو نے تجویز دی ہے کہ امریکا میں نومبر میں ہونے والے صدارتی انتخابات میں مداخلت کرنے والے کی گرفتاری کے لیے دس ملین ڈالر کی رقم رکھی جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات میں مداخلت میں کسی بھی ریاستی عنصر کی گرفتاری پر دس ملین ڈالر کا انعام ہونا چاہیے۔ واضح رہے کہ امریکی خفیہ اداروں کے مطابق سن 2016 میں روس نے انتخابات میں مداخلت کر کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے لیے رائے عامہ ہم وار کرنے میں کردار ادا کیا تھا۔ کہا جاتا ہے کہ اس سلسلے میں روس نے سوشل میڈیا کا استعمال کیا۔ امریکی خفیہ اداروں کا کہنا ہے کہ آئندہ انتخابات میں بھی بیرونی مداخلت کے خطرات موجود ہیں۔
[pullquote]بھارت میں سینیئر سیاست دان کو کشمیر سے متعلق امور کا نگران مقرر کر دیا گیا[/pullquote]
بھارت کی وفاقی حکومت نے سابق وزیر برائے مواصلات منوج سنہا کو جموں اور کشمیر کا نگران گورنر مقرر کر دیا ہے۔ اس سے ایک روز قبل بھارتی حکومت نے یقینی بنایا کہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کا ایک برس مکمل ہونے پر بڑے عوامی مظاہرے نہ ہوں۔ بتایا گیا ہے کہ بھارتی حکومت کی کوشش ہے کہ کشمیر میں اقتصادی ترقی کی رفتار کو تیز تر بنایا جائے اور وہاں دہائیوں سے جاری کشیدگی اور بدنظمی ختم ہو۔ گزشتہ برس پانچ اگست کو مودی حکومت نے جموں و کشمیر کو حاصل خصوصی دستوری حیثیت ختم کر دی تھی۔