[pullquote]امریکی پولیس کے ہاتھوں ایک اور سیاہ فام کی ہلاکت پر نئے سرے سے مظاہرے[/pullquote]
امریکی ریاست لوئزیانا میں پولیس کی طرف سے ایک سیاہ فام شہری کو گولی مار کر ہلاک کر دینے کے تازہ واقعے کے بعد کئی شہروں میں مظاہرے شروع ہو گئے۔ ریاست اوریگون کے شہر پورٹ لینڈ میں مظاہرین اور سکیورٹی اہلکاروں کے مابین تصادم بھی ہوا۔ مارے جانے والے ٹریفورڈ پیلیرین کی والدہ نے میڈٰیا کو بتایا کہ ان کا بیٹا ’ذہنی بے چینی کا شکار‘ تھا۔ تاہم پولیس کے مطابق وہ چاقو سے لیس ہو کر ایک اسٹور میں داخل ہونے کی کوشش میں تھا۔ رواں سال مئی میں سیاہ فام شہری جارج فلوئڈ کی پولیس آپریشن کے نتیجے میں ہلاکت کے بعد بھی شدید مظاہرے شروع ہو گئے تھے، جو نسل پرستی کے خلاف ایک علامت کے طور پر دنیا بھر میں پھیل گئے تھے۔
[pullquote]امریکی فوج نے تاجی بیس کا انتظام بھی عراقی فوج کے حوالے کر دیا[/pullquote]
عراق میں ’اسلامک اسٹیٹ‘ کے خلاف فعال امریکی اتحادی افواج نے اتوار کے دن تاجی فوجی اڈے کا کنٹرول ملکی فوج کے حوالے کر دیا۔ یہ فوجی اڈہ امریکا، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی افواج کے زیر استعمال تھا اور وہاں عراقی فوجیوں کو تربیت دی جاتی تھی۔ بغداد کے شمال میں واقع تاجی بیس ایسی آٹھویں فوجی تنصیب ہے، جو غیر ملکی افواج نے گزشتہ کچھ ماہ کے دوران مقامی افواج کے حوالے کی ہے۔ عراق میں امریکی افواج کی طرف سے کیے گئے ایک حملے میں ایک ایرانی جنرل کی ہلاکت کے بعد ملکی پارلیمان نے غیر ملکی افواج کے مکمل انخلا کی قرارداد منظور کی تھی۔
[pullquote]تباہ ہونے والے یوکرائنی طیارے کا کچھ ڈیٹا ڈی کوڈ کر لیا گیا، ایران[/pullquote]
ایران نے کہا ہے کہ اُس یوکرائنی مسافر بردار طیارے کے بلیک باکس کا کچھ ڈیٹا ڈی کوڈ کر لیا گیا ہے، جو ملکی فوج نے غلط فہمی میں مار گرایا تھا۔ اس سال جنوری میں رونما ہونے والے اس حادثے کے نتیجے میں جہاز میں سوار تمام 176 مسافر اور عملے کے ارکان مارے گئے تھے۔ بتایا گیا ہے کہ اس حادثے کی مکمل رپورٹ جلد ہی تیار کر لی جائے گی۔ ایران نے ابتدا میں اس جہاز کو مار گرانے سے انکار کیا تھا تاہم بعد ازاں تسلیم کر لیا تھا کہ اس طیارے کو غلط فہمی میں تباہ کیا گیا تھا۔
[pullquote]امریکا اور سوڈان کے باہمی تعلقات بہتر ہوتے ہوئے[/pullquote]
امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو آئندہ کچھ دنوں میں سوڈان کا دورہ کریں گے۔ سابق رہنما عمر البشیر کی معزولی کے بعد سے خرطوم کی کوشش ہے کہ وہ امریکا کے ساتھ اپنے تعلقات معمول پر لے آئے۔ پومپیو کے آئندہ دورے کو اس حوالے سے ایک اہم پش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ تاہم ان کے اس دورے کی تفصیلات عام نہیں کی گئیں۔ امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے مطابق آئندہ ہفتے کے شروع میں پومپیو اسرائیل اور متحدہ عرب امارات جائیں گے۔
[pullquote]امریکا میں پابندی کے خلاف عدالتی کارروائی کی جائے گی، ٹک ٹاک[/pullquote]
چینی ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک نے کہا ہے کہ وہ امریکا میں پابندی کے خلاف عدالتی کارروائی کرے گی۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے اس مقبول پلیٹ فارم کو ملکی سلامتی کے لیے ایک خطرہ قرار دیتے ہوئے اس پر پابندی عائد کرنے کا حکم نامہ جاری کیا تھا۔ چھ اگست کو جاری کردہ اس حکم نامے میں کہا گیا تھا کہ 45 دنوں کے اندر اندر اس چینی ایپ کو حاصل امریکا میں کام کرنے کی آزادی ختم کر دی جائے۔ دنیا کی دونوں بڑی اقتصادی طاقتوں کے مابین حالیہ کچھ عرصے سے کشیدگی میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
[pullquote]سعودی عسکری اتحاد نے حوثی باغیوں کا ڈرون مار گرایا[/pullquote]
سعودی عسکری اتحاد نے کہا ہے کہ یمن سے بھیجا گیا دھماکا خیز مواد سے لدا ہوا ایک ڈرون طیارہ تباہ کر دیا گیا ہے۔ دعویٰ کیا گیا ہے کہ اتوار کی صبح یہ حملہ یمن میں فعال ایران نواز حوثی باغیوں نے کیا۔ سعودی نیوز ایجنسی نے عسکری اتحاد کے ترجمان کرنل ترکی المالکی کے حوالے سے بتایا کہ یمنی باغیوں نے سعودی عرب پر حملہ کرنے کی کوشش کی تھی، جسے ناکام بنا دیا گیا۔ سعودی عسکری اتحاد یمن میں حوثی باغیوں کے خلاف کارروائیاں کر رہا ہے۔
[pullquote]بھارت میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد تیس لاکھ ہو گئی[/pullquote]
بھارت میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد تیس لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔ اتوار کے دن طبی ذرائع نے تصدیق کی کہ حالیہ دنوں کے دوران بھارت میں اس وائرس کا شکار ہونے والوں کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ نوٹ کیا گیا ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران اس جنوب ایشیائی ملک میں کووڈ انیس میں مبتلا ہونے والے افراد کی تعداد تقریباﹰ ستر ہزار رہی۔ بھارت میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد بھی چھپن ہزار سات سو سے زائد ہو گئی ہے۔ امریکا اور برازیل کے بعد بھارت اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا تیسرا بڑا ملک ہے۔
[pullquote]جرمنی میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد میں مزید اضافہ[/pullquote]
جرمنی میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے سات سو بیاسی نئے کیس رپورٹ کیے گئے۔ یوں اس ملک میں وبائی امراض پر نظر رکھنے والے ادارے رابرٹ کوخ انسٹیٹیوٹ کے مطابق مجموعی طور پر متاثرہ افراد کی تعداد دو لاکھ بتیس ہزار آٹھ سو سے زائد ہو گئی ہے۔ اتوار کے دن جاری کردہ تازہ اعداد و شمار کے مطابق جرمنی میں اس وبا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد اب نو ہزار دو سے انہتر بنتی ہے۔ عالمی سطح پر کووڈ انیس سے متاثرہ افراد کی تعداد تقریباﹰ 23.4 ملین ہے جبکہ آٹھ لاکھ نو ہزار کے قریب انسان ہلاک بھی ہو چکے ہیں۔
[pullquote]ملکی سلامتی کو خطرہ، بیلاروس کے صدر کا دعویٰ[/pullquote]
مغربی دفاعی اتحاد نیٹو نے بیلاروس کے صدر الیکسانڈر لوکاشینکو کا یہ دعویٰ مسترد کر دیا ہے کہ نیٹو کے فوجی بیلاروس کے ساتھ سرحد کے قریب جمع ہو رہے ہیں۔ نو اگست کے متنازعہ صدارتی الیکشن میں کامیاب ہونے والے لوکاشینکو نے الزام عائد کیا ہے کہ ’غیر ملکی قوتیں ملکی سرحدوں کے قریب اپنی طاقت جمع کر رہی ہیں‘۔ گزشتہ چھبیس برسوں سے اقتدار پر فائز لوکاشینکو نے اپنے ایک نشریاتی خطاب میں عوام سے کہا کہ انہوں نے ملکی فوج کو ہائی الرٹ کر دیا ہے۔ دوسری طرف دارالحکومت منسک میں صدر کے خلاف عوامی مظاہروں کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔
[pullquote]روسی صدر کے ناقد ناوالنی کی حالت مستحکم ہے، جرمن ڈاکٹرز[/pullquote]
برلن کے ایک ہسپتال میں زیر علاج روسی صدر پوٹن کے ناقد الیکسی ناوالنی کی حالت مستحکم ہے۔ مشتبہ طور پر زہر سے ایک حملے کا شکار ہونے والے اس روسی اپوزیشن رہنما کو گزشتہ روز روس سے ایک ایئر ایمبولینس کے ذریعے جرمن دارالحکومت میں واقع شاریٹے ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ ناوالنی کے ساتھیوں نے الزام عائد کیا ہے کہ صدر پوٹن نے انہیں زہر دلوایا ہے تاہم ماسکو حکومت نے ان الزامات کو مسترد کر دیا ہے۔ جرمن ڈاکٹروں کے مطابق چوالیس سالہ ناوالنی کے طبی ٹیسٹ کرنے کے بعد ہی علم ہو سکے گا کہ ان کی حالت اچانک کیوں بگڑ گئی تھی۔
[pullquote]امریکا میں ایک اور سیاہ فام شہری پولیس شوٹنگ میں ہلاک[/pullquote]
امریکی ریاست لوئزیانا میں پولیس نے ایک سیاہ فام شہری کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔ بتایا گیا ہے کہ چاقو سے مسلح یہ شخص ایک اسٹور میں داخل ہونے کی کوشش میں تھا۔ اس واقعے کو امریکا میں سیاہ فام باشندوں کے خلاف جان لیوا تشدد کا ایک نیا واقعہ قرار دیا جا رہا ہے۔ ہلاک ہونے والے ٹریفورڈ پیلیرین کی والدہ نے میڈٰیا کو بتایا کہ ان کا بیٹا ’ذہنی بے چینی کا شکار‘ تھا۔ اس افریقی نژاد امریکی شہری کی پولیس شوٹنگ کے نتیجے میں ہلاکت کے بعد مظاہرے بھی کیے گئے۔
[pullquote]چیمپئنز لیگ کا فائنل، جرمن کلب بائرن میونخ نئی تاریخ رقم کرنے کے لیے تیار[/pullquote]
یورپی فٹ بال کلب بائرن میونخ اور پی اس جی آج شب پرتگالی دارالحکومت لزبن میں چیمپئنز لیگ کے فائنل میں ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گے۔ جرمنی کے تاریخ ساز کلب بائرن میونخ کی ٹیم چھٹی مرتبہ اس ٹائٹل کے لیے میدان میں اترے گی اور اگر اسے کامیابی ملی تو وہ ایک نئی تاریخ رقم کر دے گی۔ اس سے قبل کوئی بھی کلب یہ ٹائٹل چھ مرتبہ اپنے نام نہیں کر سکا۔ اس ممکنہ جیت کے ساتھ وہ چیمپئنز لیگ کے مسلسل گیارہ میچ جیتنے والی واحد ٹیم بھی بن جائے گی۔