جمعہ : 21 اگست 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]ناوالنی کو برلن کے ہسپتال شیریٹی منتقل کرنے کی کوششیں[/pullquote]

روسی حکومت کے ناقد الیکسی ناوالنی مبینہ طور پر زہر دیے جانے کے بعد سائبیریا کے شہر اومسک کے ایک ہسپتال میں زیر علاج ہیں، جہاں ان کی حالت نازک ہے۔ ایک جرمن ایئر ایمبولینس اومسک پہنچی ہے تاکہ بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے انہیں برلن لایا جا سکے۔ ناوالنی کی خاتون ترجمان نے تاہم کہا ہے کہ اومسک کا ہسپتال انہیں وہاں سے منتقل کرنے کی اجازت نہیں دے رہا۔ 44 سالہ ناولنی کے قریبی افراد کا خیال ہے کہ ناوالنی کو زہر دیا گیا ہے۔ جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے ماسکو سے کہا ہے کہ وہ ناوالنی کو جرمنی منتقل کرنے کے معاملے پر اپنی پوزیشن واضح کرے۔ یورپی یونین نے بھی ماسکو سے مطالبہ کیا ہے کہ ناوالنی کو جرمنی منتقل کرنے کی اجازت دی جائے تاہم ماسکو کا موقف ہے کہ اس بات کا فیصلہ ناوالنی کا علاج کرنے والے ڈاکٹرز ہی کر سکتے ہیں۔

[pullquote]ایران کے معاملے پر امریکا اور اس کے یورپی اتحادیوں کے درمیان اختلافات بڑھتے ہوئے[/pullquote]

ایران کے معاملے پر امریکا اور اس کے یورپی اتحادیوں جرمنی، فرانس اور برطانیہ کے درمیان اختلافات بڑھتے جا رہے ہیں۔ امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے ایران کے خلاف ایک متنازعہ میکینزم کے تحت پابندیوں کے دوبارہ اطلاق کا مطالبہ کیا تاہم برلن، پیرس اور لندن نے یہ کہتے ہوئے اس کی مخالفت کی ہے کہ امریکا اس مطالبے کا حق نہیں رکھتا۔ پومپیو نے ان یورپی ممالک پر الزام لگایا کہ وہ ’آیت اللہ کی حمایت‘ کر رہے ہیں۔ ابھی تک امریکی درخواست پر فیصلہ نہیں ہوا۔

[pullquote]روس آئندہ ہفتے سے کورونا وائرس کی ویکسین کی آزمائش شروع کرے گا[/pullquote]

روس نے کہا ہے کہ وہ کورونا وائرس سے بچاؤ کی اپنی تیار کردہ ویکسین کی بڑے پیمانے پر طبی جانچ کا سلسلہ آئندہ ہفتے سے شروع کر رہا ہے۔ چند روز قبل روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے کہا تھا کہ روس وہ پہلا ملک بن گیا ہے جس نے اس نئے کورونا وائرس کے خلاف اپنی ویکسین رجسٹر کی ہے۔ تاہم ماہرین نے اس پر شکوک و شبہات کا اظہار کیا تھا۔ اس ویکسین کی تیاری کے لیے فنڈنگ کرنے والے روسی پروگرام کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ’سپٹنک فائیو ویکسین‘ کی طبی جانچ کا عمل آئندہ ہفتے شروع ہو گا جس میں 40 ہزار سے زائد افراد پر اس کو آزمایا جائے گا۔

[pullquote]سعودی عرب: میگا پراجیکٹس میں خلاف ورزیوں پر کئی اعلیٰ اہلکار معطل[/pullquote]

سعودی عرب نے اپنے کئی میگا پراجیکٹس میں خلاف ورزیوں کے معاملے پر متعدد اعلیٰ اہلکاروں کو معطل کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ یہ بات سعودی پریس ایجنسی میں چھپنے والے ایک شاہی فرمان میں کہی گئی ہے۔ یہ منصوبے شہزادہ محمد بن سلمان کے وژن 2030 پروگرام کا حصہ ہیں۔ اطلاعات کے مطابق بحیرہ احمر کے کنارے سیاحتی مقام کے لیے زمین کے حصول میں غیر قانونی اقدامات کی سینکڑوں شکایتوں کے علاوہ دیگر پراجیکٹس کے حوالے سے بھی ایسی ہی شکایات عام ہیں۔

[pullquote]اقتدار میں آئے تو امریکا میں موجود تقسیم کا خاتمہ کر دیں گے، جو بائیڈن[/pullquote]

سابق امریکی نائب صدر جو بائیڈن نے ڈیموکریٹک پارٹی کی جانب سے صدارتی امیدوار کے طور پر اپنی نامزدگی کے بعد خطاب میں کہا کہ وہ کامیابی کی صورت میں ملک میں اس وقت موجود تقسیم کا خاتمہ کریں گے۔ پارٹی کانفرنس سے اپنے خطاب میں بائیڈن نے کہا کہ اس وقت ملک میں بہت زیادہ غم وغصہ، بہت زیادہ خوف اور بہت زیادہ تقسیم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اندھیرے کے نہیں بلکہ روشنی کے امین بنیں گے۔ بائیڈن کا مزید کہنا تھا کہ انتخابی کامیابی کی صورت میں وہ کورونا کی وبا کے خاتمے کے لیے ایک قومی لائحہ عمل بھی اختیار کریں گے۔ ڈیموکریٹک پارٹی کا کنونشن کورونا بحران کے سبب زیادہ تر ویڈیو کانفرنس کے ذریعے منعقد ہوا۔

[pullquote]کیلیفورنیا میں دو درجن مقامات پر بڑی آگ، کم از کم چار ہلاک[/pullquote]

امریکی ریاست کیلیفورنیا میں دس ہزار سے زائد فائر فائٹرز دو درجن کے قریب مقامات پر لگی آگ بجھانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ مقامی میڈیا کے مطابق اس آگ کے سبب کم از کم چار افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ ہزارہا افراد گھر بار چھوڑ کر محفوظ مقامات پر منتقل ہوئے ہیں۔کیلیفورنیا کے آگ بجھانے والے محکمے کے مطابق شدید گرمی، تیز ہوا اور بجلی گرنے کے سبب گزشتہ چار روز کے دوران آگ لگنے کے 370 واقعات پیش آئے۔

[pullquote]ہنگری یکم ستمبر سے سرحدی گزرگاہوں سے متعلق قواعد کو سخت کر دے گا[/pullquote]

ہنگری یکم ستمبر سے سرحدی گزرگاہوں سے متعلق اپنے قواعد سخت کر دے گا۔ ہنگری کے وزیر اعظم وکٹور اوربان کے مطابق اس کا مقصد کورونا وائرس کے پھیلاؤ سے بچنا ہے کیونکہ ہمسایہ ممالک میں اس مہلک وائرس میں ایک بار پھر اضافہ ہو رہا ہے۔ گزشتہ ایک دہائی سے بھی زیادہ عرصے سے اقتدار میں موجود قوم پرست اوربان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت ملکی معیشت میں بہتری کے لیے آئندہ ماہ ایک دوسالہ منصوبہ متعارف کرائے گی۔ کورونا بحران کے سبب ہنگری کی معیشت میں دوسری سہ ماہی کے دوران 13 فیصد سے بھی کہیں زیادہ گراوٹ متوقع ہے۔

[pullquote]کورونا بحران: برطانوی حکومت کا قرضہ تاریخ میں پہلی مرتبہ دو کھرب پاؤنڈ سے تجاوز کر گیا[/pullquote]

برطانوی حکومت پر قرضے کا حجم رواں برس جولائی میں پہلی مرتبہ دو ٹریلین پاؤنڈز سے تجاوز کر گیا۔ برطانوی سرکاری اعداد وشمار کے مطابق قرض میں حالیہ اضافے کی وجہ حکومت کی طرف سے کورونا وباء سے نمٹنے کے لیے اخراجات میں اضافہ بنا۔ برطانیہ کورونا کی وبا سے یورپ میں ابتدائی طور پر سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں شامل تھا۔ وہاں اب تک یہ وبا ساڑھے اکتالیس ہزار کے قریب جانیں لے چکی ہے جبکہ متاثرین کی تعداد تین لاکھ 25 ہزار ہے۔

[pullquote]عراق میں حکومت مخالف مظاہرین کے قتل پر امریکا کی شدید تنقید[/pullquote]

امریکا نے عراق میں حکومت مخالف مظاہرین اور سول سوسائٹی کے کارکنوں کی ٹارگٹ کلنگ پر شدید الفاظ میں نکتہ چینی کی ہے۔ انسانی حقوق کے کارکنوں کے مطابق اب تک ایسے سینکڑوں افراد کو ہلاک کیا جا چکا ہے۔ امریکی وزارت خارجہ کی ترجمان مورگن اورٹیگ کے مطابق امریکا سول سوسائٹی کے کارکناں کی ٹارگٹ کلنگ اور بصرہ و بغداد میں مظاہرین پر حملوں پر سخت غصے اور صدمے میں ہے اور یہ کہ امریکا عراقیوں کے پرامن طریقے سے احتجاج اور اظہار خیال کے حق کی بھر پور حمایت کرتا ہے۔ یہ تنقید ایک ایسے وقت پر کی گئی ہے جب عراقی وزیراعظم مصطفیٰ الکاظمی صدر ٹرمپ سے ملاقات کے لیے امریکا کے دورے پر ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے