[pullquote]متحدہ عرب امارات اور اسرائيل کے مابین تعلقات کا باقاعدہ آغاز[/pullquote]
متحدہ عرب امارات کے صدر خليفہ بن زاید النہيان نے آج بروز ہفتہ ايک صدارتی حکم نامے پر دستخط کرتے ہوئے اسرائيل کے ساتھ تعلقات پر پابندی کو باضابطہ طور پر منسوخ کر ديا ہے۔ نتيجتاً اب ان دونوں ممالک کے درميان تجارت اور ديگر شعبوں ميں معاہدوں کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔ اکتيس اگست کو تل ابيب سے ابو ظہبی کے ليے اولين پرواز بھی اڑے گی، جس پر امريکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سينئر مشير جیئرڈ کشنر بھی سوار ہوں گے۔ کشنز کا سفارتی تعلقات کی بحالی سے متعلق تيرہ اگست کو حتمی شکل دی جانے والی اس ڈيل ميں کليدی کردار ہے۔ اسرائيل اور متحدہ عرب امارات جلد ہی سفارت خانوں کے قيام وغيرہ جيسے ديگر معاملات کو بھی حتمی شکل ديں گے۔
[pullquote]قرآن کو نذر آتش کيے جانے کے بعد سويڈن ميں پر تشدد مظاہرے[/pullquote]
يورپی ملک سويڈن کے شہر مالمو ميں انتہائی دائيں بازو کے ايک گروپ کے ارکان کی جانب سے مسلمانوں کی مقدس کتاب قرآن کو نذر آتش کيے جانے کے بعد فسادات پھوٹ پڑے ہيں۔ تقريباً تين سو افراد نے جمعے اور ہفتے کی درميانی شب ہونے والے احتجاج ميں حصہ ليا، جس دوران کئی تنصيبات کو آگ لگا دی گئی اور مشتعل مظاہرين نے پوليس پر پتھراؤ بھی کيا۔ يہ احتجاج جمعے کی سہ پہر تارکين وطن کے پس منظر والے افراد کے ايک محلے ميں پيش آنے والے اس واقعے کے بعد شروع ہوا، جس ميں قرآن کو نذر آتش کيا گيا اور اس کی ويڈيو آن لائن شيئر کی گئی۔ اس کارروائی پر تين افراد کو حراست ميں بھی ليا جا چکا ہے۔
[pullquote]کشمير ميں جھڑپيں، متعدد باغی ہلاک[/pullquote]
بھارت کے زير انتظام کشمير ميں سکيورٹی دستوں اور باغيوں کے مابين فائرنگ کے دو مختلف واقعات ميں سات مشتبہ باغی اور ايک فوجی ہلاک ہو گئے ہيں۔ بھارتی فوج کے ترجمان کرنل راجيش کاليا نے بتايا کہ پلوامہ ميں ہفتے کی صبح ہونے والی ايک جھڑپ ميں تين باغی اور ايک فوجی مارا گيا۔ جبکہ جمعے کو شوپياں ميں چار عليحدگی پسند باغيوں کو ہلاک کر ديا گيا اور ايک اور کو حراست ميں لے ليا گيا۔ بھارت کے زير انتظام کشمير ميں اس سال جنوری سے لے کر اب تک 180 مشتبہ عليحدگی پسندوں کو ہلاک کيا جا چکا ہے۔
[pullquote]يونان کے ساتھ کشيدگی کے تناظر ميں ترکی نے جنگی مشقيں شروع کر ديں[/pullquote]
مشرقی بحيرہ روم ميں حاليہ کشيدگی کے تناظر ميں آج ہفتے سے ترکی نے جنگی مشقيں شروع کر دی ہيں۔ يونان کے ساتھ کشيدگی کے تناظر ميں يہ مشقيں دو ہفتوں تک جاری رہيں گی۔ دونوں علاقائی ممالک ميں سرحد اور ديگر کئی امور پر اختلافات پائے جاتے ہيں جو ترکی کی جانب سے زير سمندر گيس کی تلاش سے متعلق حاليہ سرگرميوں کے نتيجے ميں مزيد بگڑ چکے ہيں۔ ترک وزارت دفاع کے مطابق جمعرات کو چھ يونانی لڑاکا طياروں کو روکا گيا، جو ايک ايسے علاقے کی جانب گامزن تھے جہاں ترک بحری جہاز موجود تھا۔
[pullquote]کورونا وائرس کی عالمی صورت حال، متاثرين 24.61 ملين سے زائد[/pullquote]
دنيا بھر ميں کورونا وائرس کے متاثرين کی تعداد 24.61 ملين سے زائد ہو گئی ہے۔ خبر رساں ادارے روئٹرز کے ہفتہ انتيس اگست کے اعداد و شمار کے مطابق اب تک 832,804 افراد اس مہلک مرض کی وجہ سے ہلاک بھی ہو چکے ہيں۔ گزشتہ برس کے اختتام پر چينی شہر ووہان سے پھيلنے والے اس وائرس کی دو سو دس ممالک اور خطوں ميں تشخيص ہو چکی ہے۔ متاثرين کے لحاظ سے امريکا سب سے زيادہ متاثرہ ملک ہے جبکہ برازيل دوسرے اور بھارت تيسرے نمبر پر ہے۔
[pullquote]کورونا وائرس سے متعلق پابنديوں کی مخالفت ميں برلن ميں بڑا احتجاج[/pullquote]
جرمن دارالحکومت برلن ميں آج بروز ہفتہ ايک بڑا احتجاج ہو رہا ہے۔ يہ احتجاج کورونا وائرس کے پھيلاؤ کو روکنے کے ليے نافذ کردہ پابنديوں کی مخالفت ميں کيا جا رہا ہے۔ اس ريلی پر پہلے پابندی عائد کر دی گئی تھی مگر عدالت نے مظاہرين کے حق ميں فيصلہ کيا، جس کے بعد آج کے مظاہرے ميں بائيس ہزار سے زائد افراد کی شرکت متوقع ہے۔ پوليس کے مطابق سماجی سطح پر فاصلہ برقرار رکھنے سے متعلق قوانين کے احترام کو يقينی بنانے کے ليے تين ہزار سے زائد پوليس اہلکار تعينات کيے جا رہے ہيں۔ جرمنی کی سولہ رياستوں کی حکومتوں نے ايک روز قبل ہی زيادہ سخت قوانين کی منظوری دی ہے۔
[pullquote]لبنان ميں تعينات امن دستوں ميں کٹوتی[/pullquote]
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے لبنان ميں تعينات امن دستوں ميں کٹوتی کی منظوری دے دی ہے۔ اس ضمن ميں گزشتہ روز متفقہ طور پر ايک قرارداد منظور کی لی گئی۔ امريکی دباؤ ميں فرانس کی جانب سے پيش کردہ اس قرارداد کے تحت امن دستوں کی تعداد پندرہ ہزار سے کم کر کے تيرہ ہزار کر دی جائے گی۔ قرارداد کے مسودے ميں لبنانی حکومت سے يہ مطالبہ بھی کيا گيا ہے کہ لبنان اور اسرائيل کے مابين سرنگوں کی تفتيش کے ليے اقوام متحدہ کے تفتيش کاروں کو مطلوبہ مقامات تک رسائی دی جائے۔ قرارداد کے مسودے ميں لبنان ميں سرگرم گروپ حزب اللہ کی سرگرميوں کے حوالے سے امريکی و اسرائيلی تحفظات کا بھی تذکرہ ہے۔
[pullquote]امن مشنز ميں خواتين کی شرکت بڑھانے کے ليے قرارداد منظور[/pullquote]
اقوام متحدہ کی سکيورٹی کونسل نے اپنے امن مشنز ميں عسکری اور سويلين پوزيشنوں کے ليے زيادہ خواتين کی تعيناتی کو يقينی بنانے کے ليے متفقہ طور پر ايک قرارداد منظور کر لی ہے۔ قرارداد کے مسودے ميں امن مشنز ميں خواتین کے کردار کو بھی سراہا گيا۔ اقوام متحدہ کے تمام 193 رکن ممالک پر زور ديا گيا ہے کہ وہ مشنز ميں صنفی مساوات کو يقينی بنائيں۔ اس وقت اقوام متحدہ کے مشنز ميں عورتوں کا تناسب صرف چھ فيصد ہے۔ پانچ سال قبل منظور کردہ ايک قرارداد کے تحت سن 2028 تک اقوام متحدہ کے تمام عسکری و امن مشنز ميں عورتوں کا تناسب پندرہ فيصد ہونا چاہيے۔
[pullquote]جاپانی وزير اعظم کے جانشين کا انتخاب ستمبر کے وسط ميں[/pullquote]
جاپان ميں حکمران جماعت آئندہ وزير اعظم پندرہ ستمبر کو چنے گی۔ اس بارے ميں اعلان ہفتے کی صبح کيا گيا۔ ايک روز قبل وزير اعظم شينزو آبے نے اپنی گرتی ہوئی صحت کے تناظر ميں وزير اعظم کے عہدے سے استعفی دے ديا تھا۔ قوی امکان کے کہ آبے کی لبرل ڈيموکريٹک پارٹی کے صدر آئندہ وزير اعظم منتخب ہو جائيں گے۔ شينزو آبے جاپان ميں سب سے طويل مدت تک وزارت عظمی کا منصب سنبھالنے والے سياستدان ہيں۔ دريں اثناء امريکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آبے کو زبردست خراج تحسين پيش کيا اور انہيں اپنا خاص دوست قرار ديا۔ دونوں کے مابين آج ٹيلی فون پر بات چيت بھی متوقع ہے۔
[pullquote]جنوبی امريکی رياستوں ميں تباہ کن سمندری طوفان[/pullquote]
امريکی رياستوں ٹيکساس اور لوئيزيانا ميں سمندری طوفان لورا کی وجہ سے کم از کم چودہ افراد ہلاک ہو گئے ہيں۔ لوئيزيانا کے گورنر جان بيل ايڈورڈز نے تصديق کی کہ کم از کم دس افراد کی موت ان کی رياست ميں ہوئی۔ علاوہ ازيں رياست ميں طوفان کی تباہ کارويوں کی وجہ سے ہزاروں مکانات کو بجلی کی ترسيل منقطع ہے۔ رياست ٹيکساس ميں طوفان لورا کا زور مقابلتاً کم رہا اور وہاں صرف چار افراد کی موت واقع ہوئی۔ امريکا کی ان جنوبی رياستوں ميں سمندری طوفان لورا جمعرات کی شب ٹکرايا تھا۔
[pullquote]’بليک پينتھر‘ چيڈوک بوزمين دنيا سے رخصت[/pullquote]
معروف امريکی فلم ’بليک پينتھر‘ ميں مرکزی کردار ادا کرنے والے فنکار چيڈوک بوزمين صرف تينتاليس برس کی عمر ميں انتقال کر گئے ہيں۔ وہ پچھلے چار برس سے آنتوں کے سرطان کا شکار تھے اور بالآخر کينسر کے خلاف اپنی جنگ ہار گئے۔ فيس بک پر تحرير کردہ پوسٹ کے مطابق بوزمين کو چار برس قبل اسٹيج تھری کا کينسر ہوا تھا جو علاج معالجے کے باوجود بگڑ کر چوتھی اسٹيج تک پہنچ گيا تھا۔ ان کے انتقال کی تصديق جمعے کو کی گئی۔ ہالی ووڈ کے ساتھی اداکاروں کی جانب سے چيڈوک بوزمين کو خراج عقيدت پيش کيے جانے کا سلسلہ جاری ہے۔