جمعرات : 13 اگست 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]لبنان کے لیے بیس ملین یورو کی جرمن امداد[/pullquote]

جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس آج لبنان کے دورے پر بیروت پہنچے جہاں انہوں نے جرمنی کی طرف سے لبنان کے لیے فوری امداد کے طور پر 20 ملین یورو لبنانی حکام کے حوالے کیے۔ بیروت میں حالیہ دھماکوں کے بعد وہاں امدادی کاموں میں مصروف ریڈ کراس کے اہلکاروں کو جرمن وزیر نے علامتی طور پر امداد کے لیے ایک ملین یورو کا چیک پیش کیا۔ ہائیکو ماس نے اُن بندرگاہی علاقوں کا دورہ کیا جہاں گزشتہ ہفتے دو ہزار سات سو پچاس ٹن دھماکہ خیز مواد پھٹنے کے واقعے میں 171 افراد ہلاک ہوگئے۔ ان دھماکوں سے 6000 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ جرمن وزیر نے لبنانی قیادت سے ملک میں فوری طور پر سیاسی اور اقتصادی اصلاحات لانے کی تنبیہ کی ہے۔

[pullquote]چین: برازیل سے درآمد شدہ چکن ونگز پر کورونا وائرس کے آثار[/pullquote]

چینی حکام نے کہا ہے کہ انہیں برازیل سے درآمد شدہ منجمد چکن ونگز پر کورونا وائرس کے آثار مل گئے ہیں۔ چینی شہر شینزین میں Wechat پر ایک بیان میں کہا گیا کہ برازیل سے درآمد شدہ منجمد چکن ونگز کے نمونے کی سطح کا ٹیسٹ کیا گیا جس کا مثبت رزلٹ سامنے آیا ہے۔ شہر کے وبا کی روک تھام اور کنٹرول آفس نے ایسے تمام افراد کا نیوکلائک ٹیسٹ کروایا جن کا ممکنہ طور پر اس پروڈکٹ سے کوئی واستہ پڑا ہو۔ حکام نے مزید کہا کہ اس ٹیسٹ کے نتائج منفی آئے۔ چین نے حالیہ مہینوں میں بڑی بندرگاہوں میں آنے والے کنٹینرز کی تمام گوشت اور سمندری غذا کی اسکریننگ شروع کردی ہے۔ یاد رہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کا آغاز گزشتہ دسمبر میں مرکزی شہر ووہان سے ہوا تھا اور اس کا تعلق ہنان سی فوڈ مارکیٹ سے جوڑا گیا تھا۔

[pullquote]چینی ریلوے کی بڑے پیمانے پر توسیع[/pullquote]

چین اگلے پندرہ سالوں میں اپنی ریل گاڑیوں کے نیٹ ورک کو ایک تہائی تک بڑھانا چاہتا ہے۔ جیسا کہ سرکاری چینل اسٹیٹ ریلوے گروپ نے اعلان کیا، اس نیٹ ورک کو دو لاکھ کلومیٹر تک بڑھایا جانا ہے، جس میں 70 ہزار کلومیٹر تیز رفتار ریلوے لائنیں شامل ہیں۔ اس منصوبہ بندی کے تحت دو لاکھ سے زیادہ باشندوں کو ریل کی سہولت میسر ہوسکے گی۔ اس پروجیکٹ کی مدد سے وسطی اور مغربی چین میں سرحدی علاقوں اور پسماندہ خطوں کو بھی جوڑا جا سکے گا۔

[pullquote]دنیا بھر میں کورونا سے ہونے والی اموات کی تعداد ساڑھے سات لاکھ کے قریب پہنچ گئی[/pullquote]

عالمی سطح پر ناول کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی کُل تعداد 20.69 ملین ہو گئی ہے۔ رائٹرز کے اعداد و شمار کے مطابق 749,028 کووڈ انیس کا شکار ہو کر ہلاک ہو چُکے ہیں۔ چین میں دسمبر 2019 ء میں سب سے پہلے سامنے آنے والا یہ وائرس اب دنیا کے 201 سے زیادہ ممالک اور خطوں میں پھیل چکا ہے۔ دریں اثناء ایران کی وزارت صحت نے جمعرات کو بیان میں کہا ہے کہ یہاں کورونا وائرس کے سبب ہونے والی اموات انیس ہزار سے تجاوز کر گئی ہیں۔

[pullquote]بحیرہ روم میں گیس کا تنازعہ: فرانس کا فوج تعینات کرنے کا اعلان[/pullquote]

فرانس نے بحیرہ روم میں ترکی کی جانب سے توانائی کے ذخائر کا پتہ لگانے کے خلاف نئے اقدامات کے تحت علاقے میں تعینات اپنی فوج میں اضافہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ ترکی کو فوری طور پر اپنی یہ مہم روک دینی چاہیے۔ فرانس کے صدر ایمانوئل ماکروں کا کہنا ہے کہ مشرقی بحیرہ روم میں ترکی کی جانب سے متنازعہ پانیوں میں توانائی کی دریافت کرنے سے ماحول کشیدگی کا شکار ہے اس لیے وہ علاقے میں تعینات اپنی فوج میں مزید اضافہ کرنے جا رہا ہے۔ بدھ 12 اگست کے روز فرانسیسی صدر کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ ’’پرامن بات چیت کے لیے‘‘ ترکی کو متنازعہ علاقوں میں گیس کی دریافت کا عمل روک دینا چاہیے جس سے یونان کے ساتھ کشیدگی میں اضافہ ہو رہا ہے۔ فرانسیسی صدر کے دفتر سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ’’خطے کی صورت حال پر نظر رکھنے اور بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کے تئیں اپنے عزم کے اظہار کے لیے فرانس عارضی طور پر اپنی فوج کو تعینات کرے گا۔‘‘

[pullquote]غزہ پٹی: اسرائیل کا عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں پر حملہ[/pullquote]

اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ اس نے جمعرات کی صبح غزہ پٹی میں حماس کے عسکریت پسندوں کے مقامات پر حملہ کیا ہے۔ اسرائیل کے بقول یہ حملہ فلسطینی علاقے سے بارود سے بھرے غباروں کی اسرائیلی علاقے میں لانچنگ کے جواب میں کیا گیا ہے۔ اسرائیلی فوج نے کہا کہ اس کے اہداف میں حماس کے زیر استعمال ایک کمپاؤنڈ بھی شامل ہے جو حماس کی بحری فوج، زیر زمین انفراسٹرکچر اور مشاہداتی پوسٹس کے زیر استعمال ہے۔ ابھی تک کسی طرف سے ہلاکتوں کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔ اسرائیل اور حماس نے تین جنگیں لڑی ہیں اور 2007 ء میں اسلامی عسکریت پسند گروپ کے غزہ کا کنٹرول حاصل کرنے کے بعد سےدونوں کے مابین متعدد چھوٹی موٹی جھڑپیں اکثر ہوتی رہی ہیں۔

[pullquote]جرمنی: کورونا کی ممکنہ ویکسین کی جلد دستیابی کا دعویٰ واپس لے لیا گیا[/pullquote]

جرمنی کے رابرٹ کوخ انسٹی ٹیوٹ نے کورونا ویکسین کی ایجاد کی امید کا دعوٰی واپس لے لیا ہے۔ متعدی بیماریوں کے لیے جرمنی کے اس مشہور زمانہ انسٹی ٹیوٹ نے خود اپنی طرف سے تحریری طور پر کیے گئے اُس دعوے کو واپس لے لیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ اس موسم خزاں تک ایک ویکسین دستیاب ہوسکتی ہے۔ رابرٹ کوخ انسٹی ٹیوٹ نے کہا کہ اس دستاویز کو غلطی سے پوسٹ کیا گیا تھا اور انسٹی ٹیوٹ نے اسے اپنی ویب سائٹ سے ہٹا دیا ہے۔ رابرٹ کوخ انسٹی ٹیوٹ کی ایک خاتون ترجمان نے بتایا کہ اس کاغذ پر، جسے اب انسٹی ٹیوٹ کی ویب سائٹ سے ہٹا دیا گیا ہے، ایک پرانی تاریخ درج تھی۔ اس سے قبل بدھ کے روز ، آر کے آئی نے یہ دستاویز جاری کیا تھا جس میں اعلان کیا گیا تھا کہ اس موسم خزاں کے شروع میں ویکسین دستیاب ہوگی۔

[pullquote]دنیا بھر کے اسکولوں میں حفظان صحت کا فقدان[/pullquote]

کووڈ انیس کے وبائی مرض کے خلاف جنگ میں، اقوام متحدہ نے دنیا بھر کے بہت سے اسکولوں میں حفظان صحت کی نمایاں کمی کے بارے میں متنبہ کیا ہے۔ جنیوا میں عالمی ادارہ صحت اور بچوں کی امدادی تنظیم یونیسف نے بتایا کہ تقریباﹰ 818 ملین بچوں کے پاس اپنے اسکولوں میں ہاتھ دھونے کے لیے پانی اور صابن جیسی ضروری اشیا کی شدید کمی ہے۔ ان کے پاس نہ تو پانی ہے اور نہ ہی صابن۔ ڈبلیو ایچ او کے سربراہ ٹیڈروس ایڈہانوم گیبریس نے کہا کہ پانی اورحفظان صحت کی دیگر سہولیات تک رسائی اُن تمام حکومتوں کی ایک مرکزی حکمت عملی ہونی چاہیے جو کورونا وبائی مرض میں اپنے اسکول دوبارہ کھولنا چاہتے ہیں۔

[pullquote]بائیڈن اور ہیرس کی مشترکہ طور پر ٹرمپ پر تنقید کا آغاز[/pullquote]

امریکی ڈیموکریٹس کی نامزد صدارتی امیدوار ٹیم نے جاریحانہ انداز میں انتخابی مہم کا آغاز کیا ہے۔ جو بائیڈن اور کمالہ ہیرس نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر کورونا بحران میں ناکامی اور قیادت میں عمومی کمزوری کا الزام لگایا ہے۔ ڈیلاویئر میں، بائیڈن نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ واویلا بہت اچھا کر لیتے ہیں۔ کمالہ ہیرس نے ٹرمپ کو امریکا میں کورونا متاثرین کی زیادہ تعداد کا ذمہ دار ٹھہرایا۔ انہوں نے صدر کی ’بدانتظامی‘ کو اجاگر کیا۔ یہ دونوں جمہوری اعلی امیدوار پہلی بار مشترکہ طور پر عوام کے سامنے نمودار ہوئے۔ بائیڈن نے منگل کو کمالہ ہیرس کو نائب صدر کے عہدے کے لیے نامزد کیا تھا۔

[pullquote]بلغاریہ میں حکومت مخالف احتجاجی مظاہرے[/pullquote]

بلغاریہ میں کئی سو مظاہرین نے صدر بوئیکو بوریسوف کو حکومت سے فوری استعفی دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ بصورت دیگر، وہ اس دستبرداری کو یقینی بنانے کے لیے اس جمعرات کو خصوصی اجلاس میں پارلیمنٹ کو بلاک کریں گے۔ بوریسوف کی حکومت کے ناقدین میں زیادہ تر نوجوان افراد شامل ہیں انہوں نے بلغاریہ کے دارالحکومت صوفیا میں جرمن سفارت خانے کے سامنے بھی احتجاج کیا۔ جرمنی فی الحال یورپی یونین کی صدارت کر رہا ہے۔ مظاہرین کے مطابق، یورپی یونین کی اس غریب ترین ممبر ریاست میں ہونے والی بدعنوانی پر یورپی یونین آنکھیں بند کیے ہوئے ہے۔

[pullquote]اسکاٹ لینڈ میں ٹرین حادثہ، تین افراد ہلاک[/pullquote]

شمال مشرقی اسکاٹ لینڈ میں ٹرین کے ایک حادثے میں 3 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ شدید سیلاب سے متاثرہ کاؤنٹی آبرڈین شائر میں آج صبح ایک ٹرین پٹڑی سے اتر گئی۔ پی اے نیوز ایجنسی کی رپورٹ میں حادثے کی وجہ مٹی کے تودہ گرنا بتایا جارہا ہے۔ خیال کیا جاتا ہے کہ ٹرین ڈرائیور بھی حادثے میں ہونے والی تین ہلاکتوں میں شامل ہے۔ حادثہ کے شکار چھ افراد ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔ ان میں سے کوئی بھی شدید زخمی نہیں ہے۔ برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے اسے ایک ’انتہائی سنگین واقعہ‘ قرار دیا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے