ہفتہ : 22 اگست 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]ناوالنی کے مرض کی تشخیص کے لیے ٹیسٹ شروع[/pullquote]

برلن کے شاریٹے ہسپتال کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ روسی اپوزیشن رہنما الیکسی ناوالنی کے مرض کی تشخیص کے لیے مکمل طبی ٹیسٹوں کا مرحلہ شروع کر دیا گیا ہے۔ روسی صدر پوٹن کے ناقد ناوالنی کو آج صبح ہی ایک خصوصی ایئر ایمبولینس کے ذریعے روس سے جرمنی منتقل کیا گیا۔ اس جمہوریت نواز اپوزیشن سیاستدان کے ساتھیوں کا الزام ہے کہ انہیں زہر دیا گیا ہے۔ جرمن ڈاکٹروں نے بتایا ہے کہ مکمل طبی معائنے کے بعد ہی تشخیص ممکن ہو سکے گی، جس کے بعد علاج کا سلسلہ شروع کیا جائے گا۔

[pullquote]عالمی ایٹمی توانائی ایجنسی کے سربراہ ایران جائیں گے[/pullquote]

اقوام متحدہ کی بین الاقوامی ایجنسی برائے جوہری توانائی کے سربراہ رافائل گروسی جلد ہی ایران کا دورہ کریں گے۔ اس ایجنسی کے لیے ایران کے سفیر نے ہفتے کے دن تہران میں صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ گروسی کا یہ دورہ مشترکہ تعاون کے سلسلے میں انتہائی اہم ثابت ہو گا۔ ایران اس ایجنسی کے معائنہ کاروں کو اپنی دو جوہری تنصیات تک رسائی نہیں دے رہا، جس کے سبب اطراف کے مابین کھچاؤ پایا جاتا ہے۔

[pullquote]ملکی فوج ’انقلاب‘ کی کوشش ناکام بنا دے، لوکاشینکو[/pullquote]

بیلاروس کے صدر الیکسانڈر لوکاشینکو نے ملکی فوج کو حکم دیا ہے کہ وہ حکومت کا تختہ الٹنے کی کوشش کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرے۔ بیلاروس کے مغربی شہر گرودنو میں واقع ایک فوجی چھاؤنی میں عسکری دستوں سے اپنے خطاب میں لوکاشینکو نے کہا کہ غیر ملکی طاقتیں ملک میں ’انقلاب‘ لانے کی کوشش میں ہیں۔ اس پینسٹھ سالہ سیاستدان نے فوج سے کہا کہ وہ ملکی خود مختاری اور سالمیت کی حفاظت کرتے ہوئے ان سازشوں کو ناکام بنا دے۔ ادھر اپوزیشن کی خاتون رہنما سَویتلانا تیخانوفسکایا نے کہا ہے کہ بیلاروس کے عوام لوکاشینکو کو کبھی بھی صدر تسلیم کریں گے۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ اس روس نواز صدر کے خلاف اپنی سیاسی جدوجہد جاری رکھیں۔

[pullquote]پہلی ششماہی میں جرمن محکمہ پولیس میں انتہا پسندی کے چالیس مشتبہ واقعات[/pullquote]

رواں سال کی پہلی ششماہی کے دوران جرمن محکمہ پولیس میں مشتبہ انتہا پسندی کے تقریباﹰ چالیس نئے واقعات سامنے آئے۔ نیوز ایجنسی ڈی پی اے کے ایک سروے کے بعد وفاقی اور صوبائی سطح پر رپورٹ ہونے والے ان کیسوں میں سے زیادہ تر کا تعلق دائیں بازو کے مشتبہ عناصر سے تھا۔ سب سے زیادہ کیس جرمن صوبے ہیسے میں رپورٹ ہوئے، جہاں سترہ افسران کے خلاف مجرمانہ نوعیت کے الزامات کی چھان بین جاری ہے۔ جرمن محکمہ پولیس میں ملازمین کی مجموعی تعداد تقریباﹰ تین لاکھ ہے۔ جرمنی میں انتہائی دائیں بازو کے کٹر انتہا پسندوں کو خطرہ تصور کیا جاتا ہے۔

[pullquote]کورونا کی عالمی وبا پر دو سال میں قابو پا لیا جائے گا، عالمی ادارہ صحت[/pullquote]

عالمی ادارہ صحت کے سربراہ نے امید ظاہر کی ہے کہ آئندہ دو برسوں میں کورونا وائرس کی عالمی وبا پر قابو پا لیا جائے گا۔ جمعے کے دن جنیوا میں انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی کی مدد سے اس وائرس پر قابو پانا ماضی کے مقابلے میں آج قدرے آسان ہے۔ دریں اثنا اس عالمی وبا کی وجہ سے دنیا بھر میں متاثرہ افراد کی تعداد 22.85 ملین ہو چکی ہے جبکہ سات لاکھ چورانوے ہزار کے قریب انسان ہلاک ہو چکے ہیں۔ گزشتہ برس دسمبر میں چینی شہر ووہان سے پھوٹنے والی یہ وبا دو سو دس ممالک اور خطوں کو اپنی لپیٹ میں لے چکی ہے۔

[pullquote]بھارت میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ[/pullquote]

بھارت میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے کیسوں میں مزید اضافہ نوٹ کیا گیا ہے۔ شمالی بھارت کے بعد اب یہ عالمی وبا جنوبی بھارتی ریاستوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے چکی ہے۔ ملکی وزارت صحت نے ہفتے کے روز بتایا کہ مزید ستر ہزار نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ یوں بھارت میں مجموعی کیسوں کے تعداد تقریباﹰ تین ملین تک پہنچ گئی ہے، جن میں سے 2.2 ملین صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔ امریکا اور برازیل کے بعد بھارت تقریباﹰ پچپن ہزار سات سو ہلاکتوں کے ساتھ اس عالمی وبا سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے۔

[pullquote]جو بائیڈن کی کامیابی سے امریکا اور یورپ کے تعلقات بہتر ہو جائیں گے، جرمنوں کا خیال[/pullquote]

جرمن عوام کا خیال ہے کہ ڈٰیموکریٹ صدارتی امیدوار جو بائیڈن کی الیکشن میں کامیابی کے بعد امریکا کے یورپ اور جرمنی کے ساتھ باہمی تعلقات بہتر ہو جائیں گے۔ جرمنی میں کرائے گئے ایک سروے کے مطابق ایک تہائی سے زائد جرمنوں نے اس خیال کا اظہار کیا۔ اس سروے میں ایک ہزار نو افراد سے رائے لی گئی۔ انٹرنیشنل پولیٹکس نامی جریدے کی طرف سے کرائے گئے اس سروے میں 76 فیصد جرمنوں نے کہا کہ یورپ اور امریکا کے بہتر تعلقات کے لیے جو بائیڈن کی جیت ضروری ہے۔ امریکا میں تین نومبر کو صدارتی انتخابات کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جس میں جو بائیڈن کا مقابلہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ہو گا۔

[pullquote]اسرائیل پر راکٹ حملے، غزہ میں جوابی کارروائی[/pullquote]

اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ حماس کے جنگوؤں نے غزہ پٹی سے نئے راکٹ حملے کیے لیکن ان راکٹوں کو ہوا میں ہی مار گرایا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ جمعے کی رات جنوبی شہر سدیروت میں داغے گئے ان راکٹوں کو آئرن ڈوم نامی دفاعی نظام نے ناکارہ بنا دیا۔ بعد ازاں ہفتے کے دن اسرائیلی فوج نے غزہ میں حماس کے جنگجوؤں کے خلاف جوابی کارروائی کی۔ حالیہ حملوں کے نتیجے میں اسرائیل نے غزہ سے ملحق سرحدوں کو بند کر دیا ہے اور غزہ میں ایندھن کی سپلائی بھی بند کر دی ہے، جس کی وجہ سے غزہ کا واحد پاور پلانٹ بند ہو گیا ہے۔

[pullquote]ایران کے خلاف پابندیوں کا مطالبہ: امریکا کی ’تاریخی ناکامی‘[/pullquote]

نیو یارک میں اقوام متحدہ کے صدر دفاتر سے ملنے والی رپورٹوں کے مطابق امریکی حکومت نے ایران کے خلاف عالمی ادارے کی ماضی میں اٹھائی جا چکی پابندیاں بحال کرنے کا جو مطالبہ کیا ہے، اس کے نتیجے میں امریکا خود ہی الگ تھلگ ہو کر رہ گیا ہے۔ عالمی سلامتی کونسل کے رکن ممالک کی تعداد 15 ہے اور ان میں سے 13 نے تہران سے متعلق ٹرمپ انتظامیہ کے مطالبے کی تحریری مخالفت کر دی ہے۔ ان ممالک نے امریکی کوشش کی مخالفت یہ کہہ کر کی کہ یہ درست ہے کہ ماضی میں اقوام متحدہ نے ایران کے خلاف اس کے متنازعہ جوہری پروگرام کی وجہ سے پابندیاں لگائی تھیں۔ پھر عالمی طاقتوں کا ایران کے ساتھ جوہری معاہدہ طے پا گیا تو یہ پابندیاں اٹھا لی گئی تھیں۔

[pullquote]جرمنی میں کورونا وائرس کے دو ہزار نئے کیس[/pullquote]

جرمنی میں کورونا وائرس کے کیسوں میں واضح اضافہ نوٹ کیا جا رہا ہے۔ وبائی امراض پر نظر رکھنے والے ملکی ادارے رابرٹ کوخ انسٹیٹیوٹ نے بتایا کہ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا وائرس کے صرف ایک دن میں دو ہزار چونتیس نئے کیس ریکارڈ کیے گئے ہیں۔ یوں جرمنی میں مصدقہ کیسوں کی تعداد دو لاکھ بتیس ہزار ہو گئی ہے۔ نئی ہلاکتوں کی تعداد سات ہے جبکہ مجموعی ہلاکتیں نو ہزار دو سو سڑسٹھ ہو گئی ہیں۔

[pullquote]لوکاشینکو کو صدر تسلیم نہیں کیا جائے گا، تیخانوفسکایا[/pullquote]

بیلاروس کی اپوزیشن رہنما سَویتلانا تیخانوفسکایا نے کہا ہے کہ اگر ملک میں دوبارہ الیکشن منعقد کرائے جائیں گے تو وہ اس میں حصہ نہیں لیں گی۔ نو اگست کے متنازعہ صدارتی الیکشن میں وہ صدر الیکسانڈر لوکاشینکو کی اہم حریف تھیں۔ صدر لوکاشینکو کی کامیابی کے بعد تیخانوفسکایا ہمسایہ ملک لیتھوانیا چلی گئی تھیں۔ اس خاتون سیاستدان نے مزید کہا کہ بیلاروس کے عوام لوکاشینکو کو کبھی بھی صدر تسلیم کریں گے۔ انہوں نے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ اس روس نواز صدر کے خلاف اپنی سیاسی جدوجہد جاری رکھیں۔

[pullquote]نالوالنی کو ایئر ایمبولینس کے ذریعے برلن پہنچا دیا گیا[/pullquote]

روسی حکومت کے ناقد الیکسی ناوالنی کو علاج کے لیے ایک ایئر ایمبولینس کے ذریعے برلن پہنچا دیا گیا ہے۔ شبہ ہے کہ انہیں زہر دیا گیا ہے۔ روسی صدر پوٹن کے ناقد چوالیس سالہ ناوالنی شدید علالت کے باعث جمعرات کے دن اچانک کومے میں چلے گئے تھے۔ جمہوریت نواز ناوالنی کے ساتھیوں نے الزام عائد کیا ہے کہ صدر پوٹن نے انہیں زہر دلوایا ہے۔ تاہم روسی ڈاکٹروں کے مطابق طبی ٹیسٹوں کے مطابق ایسا امکان نہیں کہ انہیں زہر دیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ناوالنی کی حالت تشویش ناک ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے